سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک کے حوالے سے کہا جا رہا ہے کہ آئندہ برس یعنی 2022ع تک وہ اپنی اسمارٹ واچ تیار کر لے گی
تفصیلات کے مطابق عالمی خبر رساں ادارے کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک نے اب ہارڈ ویئر کے میدان میں بھی قدم رکھ دیا ہے اور اس سلسلے میں اسمارٹ واچ لانچ کرنے کا فیصلہ کیا ہے
فیس بک کی اسمارٹ واچ کو مارکیٹ میں دستیاب دیگر اسمارٹ واچز کے مقابلے میں اس حوالے سبقت حاصل ہے کہ صارفین اس گھڑی کے ذریعے صحت اور فٹنس کے اداروں سے براہ راست منسلک ہو سکتے ہیں
علاوہ ازیں فیس بک پہلے ہی ورچوئل ریئلٹی ہیڈ سیٹ سمیت دیگر ڈیوائسز لانے کا اعلان کرچکی ہے، جو اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ فیس بک اب ہارڈ ویئر میں اپنے سفر کو آگے بڑھانے کے لیے تیار ہے
فیس بک کی اسمارٹ واچ اپنے حریفوں ایپل اور ہواووے کو سخت مقابلہ دینے کے لیے آئندہ برس سے مارکیٹ میں دستیاب ہوگی، جب کہ یہ موبائل سروس سے بھی منسلک رہے گی
دوسری جانب رائٹرز کی اس رپورٹ پر خود فیس بک کی جانب سے کسی قسم کا کوئی تبصرہ سامنے نہیں آیا ہے تاہم مارکیٹ میں پہلے ہی فیس بک اسمارٹ واچ پر بحث کی ابتدا ہو چکی ہے۔