ایک سمجھدار بلوچ

محمد حنیف (ترجمہ امر گل)

نوٹ: صحافی اور مصنف ساجد حسین 2020 میں سویڈن میں جلاوطنی کی زندگی گزار رہے تھے جب وہ لاپتہ ہو گئے۔ بعد میں ان کی لاش ایک دریا میں ملی۔ سویڈش پولیس نے اپنی تحقیقات اس نتیجے پر بند کی کہ موت ڈوبنے کی وجہ سے تھی۔ ان کے دوست معروف مصنف محمد حنیف انہیں ایک حال ہی میں دریافت شدہ مسودے پر رائے دینے کے لیے لکھتے ہیں، جس پر ساجد کام کر رہے تھے…

پیارے ساجد،
مجھے آپ کے زیرِ تکمیل ناول کا پہلا حصہ ملا ہے اور جیسا کہ میں نے برسوں پہلے وعدہ کیا تھا، میں آپ کو اپنی رائے دے رہا ہوں۔

اکثر جدوجہد کرنے والے ناول نگاروں کی طرح، آپ اس کام میں دیر کر چکے ہیں۔ مجھے یہ آپ کی موت کے چار سال بعد ملا۔ یہ مجھے ایک دوست، جس کے ساتھ آپ نے یہ شیئر کیا تھا، نے مجھے بھیجا ہے۔ ہم کبھی کبھی ناول لکھنے کے مسائل پر بات کرتے اور مذاق کرتے کہ زیادہ تر ناول تیسرے باب میں مر جاتے ہیں۔ آپ نے آخری موڑ تخلیق کیا: بجائے اس کے کہ آپ کا ناول تیسرے باب میں مر جاتا، آپ نے مصنف کو مار ڈالا۔

جیسا کہ ہم لکھاری جانتے ہیں، کبھی کبھی جملہ شروع کرنا آسان ہوتا ہے مگر اسے مکمل کرنا مشکل۔ جب میں کہتا ہوں کہ آپ نے مصنف کو مار ڈالا، مجھے نہیں پتا کہ میں حقیقت، افسانہ یا حتیٰ کہ عام سمجھ بوجھ کی بات کر رہا ہوں۔ ہم یہ بھی جانتے ہیں کہ یہ بری تحریری عادت ہے کہ کسی عزیز کے اس دنیا سے رخصت ہونے کا ذکر کرتے ہوئے فہرستیں بنانا شروع کر دی جائیں۔ مگر میں تمام ممکنات کی فہرست بناؤں گا، حالانکہ یہ سب ایک ہی نتیجے کی طرف لے جاتی ہیں: کہ آپ اب یہاں نہیں ہیں تاکہ یہ فیڈبیک لیں، اسے قبول کریں، رد کریں، یا صرف اس پر ہنسیں۔

الف. آپ سویڈن کے ایک شہر اپسالا میں ایک المناک حادثے کا شکار ہوئے، آپ گر کر ایک کم گہرے دریا فایرس میں ڈوب گئے۔

ب. آپ نے خود کو آزاد کر لیا، جیسا کہ آج کل کے نوجوان کہتے ہیں۔ آپ نے خود کو اپنی ہی زندگی کی کہانی سے باہر نکال لیا، سویڈن کے ایک ٹھنڈے دریا میں ڈوب کر۔

ج. آپ کو اغوا کیا گیا، غائب اور قتل کر دیا گیا ان ہی قوتوں نے جن سے آپ بھاگے تھے، کیونکہ آپ کو معقول شک تھا کہ ایک دن یہ لوگ آپ کو مار ڈالیں گے۔ کیونکہ انہوں نے آپ کے چچا اور پھر ان کے بیٹے اور بہت سے دوسرے لوگوں کو، جنہیں آپ جانتے تھے، ہم جانتے تھے، اور مزید بہت سے جنہیں ہم نہیں جانتے تھے، اغوا کیا اور قتل کیا۔

شروع میں، ہمارے کچھ دوستوں نے آپ کی موت کو ایک قتل کے معمے کے طور پر لینے کی کوشش کی، لیکن یہاں اتنی زبردست حیرت اور اتنا زبردست غم تھا کہ ہم آپ کے جانے کے حالات پر قیاس آرائی نہیں کریں گے، اور اس کہانی پر بات کریں گے جو آپ بتانے کی کوشش کر رہے تھے، اور وہ کہانی جو آپ جی رہے تھے۔

جیسا کہ میں نے وعدہ کیا تھا، میں آپ کو کچھ تعمیری رائے دوں گا، اگرچہ آپ پلٹ کر یہ کہہ سکتے ہیں کہ یہ کچھ دیر سے ہے، کہ اب آپ کو اس کی ضرورت نہیں رہی، کیونکہ آپ وہاں آسمان میں، اللہ سائیں کو ہماری زندگیوں کی بڑی بری کتاب کے بارے میں اپنی رائے دے رہے ہیں۔

دوستوں میں، جب ہم مذاق کرتے کہ آپ سب سے سمجھدار نوجوان بلوچ ہیں، تو ہم واقعی مذاق نہیں کرتے تھے۔ آپ کی زندگی کا ایک واضح مشن تھا: آپ ایک لاپتہ شخص نہیں بننا چاہتے تھے۔ آپ بضد تھے کہ آپ اغوا، تشدد اور پھر سڑک کنارے پھینکی گئی لاش نہیں بننا چاہتے۔

آپ کے پاس خوفزدہ ہونے کی وجوہات تھیں۔ آپ کے بہت سے دوست اور رشتہ دار لاپتہ ہو گئے تھے، کبھی کبھار برسوں کے لیے، اور پھر لاشوں کی صورت میں واپس آئے، ان کی بوسیدہ کپڑوں کی جیبوں میں ان کے نام کی پرچی کے ساتھ۔۔ ان کو اذیت دینے والے اور قاتل اتنے انسانیت پسند تھے کہ چاہتے تھے کہ یہ لاشیں ان کے خاندانوں کو واپس کی جائیں۔ سڑک کنارے پھینکی گئی لاش رحم کا عمل تھا، غم منانے اور آگے بڑھنے کی اجازت۔ ”لاپتہ لوگ مجھے مُردوں سے زیادہ تنگ کرتے ہیں،“ آپ اکثر کہا کرتے۔

کبھی کبھار، ایسا لگتا کہ آپ واقعی اغوا اور ایک تاریک کوٹھڑی میں ڈالے جانے کے امکان سے نہیں ڈرتے تھے، بلکہ اس ساری بات کی بے مقصدیت سے محتاط تھے۔ بلوچ جدوجہد آپ کے اغوا سے کیسے بہرہ مند ہوگی؟ ایک غریب بلوچ کی زندگی میں کیسے بہتری آئے گی اگر آپ انہیں آپ کی لاش کو سگریٹ سے جلانے دیں، جیسے کہ وہ لاپتہ لوگوں کے ساتھ کرتے تھے؟ اور، یقیناً، آپ جانتے تھے کہ اگر آپ ایک لاپتہ شخص بن گئے تو آپ کے اغوا کنندگان آپ کو پڑھنے کے لیے کتابیں یا اپنے ناول کے نوٹس لکھنے کے لیے نوٹ بک نہیں دیں گے۔

آپ نے وہ سب سے سمجھدار کام کیا جو کوئی بھی نوجوان بلوچ کرتا، جب پہلی مشکل کے آثار نمودار ہوئے: آپ نے بغیر کسی تفصیلی الوداعی ملاقات کے جلدی سے سوٹ کیس میں سامان ڈال کر ملک چھوڑ دیا۔ جلاوطنی میں زندہ رہنا، وطن کی یاد اور افسردہ رہنا ظاہر ہے اپنے ہی ملک میں لاپتہ بننے سے بہتر انتخاب تھا۔

لاپتہ نہ بننا آپ کی زندگی کا پہلا مشن تھا۔ دوسرا یہ تھا کہ آپ ایک ناول لکھنا چاہتے تھے۔ ہم میں سے بہت سے صحافی یہ خواہش رکھتے ہیں کہ ایک دن ہم ایک کتاب لکھیں گے۔ آپ کو یقین نہیں تھا کہ کون سا ناول، لیکن جب بھی ہم بات کرتے تو آپ کہتے کہ آپ اس پر کام کر رہے ہیں، کہ یہ مشکل ہے لیکن آہستہ آہستہ ہو رہا ہے۔ جب میں نے ناولوں کے تیسرے باب میں ختم ہونے کے بارے میں مذاق دہرایا، تو آپ نے کہا کہ آپ ابھی اس جگہ پر نہیں پہنچے، اس لیے آپ محفوظ ہیں۔

چار سال بعد آپ کی موت (ابھی تک یقین نہیں کہ اسے حادثہ، خودکشی یا گمشدگی اور قتل کہوں، تو بس ‘موت’ کہنے پر اکتفا کرتے ہیں) مجھے آپ کے نامعلوم ناول کے ابتدائی ابواب موصول ہوئے۔ آپ نے اسے اپنے ایک دوست کو ای میل کیا تھا ایک نوٹ کے ساتھ کہ اگر آپ کو کچھ ہو جائے تو وہ یہ ابواب آپ کی بیٹی کے ساتھ شیئر کرے۔

لیکن یار ساجد، آپ ایک بہت سمجھدار نوجوان تھے اور آپ نے یقینی بنایا تھا کہ آپ کو کچھ نہیں ہوگا۔ آپ نے یقین دلایا تھا کہ آپ لاپتہ نہیں ہوں گے۔ کہ آپ کی مسخ شدہ لاش سڑک کنارے نہیں ملے گی۔ آپ اپنے پیارے بلوچستان سے بہت، بہت دور چلے گئے تھے، جہاں یہ سب ہوتا تھا اور اب بھی ہوتا ہے۔

آپ یہاں مجھے روک سکتے ہیں اور کہہ سکتے ہیں، ’میری زندگی اور موت کے بارے میں بات کرنا چھوڑو اور اپنی رائے تک محدود رہو۔‘ لیکن آپ کے پسندیدہ مصنفین میں سے ایک، ولادیمیر لینن نے کہا تھا، ’کیا کیا جائے؟‘ آپ کا ناول نامکمل ہے، آپ کی زندگی کی کتاب پر ’دی اینڈ‘ لکھا ہوا ہے۔

رائے کے لیے، پہلی بات یہ کہنا چاہتا ہوں کہ، اگر آپ نے اپنے آخری دنوں کو اپنے ناول میں لکھا ہوتا، تو کوئی قاری، کوئی ایڈیٹر اس پر یقین نہیں کرتا۔ آپ لاپتہ ہونا نہیں چاہتے تھے۔ آپ لاپتہ ہوگئے۔ سویڈن میں، جہاں یہ سب ہونا بھی مشکل ہے۔ آپ کا انجام ایک مسخ شدہ لاش کی صورت میں نہیں ہونا چاہیے تھا۔ آپ ایک کم گہرے دریا میں پچاس دن بعد ملے۔ ہمیں آپ کے چہرے کی آخری جھلک کبھی نہ ملی۔ میں لکھ رہا ہوں اس چہرے کو یاد کرنے کے لیے جو ابھی غائب نہیں ہوا، سنجیدہ مگر نصف مسکراہٹ کے قریب، چمکتی آنکھیں، جسے یورپ کے ایک غیر واضح دریا کے پانی کے بوجھ سے ابھی مٹنا نہیں تھا۔

پاکستان چھوڑنے سے پہلے آپ زیادہ تر ہم جیسے ہی تھے، اہم فرق صرف یہ تھا کہ آپ بلوچ تھے۔ آپ کا کیریئر کا راستہ بہت سے بلوچ نوجوانوں کی طرح تھا۔ آپ طالب علم کی حیثیت سے قومی سیاست میں شامل ہوئے، بی ایس او-آزاد میں شامل ہوئے، کچھ وقت کے لیے اس کے انفارمیشن سیکریٹری بنے، اور ایک میگزین شروع کیا۔

آپ قومی حلقوں میں بے میل تھے، کیونکہ آپ اندھی تقلید سے انکار کرتے تھے، آپ ہر چیز پر سوال کرتے تھے۔ قیادت کبھی کبھار آپ کو ایک ’پانچواں کالم نگار‘ کہتی جب آپ ان سے کھلے عام اختلاف کرتے تھے۔ بلوچ عسکریت پسندی پر، آپ اکثر اپنے ساتھیوں کو ناراض کرتے تھے جب آپ کہتے، ’یہ غریبوں کے بچے مروائیں گے۔‘

پھر آپ نے سیاست سے خود کو الگ کیا اور صحافی بن گئے، پہلے دی نیوز میں اسسٹنٹ ایڈیٹر اور رپورٹر کی حیثیت سے اور پھر بین الاقوامی وائر ایجنسی رائٹرز کے ساتھ۔ آپ ان بلوچ لوگوں کی ایک نایاب نسل میں سے تھے جو، اگر تعلیم یافتہ اور سچ بولنے کی کسی قسم کی مجبوری رکھتے ہوں، تو ان کے اغوا ہوکر سالوں تک لاپتہ ہونے اور ان کی لاش سڑک کے کنارے ملنے کا امکان رہتا ہے۔

آپ نے ان کہانیوں کو جیا تھا۔ آپ نے ان کہانیوں کو کور کیا تھا اور آپ اس بات پُر عزم تھے کہ آپ خود ایسی کہانی نہیں بنیں گے۔ آپ بلوچستان کے بارے میں اپنا علم بانٹنے میں فراخ دل تھے۔ آپ کے اندر کوئی بڑا جذبہ نہیں تھا، کوئی تلخی نہیں تھی، آپ کے پاس ٹھوس حقائق اور سرد تجزیہ تھا۔

جب آپ رپورٹر بنے، تو آپ نے اپنی قومی سیاست کو نیوز روم سے باہر چھوڑ دیا اور ہمیں کبھی کبھار کسی خصوصی خبر سے حیران کر دیا۔ مجھے وہ کراچی کی صبح یاد ہے جب ہم نے آپ کے نام کے ساتھ فرنٹ پیج پر ایک زبردست کہانی دیکھی۔ گوادر کے ڈپٹی کمشنر عبد الرحمٰن دشتی ایک دوست کے گھر کھانے پر جاتے ہیں۔ ایک بحث ہوتی ہے، میزبان ڈپٹی کمشنر کو گولی مارتا ہے، آرام سے چلا جاتا ہے اور ہوا میں غائب ہو جاتا ہے۔

آپ نے اس شخص کا نام امام بھیل بتایا، ایک منشیات کا بادشاہ جس کا نام امریکی ایف بی آئی کی ’موسٹ وانٹڈ‘ فہرست میں شامل تھا۔ آپ نے اس کہانی کو بالکل صاف اور سادہ طریقے سے بیان کیا۔ دو پرانے دوست۔ ایک کھانا۔ ایک گولی۔ اور یہاں اس آدمی کا نام ہے جسے پکڑا نہیں جا سکتا۔ اس وقت، زیادہ تر صحافی امام بھیل کے بارے میں نہیں جانتے تھے۔ قارئین گوگل کر سکتے ہیں اور جان سکتے ہیں کہ بھیل کون ہے کیونکہ یہ واقعی اس کی کہانی نہیں ہے۔ یہ آپ کی کہانی ہے۔

آپ میں صحافیوں والی وہ دوسری نایاب بیماری بھی تھی۔ آپ کو کتابوں کا شوق تھا، آپ ان نایاب صحافیوں میں سے تھے جو اپنے نیوز روم کے وقفے کے دوران کتابوں پر جھکے ہوئے ملتے ہیں۔ گفتگو میں، آپ فرانز کافکا اور فرانز فینون اور بہت سے بلوچ مصنفین کا حوالہ دیتے تھے جن کے بارے میں ہم نے کبھی نہیں سنا تھا۔

بہت بعد میں، آپ نے جلاوطنی کے دوران ایک مضمون میں لکھا کہ آپ نے زیادہ چائے پینی شروع کی تاکہ آپ کو السر ہو جائے، کیونکہ آپ نے کہیں پڑھا تھا کہ کافکا کو السر تھا۔ آپ جلاوطنی کا شوق رکھتے تھے کیونکہ آپ کے ادبی ہیرو گیبریل گارشیا مارکیز بھی جلاوطن ہوئے تھے۔ لیکن آپ واقعی جلاوطنی نہیں چاہتے تھے، آپ جلاوطنی کے خواب دیکھنے میں خوش تھے۔ پھر وہ آپ کو ڈھونڈنے آئے۔ اور آپ نے ہچکچاہٹ نہیں کی۔ جیسے ہم مذاق کرتے تھے، آپ نے یہ فلم بہت بار دیکھی تھی۔ آپ چلے گئے۔

عمان، یو اے ای اور یوگنڈا میں جلاوطنی کے سالوں کو یاد کرنے کا کوئی فائدہ نہیں، جہاں آپ نے کچھ عرصے کے لیے ایک ٹرکنگ کمپنی کے لیے کام کیا۔ آپ نے کہا تھا کہ یہ ایک اچھا کام ہے ایک مصنف کے لیے: ٹرک گننے اور ان کے ٹائروں کی جانچ کرتے کرتے آپ پڑھ بھی سکتے ہیں اور لکھ بھی سکتے ہیں۔

ایک دن آپ نے فون کیا اور عاصمہ جہانگیر کا نمبر مانگا۔ آپ کے قریب ایک شخص کو اغوا کر لیا گیا تھا۔ میں حیران تھا کہ آپ کے پاس عاصمہ جہانگیر کا نمبر نہیں ہے، کیونکہ وہ لاپتہ افراد کے خاندانوں کی پہلی منزل ہوتی تھیں۔ آپ نے کہا کہ آپ لاپتہ افراد کے پیچھے بھاگنے میں دلچسپی نہیں رکھتے اور آپ بلوچی زبان پڑھنا اور پڑھانا چاہتے ہیں۔

آخرکار آپ کے جلاوطنی کے خواب پورے ہوگئے۔ آپ کو سویڈن میں پناہ ملی، بلوچی زبان پر ماسٹرز کی ڈگری شروع کرنے والے تھے، بلوچی ڈکشنری کے ڈائریکٹر کے طور پر ایک ضمنی نوکری ملی، اور آپ کی بیوی اور بچوں کے ساتھ ملنے میں بس چند مہینے رہ گئے تھے۔

اور پھر آپ غائب ہوگئے۔۔

آپ مانیں گے کہ زیادہ تر مصنفین ایسا موڑ نکالنے کی کوشش نہیں کر سکتے اور بچ کر نکل سکتے ہیں۔

آپ کی زندگی کا ایک مقصد تھا، کہ آپ خود کو لاپتہ نہ ہونے دیں۔ اور اب آپ سویڈن کے لاپتہ افراد کی فہرست میں شامل تھے۔ لوگ سویڈن میں کیسے غائب ہوتے ہیں؟ اپنی مرضی سے، ہمیں پتہ چلا۔ لوگ اپنی زندگیوں سے بور ہو کر، اپنے فون اور کریڈٹ کارڈ پھینک کر پہاڑوں میں غائب ہو جاتے ہیں۔

اگر آپ پاکستان میں لاپتہ ہوئے ہوتے، تو ہمیں پتہ ہوتا کہ کہاں دیکھنا ہے۔ ہمیں آپ نہ ملتے، لیکن ہم آپ کی تصویروں کے ساتھ پینا فلیکسز بناتے، عدالتوں میں درخواستیں دائر کرتے، دوستوں اور خاندان کا ایک گروپ پریس کلب کے باہر جمع ہوتا، شمعیں جلتیں، پریس بیانات ہوتے، احتجاج ہوتے۔ لیکن جب کوئی سویڈن میں لاپتہ ہو جائے تو ہم کیا کریں؟

ہم نے دعا کی اور فہرستیں بنائیں۔ یہ ممکنہ صورتحال کی ایک فہرست ہے جو آپ کے غائب ہونے کے بعد ہم نے ترتیب دی:

1. ساجد کو محبت ہو گئی ہے اور وہ کسی کے ساتھ بھاگ گیا ہے، اپنی ماضی کی زندگی پیچھے چھوڑ کر۔۔

2. ساجد ایک پیچیدہ مذاق کر رہا ہے، ہمیں لاپتہ افراد کے دوستوں اور خاندان والوں کی کیفیت کا احساس دلانے کے لیے۔ چونکہ ہم ان کی مشکلات سے بے حس ہو گئے ہیں، وہ ہمیں ایک بار پھر یاد دلانا چاہتا ہے کہ لاپتہ افراد مُردوں سے زیادہ پریشان کن ہیں۔

3. ایک پریشان مصنف کی طرح، جسے پورے وقت کا طالب علم اور گھریلو شخص ہونے کے باعث لکھنے کا وقت نہیں مل رہا تھا، ساجد نے پہاڑوں میں ایک کاٹیج لیا ہے اور فیصلہ کیا ہے کہ وہ نیچے نہیں آئے گا، جب تک کہ پہلا مسودہ مکمل نہ ہو جائے۔

پچاس دن بعد ہماری دعاؤں اور امید بھری قیاس آرائیوں کے بعد، جب آپ کی لاش ملی، ہمارے پاس حیرت اور آنسوؤں کے سوا کچھ نہیں تھا۔ آپ کے خاندان اور دوست غم میں پاکستان کے ذمہ دار شہری بنے رہے — انہوں نے ایک بار بھی پاکستان کے اسٹیبلشمنٹ پر الزام نہیں لگایا۔ آپ کے کچھ دوستوں نے قیاس آرائیاں کیں، لیکن خاندان سے درخواست کی گئی اور انہوں نے تحریری طور پر دیا کہ ان کی صرف یہ خواہش تھی کہ ان کا بیٹا واپس آئے اور اپنے گاؤں میں دفن کیا جائے۔

آپ کو شاید یہ معلوم نہیں تھا، ہمیں تو بالکل معلوم نہیں تھا، کہ آپ اتنے اہم تھے کہ آپ کے خاندان کو آپ کی لاش واپس لانے سے پہلے سیکیورٹی کلیئرنس درکار ہوگی۔ وعدے دیے گئے، اچھے شہری ہونے کے طور پر اچھے ریکارڈ پیش کیے گئے لیکن، پورا ایک مہینہ، آپ کو واپس آنے کی اجازت نہیں ملی۔

ہم نے کبھی بھی اتنا بے بس محسوس نہیں کیا، جتنا اُس وقت جب ہم نے آپ کی لاش سویڈن کے ایک ایئرپورٹ پر سرد خانہ میں رکھی اور اسلام آباد میں کسی سے کاغذ پر دستخط کرنے کا انتظار کیا۔ پہلے، آپ 50 دن تک ایک پانی میں ڈوبی ہوئی قبر میں تھے اور پھر ایک عارضی مردہ خانہ میں ایک مہینے سے زیادہ وقت تک رہے۔ کراچی کی جھلسا دینے والی گرمی میں، ہم شرم سے کانپ رہے تھے کہ ہمارا ہی ایک ساتھی ایئرپورٹ کے سرد خانہ میں پڑا ہوا ہے۔

جیسا کہ ہم نے پہلے ہی طے کیا تھا، آپ ایک سمجھدار انسان تھے۔ آپ ہماری شرمندگی پر ہنس پڑتے: ’اب میں مر چکا ہوں تو ایئرپورٹ کے سرد خانہ میں درجہ حرارت سے کیا فرق ڈالتا ہے؟ کتنے دن گزر گئے ہیں، اس سے کیا فرق پڑتا ہے؟‘

کبھی کبھار، جب ایک ناول تیسرے باب کی موت کو زندہ رکھنے میں کامیاب ہو جاتا ہے، تو مصنفین فلیش بیکس استعمال کرتے ہیں، جو کہ ایک تجویز کردہ طریقہ نہیں ہے، لیکن آپ، ساجد، نے ہمیں زیادہ انتخاب کا موقع نہیں دیا۔ آپ کی زندگی ایک طویل فلیش بیک ہے۔

اس سے پہلے کہ آپ اسٹاک ہوم ارلینڈا ایئرپورٹ کے سرد خانہ میں ایک پھنسے ہوئے جسم کے طور پر موجود ہوتے، آپ نے دوسرے بلوچوں کے جسموں پر رپورٹنگ کی تھی، ان کے سفر پر۔ ان کہانیوں میں سے ایک حاجی رزاق سربازی کے بارے میں تھی۔ آپ نے اس کا نام ’ایک مردہ جسم کی ارتقاء‘ رکھا تھا۔ آپ کی طرح، میری طرح، سربازی بھی ایک صحافی تھا جو کتابیں لکھنا چاہتا تھا۔ وہ بلوچ روزنامہ ’توار‘ میں کام کرتا تھا اور ایک دن اغوا کر لیا گیا۔

یہ لاپتہ افراد کے خاندانوں کے لیے اچھا وقت تھا کیونکہ انہیں پریس کلبوں، کراچی آرٹس کونسل اور کبھی کبھار ادب فیسٹیولز میں بولنے کی اجازت دی گئی تھی۔ کراچی آرٹس کونسل میں لاپتہ افراد کے خاندانوں کی جانب سے ایک سیمینار ہو رہا تھا۔ رزاق کے خاندان کی پانچ یا چھ خواتین، جن میں دو نوجوان لڑکیاں بھی شامل تھیں، ہال کے باہر کھڑی تھیں، ہاتھ میں سمیٹے ہوئے بینرز لیے ہوئے۔ وہ لاپتہ شخص کے خاندان کے طور پر نئے تھے، مگر انہوں نے جلد ہی سیکھ لیا تھا۔ انہوں نے رزاق کی تصویر والے پینا فلیکس بنوائے تھے، مگر وہ نہیں جانتے تھے کہ ان کے ساتھ کیا کرنا ہے — انہیں کیسے لگانا ہے، کیسے کھولنا ہے۔

انہوں نے کراچی پریس کلب کا دورہ کیا، جو تمام لاپتہ افراد کے خاندانوں کا گھر ہوتا ہے، اور کسی نے انہیں اس سیمینار کی طرف بھیجا تھا۔ انہیں اندر مدعو کیا گیا۔ وہ بیٹھے اور کچھ دیر تک سنا۔ پھر وہ اٹھے اور کہا کہ یہ سب آپ کے لیے بہت اچھا ہے کہ سیمینار ہو رہے ہیں، مگر رزاق تین دن سے غائب ہے۔ وہ شاید وہی سوچ رہے تھے جو لاپتہ افراد کے خاندان پہلے چند دنوں میں سوچتے ہیں: کہ ان کا آدمی لاپتہ نہیں ہے۔

”رزاق بس کام پر گیا تھا اور واپس نہیں آیا، ضرور کوئی غلط فہمی ہوئی ہے، کیا ہم یہ ساری بحث روک کر کچھ کر سکتے ہیں تاکہ اُسے واپس لایا جا سکے؟“ ان کی بہن ہال میں بیٹھے لوگوں پر چلائی۔

حیرت کی بات یہ ہے کہ رزاق کو واپس آنے میں زیادہ وقت نہیں لگا۔ تین ماہ بعد، ایک جسم سورجانی ٹاؤن کے قریب ایک نالے میں ملا۔ خاندان سے رابطہ کیا گیا، خاندان نے لاش دیکھی اور اعلان کیا کہ یہ وہ نہیں ہے۔ اس کا چہرہ اتنا مسخ ہو چکا تھا کہ وہ اسے پہچان نہیں سکے۔ جب آپ نے یہ کہانی رائٹرز کے لیے رپورٹ کی، تو آپ نے خاندان سے رابطہ کیا اور سکون محسوس کیا کہ یہ ہمارے ساتھی رزاق نہیں تھے۔

کہانی پر واپس آتے ہوئے، آپ کو یاد آیا کہ آپ نے ایک شام ان کے ساتھ گزاری تھی، جب وہ آپ کو اپنا بلوچی ترجمہ ’ارتقاء انسان کا‘ پڑھ کر سنا رہے تھے، کیونکہ رزاق نے پیچیدہ انسانیت سے متعلق اصطلاحات کے لیے اپنے بلوچی اظہاریے خود ایجاد کیے تھے۔

ایک دن آپ کسی کے خراب ترجمے پر ہنس رہے ہوتے ہیں، لیاری کے کمرے میں دھوئیں میں گُھٹ گُھٹ کر سانس لے رہے ہوتے ہیں، اور دوسرے دن آپ ان کے خاندان کو فون کر رہے ہوتے ہیں، یہ چیک کرنے کے لیے کہ آیا انہوں نے اس کی لاش کی شناخت کی ہے۔ کنفیوژن تھی کیونکہ دو حاجی عبد الرزاق لاپتہ تھے۔ آخرکار، رزاق کے خاندان نے اس کی لاش کی شناخت اس کے جسم پر بچے ہوئے چند کپڑوں سے کی۔ یہ وہ بات تھی جو آپ نے ’ایک مردہ جسم کی ارتقاء‘ میں لکھی:

”لیکن میں اب بھی سمجھتا ہوں کہ رزاق کی بہن اور خاندان کو اپنے شک کا سامنا ضرور ہوا ہوگا کہ وہ جسم جو انہوں نے دفن کیا، وہ واقعی حاجی عبد الرزاق سربازی کا تھا یا حاجی عبدالرازق مری کا۔“ آپ نے کہا تھا کہ جنہوں نے انہیں اغوا کیا ”اتنی مہربانی کرتے ہیں کہ وہ پھینکے گئے جسموں پر ایک نوٹ چھوڑ دیتے ہیں جس پر مقتول کا نام لکھا ہوتا ہے، تاکہ رشتہ دار اپنے پیاروں کی شناخت کر سکیں اور ان کو تلاش کرنا بند کر سکیں۔ یہ مہربانی کئی سالوں تک کام آئی۔“ لیکن اب جب ایک ہی نام کے کئی افراد لاپتہ ہیں، ”اغواکاروں کو مقتول کی تصویر بھی ساتھ میں چھوڑنی چاہیے، اس نوٹ کے ساتھ جس پر نام لکھا ہو۔“

یہ حیرت کی بات نہیں ہے کہ آپ کا ناول بلوچستان میں سیٹ کیا گیا ہے۔ جیسا کہ کہتے ہیں، آپ بچے کو بلوچستان سے باہر لے جا سکتے ہیں لیکن…

آپ کے ناول کی ابتدا میں، تربت کے ایک ہسپتال میں، ایک غصے سے بھرا ہجوم جمع ہو رہا ہوتا ہے، لاپتہ اور پھینکے گئے جسموں کی شناخت کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس) جو ریٹائر ہونے والے تھے، ایک کاروباری منصوبہ بنا رہے ہوتے ہیں تاکہ ایک برف کی فیکٹری لگائی جا سکے، تاکہ ہسپتال کے اوور فلو مردہ خانہ کو برف فراہم کی جا سکے۔ ہسپتال کے دوسرے کارکن اپنے کاروباری منصوبے بنا رہے ہیں تاکہ ہسپتال کی ایمبولینسوں کو مردوں کے لیے ٹیکسیوں کے طور پر استعمال کیا جا سکے اور گدھے خریدے جا سکیں۔ شاید آپ کو اس ناول کا مزید حصہ لکھنے کی ضرورت نہیں تھی کیونکہ زیادہ کچھ تبدیل نہیں ہوا۔

ہسپتال کے اندر، مسخ شدہ جسم اور کاروباری منصوبے۔۔ باہر، ایک غصے سے بھرا ہجوم جو اپنے مُردوں کو کچھ وقار کے ساتھ واپس چاہتا ہے۔ کاش ہم جان پاتے کہ یہ خوفناک، افسوسناک کہانی کس طرح ختم ہوگی۔ کاش آپ، جو مہلک موڑ کے ماہر تھے، اس کہانی کو خوشی کے اختتام تک پہنچانے کے لیے موجود ہوتے۔

بشکریہ ڈان نیوز۔
(نوٹ: کسی بھی بلاگ، کالم یا تبصرے میں پیش کی گئی رائے مصنف/ مصنفہ/ تبصرہ نگار کی ذاتی رائے ہوتی ہے، جس سے سنگت میگ کا متفق ہونا ضروری نہیں۔)

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close