اسلام آباد : ایک طرف مون سون سیزن میں ملک بھر میں بارشوں میں جم کر آسمان سے پانی زمین کی طرف آ رہا ہے، تو دوسری طرف مہنگائی کے مون سون میں آٹے ، چینی اور گھی کی قیمتیں زمین سے اڑتی ہوئی آسمان سے باتیں کرنے لگی ہیں
حکومت نے یوٹیلیٹی اسٹورز پر آٹے، چینی اور گھی کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ کر دیا ہے۔ قیمتوں میں اضافے کے بعد بیس کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت قیمت 800 سے بڑھا کر ساڑھے 900 روپے کردی گئی ہے۔ آٹے کے دس کلو تھیلے کی قیمت میں 75 روپے اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد دس کلو والا تھیلا 400 روپے سے بڑھا کر 475 روپے فی کلو کر دیا گیا ہے
چینی پر فی کلو 17 روپے کا ہوش ربا اضافہ کیا گیا ہے ، جس کے بعد چینی کی فی کلو قیمت 68 روپے سے بڑھ کر 85 روپے ہوگئی ہے
جبکہ حکومت نے سبسڈائز گھی کی قیمت میں بھی 90 روپے فی کلو تک کا بڑا اضافہ کیا ہے جس کے بعد 170 روپے فی کلو والا گھی 260 روپے فی کلو کر دیا گیا
دوسری جانب عوام کا کہنا ہے کہ اس مہنگائی کے دور میں پہلے ہی دو وقت کی روٹی کا حصول بہت مشکل تھا اور حکومت نے مزید مہنگائی کرکے غریب عوام کی زندگی مزید مشکل بنا دی ہے.