اسلام آباد : وفاقی حکومت نے کراچی ایئرپورٹ کے قریب آئی ٹی پارک کے قیام کا فیصلہ کیا ہے جس کے لیے جنوبی کوریا بھی رقم فراہم کرے گا
وفاقی حکومت نے کراچی میں جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب آئی پارک کے قیام کا فیصلہ کیا ہے جس پر 31 ارب روپے لاگت آئے گی تاہم اس میں سے 85 فیصد فنانسنگ جنوبی کوریا کرے گا
ذرائع کے مطابق اس منصوبے میں سرمایہ کاری کے علاوہ جنوبی کوریا آئی ٹی پارک کے لیے تکنیکی معاونت بھی فراہم کرے گا۔ کراچی کے علاوہ وفاقی حکومت ملک کے دیگر شہروں میں بھی آئی ٹی پارکس کے قیام کا ارادہ رکھتی ہے جس کا مقصد ملک میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے کو ترقی دینا ہے جس کے نتیجے میں روزگار کے لاکھوں مواقع بھی پیدا ہوں گے
کراچی میں آئی ٹی پارک کے قیام پر 31 ارب روپے لاگت آئے گی جس میں سے 26 ارب روپے بطور بیرونی قرض کے لیے جائیں گے جبکہ دیگر 15 فیصد رقم وفاقی سرکاری ترقیاتی پروگرام کے بجٹ سے فراہم کی جائے گی۔ اس مجوزہ آئی ٹی پارک میں 210 کمپنیاں کام کریں گی اور تقریبا 8 ہزار 400 افراد کو روزگار فراہم ہوگا۔
ذرائع نے ایکسپریس کو بتایا کہ پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ اس منصوبے کا نگراں ہوگا اور اسے چھ سال کی مد میں مکمل کیا جائے گا.