ایک تصویر، ایک کہانی۔17

گل حسن کلمتی

یہ کہانی ہے اس تصویر میں نظر آنے والی لڑکی کی… جسے ہم سب پیار سے عینی بلاتے تھے. حبیب یونیورسٹی، کراچی میں لی گئی اس تصویر میں عینی کے ساتھ میں، ڈاکٹر حفیظ جمالی اور رمضان بلوچ ہیں.
ایک  دن ”لیاری کی ان کہی کہانی“ کے تخلیق کار رمضان بلوچ  نے فون کیا کہ ”عینی علی خان، آپ سے اور ڈاکٹر حفیظ جمالی سے ملنا چاھتی ہیں، وہ لیاری کے بلوچوں پر ریسرچ کر رہی ہیں“
22 دسمبر 2017 کو  ھم حبیب یونیورسٹی میں حفیظ جمالی کے آفیس میں ملے اور خوب کچہری رہی، کھانا بھی ساتھ کھایا.
مجھے یاد ہے جب دورانِ گفتگو عینی نے سوال کیا کہ
”مسان چوک کہاں ہے؟“
سب کا دھیان لیاری کے مسان روڈ کی طرف گیا، لیکن وہاں کوئی چوک نہیں.
عینی نے نقشہ ٹیبل پر دکھایا تو مجھے یاد آیا یہ تو بلاول چورنگی کلفٹن کی بات کر رھی ہیں..
میں نے عینی سے کہا کہ
”بلاول چورنگی کا پرانا نام مسان روڈ تھا.. یہ چورنگی، مسان چورنگی ھے“
عینی نے کہا ”تھینکس گاڈ.. میں نے پتا نہیں کتنے لوگوں سے پوچھا.. کسی کو پتا نہیں تھا، آج اس ملاقات نے یہ معمہ بھی حل کر دیا.“
وہ طبقاتی تفریق کے خلاف جدوجہد پر یقین رکھتی تھیں، کمیونسٹ مینیفیسٹو کی ابتدائی عبارت ”انسانی سماج کی تاریخ دراصل طبقاتی جدوجہد کی تاریخ ہے“  کو لے کر، وہ لیاری کے مزدور پیشہ بلوچ اور افریقی نژاد بلوچ پر تحقیق کر رہی تھیں.
22 دسمبر 2017ع کا یہ سفر 22 جولائی 2018ع کو تمام ہوا… جب یہ بری خبر ملی کہ عینی اب ہم میں نہیں رہی..
ان کی لاش ان کے کمرے سے ملی، یہ معمہ حل نہ ہو سکا..
تین برس گذر گئے ہیں، دل ان پرانی یادوں سے جدا نہیں ہوا. یہ یادیں تاریخ، تحقیق اور تہذیب کی یادیں ہیں، بس ہم ان تحریروں میں ان یادوں کو زندہ کرتے ہیں، تحقیق کٹھن کام ہے،
ہاں جاں کے زیاں کی ہم کو بھی تشویش ہے لیکن کیا کیجے،
ہر رہ جو ادھر کو جاتی ہے مقتل سے گزر کر جاتی ہے..
 عینی، لیاری کے بلوچوں اور  افریقی نژاد بلوچوں پر آپ کے  تحقیقی آرٹیکل کا شدت سے انتظار تھا لیکن اب یہ انتظار کبھی ختم نہیں ہو پائے گا.. جب یہ بری خبر ملی کہ آپ نے ھمیشہ کے لیئے ھم سب کو چھوڑ دیا ھے ، تب سے ایک عجیب بے یقینی کی سی کیفیت ہے.. یقین نہیں آرھا ہے کہ آپ ھمیں، اپنے تمام دوستوں کو ھمیشہ کے  لیئے چھوڑ کر چلی گئی ہیں.. ایسی دنیا میں جہاں سے کوئی واپس لوٹ کر نہیں آتا..
بس اب ان کی یادیں اور ھم ہیں.

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close