اس ہفتے کی تمام تصاویر ہمیں گاجان گوٹھ گڈاپ سے ذوالفقار بلوچ نے ارسال کی ہیں. ذوالفقار ابھی نوجوان ہیں اور انہیں وائلڈ لائف فوٹوگرافی کا شوق ہے. ان تصاویر میں آپ ان کی صلاحیتوں کے رنگوں کے ساتھ گڈاپ کی فطری زندگی کی دھنک بھی ملاحظہ کر سکتے ہیں. گڈاپ کی سرزمین فطرت کے مناظر کا ایک ایسا حسین و جمیل خطہ ہے، جو انسانی ہوس کے باعث اس وقت تباہی کے دہانے پر کھڑا ہے. بلڈر مافیا، ریتی بجری مافیا اور صنعتی مافیا نے اس کی کوکھ کو اجاڑ کر رکھ دیا ہے. یہاں اب انسانی زندگی خطرات میں گھری ہوئی ہے اور جنگلی حیات معدومیت کے دہانے پر کھڑی ہے. یہ تصاویر ہم اس پیغام کے ساتھ شایع کر رہے ہیں کہ فطرت سے اگر آج ہم نے کھلواڑ بند نہ کیا تو کل ہماری حیثیت بھی فطرت کے ہاتھوں میں بے بس کھلونے سے زیادہ نہیں رہے گی. ہمیں ہر زی حیات کے حقِ زندگی کا احترام کرنا پڑے گا اور یہ سمجھنا ہوگا کہ ترقی محض کنکریٹ کے بڑے بڑے شہر کھڑے کرنے کا نام نہیں ہے، ایسے شہر جہاں سانس لینا بھی محال ہو.