شہرہء آفاق مصنف پاؤلو کوہلو کی بلوچستان کے نوجوانوں کے لئے مدد کے لیے اپیل

ویب ڈیسک

پرتگال سے تعلق رکھنے والے بین الاقوامی شہرت یافتہ مصنف پاؤلو کوہلو نے ایک ٹویٹ کے ذریعے  بلوچستان کے ایک دور افتادہ علاقے کے نوجوانوں کی مدد کی اپیل کی ہے

پاؤلو کوہلو کا شمار دنیا کے مشہور ترین ادیبوں میں ہوتا ہے اور ان کی کتاب "الکیمسٹ” کے کروڑوں نسخے فروخت ہو چکے ہیں

مصنف پاؤلو کوہلو نے اپنی اپیل میں لوگوں سے بلوچستان کے ایک پسماندہ علاقے میں واقع لائبریری کے لیے کتابیں بھیجنے کی درخواست کی ہے. انہوں نے اپنی ٹویٹ میں لکھا ہے کہ بلوچستان کے لیے کتابیں بھیجیں۔ وہ لوگ ریڈنگ روم بنا رہے ہیں. اس ٹویٹ کے بعد سوشل میڈیا پر اس لائبریری کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کے لئے بحث شروع ہو گئی ہے

تفصیلات کے مطابق مذکورہ لائبریری قائم کرنے لئے خضدار کی تحصیل وڈھ کے تین نوجوانوں نے تین برس قبل اپنا سفر شروع کیا اور اپنی مدد آپ کے تحت بالآخر تین سال کی کٹھن جدوجہد کے بعد اسے فعال کرنے میں کامیاب میں کامیاب ہوئے. اس دوران انہوں نے لائبریری کے قیام اور کتابوں کے حصول کے لئے ہر در کی خاک چھانی، لیکن انہیں سوائے آسروں اور تسلیوں کے کچھ نہیں ملا، جس کی وجہ سے لائبریری کا خواب بدستور ادھورا ہی رہا

لائبریری کے قیام کی جدجہد میں مصروف ان نوجوانوں کو پہلی کامیابی تب ملی، جب وڈھ کے اسسٹنٹ کمشنر محمد اقبال کھوسہ نے ان کی درخواست پر کھنڈر کا منظر پیش کرنے والی کچرے کباڑ سے بھری  ایک پرانی اور خستہ حال عمارت "وڈھ سٹوڈنٹس لائبریری” کے نام پر الاٹ کروائی، جو نشئیوں اور موالیوں کا اڈہ بنی ہوئی تھی

اس کے بعد ان نوجوان طلباء نے ایک بار پھر تعلیم دوست اور صاحبِ حیثیت لوگوں سے مدد کی اپیل کی. عمارت کی ٹوٹی پھوٹی چھت کو نوجوانوں نے دوبارہ سے اپنے ہاتھوں سے تعمیر کیا اور دو مہینوں کی  مسلسل اور کڑی محنت سے خستہ حال عمارت کو لائبریری کے قابل بنایا

وڈھ سٹوڈنٹس لائبریری کے طلبہ اس ادارے کو مکمل اور فعال کرنے میں کامیابی کے بعد ایک ایسا ہی الگ ادارہ لڑکیوں کے لیے بھی تعمیر کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں.

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close