Skip to content
  • https://www.facebook.com/
  • https://twitter.com/
  • https://t.me/
  • https://www.instagram.com/
  • https://youtube.com/
Sangat Mag

First Urdu, Balochi and Sindhi Online Magazine

Sangat Mag

First Urdu, Balochi and Sindhi Online Magazine

  • صفحہ اول
  • تازہ ترین
  • خبریں
    • قومی
    • عالمی
    • اسپورٹس
    • موسم
    • تعلیم و صحت
    • گھرداری
    • سائنس و ٹیکنالوجی
  • فن
  • کالم
  • ادب
  • انٹریوز
  • وڈیوز
  • ماحولیات
  • بلوچی
  • سنڌي
  • About Us
  • Contact Us
  • Editorial Policy
  • Privacy Policy
  • صفحہ اول
  • تازہ ترین
  • خبریں
    • قومی
    • عالمی
    • اسپورٹس
    • موسم
    • تعلیم و صحت
    • گھرداری
    • سائنس و ٹیکنالوجی
  • فن
  • کالم
  • ادب
  • انٹریوز
  • وڈیوز
  • ماحولیات
  • بلوچی
  • سنڌي
  • About Us
  • Contact Us
  • Editorial Policy
  • Privacy Policy
Subscribe
Close

Search

اہم ترینتازہ ترینکالم

پاؤں پر کلہاڑی مارنا ہم سے سیکھیے

By Akhtar Rasool
مئی 15, 2023 5 Min Read
0

پاکستان میں پچیس ملین لوگ براڈ بینڈ انٹرنیٹ استعمال کرتے ہیں۔ فری لانس کام (آؤٹ سورسنگ) اور کل وقتی و جُزوقتی ڈجیٹل خدمات انجام دینے والی تربیت یافتہ افرادی قوت کے اعتبار سے پاکستان دنیا میں چوتھے نمبر پر ہے

پاکستان میں اس وقت لاکھوں نوجوان ”گِگ اکانومی‘‘ سے منسلک ہیں۔ یعنی وہ ڈجیٹل ایپس کی مدد سے روزی روٹی کماتے ہیں۔ فوڈ پانڈا، بائکیا، کریم کیب سمیت سروس ڈیلیوری والی درجنوں آن لائن ٹریڈنگ و مارکیٹنگ کمپنیاں ہیں، جن کے طفیل ہزاروں گھروں کا چولہا جلتا ہے

نیز گزشتہ حکومت کی طرح موجودہ حکومت بھی ڈجیٹل پاکستان بنانے کا خواب دیکھ رہی ہے

ایسے وقت، جبکہ ڈالر روپے کو لِٹا لِٹا کے مار رہا ہے، آئی ایم ایف نے محض ایک 1.1 ارب ڈالر کی قسط دینے کے لیے پاکستان کو پچھلے سات ماہ سے خون تھکوا رکھا ہے۔ سونے کی فی تولہ قیمت دو لاکھ چالیس ہزار روپے کی چھت پھاڑ چکی ہے۔ پاکستان کو دیوالیہ پن سے بچنے کے لیے 30 جون تک 3.7 بلین ڈالر بیرونی قرضوں کی قسط کی مد میں ہر صورت میں ادا کرنے ہیں اور سرکار کے کھیسے میں اس وقت سوا چار ارب سے کچھ اوپر ڈالر پڑے ہیں، جو محض ایک ماہ کی درآمدات کے لیے کافی ہیں

ایسے پتلے حالات میں مورخہ نو مئی بروز منگل پورے ملک میں انٹرنیٹ سروس بند کر دی گئی اور یہ اب تک کی تاریخ کا سب سے طویل قومی ڈجیٹل بلیک آؤٹ قرار پا چکا ہے

چنانچہ مواصلاتی رابطے میں رکاوٹ کے سبب چار دن تک اگر کوئی صنعت تیزی سے پھلتی پھولتی رہی تو وہ غیر یقینی اور افواہ سازی کا کاروبار تھا

مقامی چوبیس کروڑ عوام بھلے نہ دیکھ پائے کہ پچھلے چار دن میں انہی کے ملک میں کہاں کہاں کیا کیا کاروائیاں ہوئی ہیں، مگر پاکستان سے باہر ساری دنیا تک یہ اطلاعات مصدقہ و غیر مصدقہ وڈیوز کی شکل میں برابر پہنچتی رہیں

ان وڈیوز کے بل پر گلوبل نیٹ ورک، ایکسیس ناؤ، ایمنسٹی انٹرنیشنل اور ہیومن رائٹس واچ جیسی تنظیمیں حکومتِ پاکستان کو اپنے ہی آئین میں درج آزادیِ اظہار کی شقیں یاد دلاتی رہیں

انٹرنیٹ پر اس ملک گیر پابندی سے حالات اب تک کتنے سدھرے، کتنا امن بحال ہوا، سرکاری و عسکری تنصیبات پھونکنے والے کتنے شرپسند پکڑے گئے؟ اگر انٹرنیٹ بند نہ کیا جاتا تو تباہی کا دائرہ کتنا پھیل سکتا تھا؟ اس پابندی سے تشدد میں کتنے فیصد کمی آئی؟

کیا انٹرنیٹ پر پابندی کو خاطر میں نہ لانے والے ایپس اور سسٹمز پر بھی ریاست کی کوئی گرفت ہے؟ ہاں یہ ضرور ہوا کہ اس پابندی کو بائی پاس کرنے کے لیے سرکردہ تحقیقی کمپنی ”ٹاپ ٹین وی پی این‘‘ کے مطابق وی پی این کی ڈیمانڈ میں پابندی کے پہلے اور دوسرے دن لگ بھگ 1400 فیصد کا اضافہ دیکھنے میں آیا

اس عظیم الشان ذہین فیصلے کے نتیجے میں ادھ موئی معیشت مزید جاں بلب ہو گئی۔ 2013ع میں اس ملک میں تین برس تک یو ٹیوب پر پابندی لگی رہی۔ یکم جولائی 2015ع سے 30 جون 2016ع تک پاکستان میں انٹرنیٹ سروس چھ بار معطل ہونے سے ڈجیٹل معیشت کو لگ بھگ 70 ملین ڈالر کا نقصان ہوا۔ تب اس کا حجم بھی کم تھا

آج صورت یہ ہے کہ انٹرنیٹ پر پابندی کے بعد صرف اڑتالیس گھنٹے میں ٹیلی کام کمپنیوں کو 2.85 ملین ڈالر کا کاروباری نقصان ہوا۔ یوں حکومت بھی لگ بھگ ایک ملین ڈالر ٹیکس ریوینیو سے محروم ہو گئی۔ اگر اس نقصان کو چار دن کی پابندی سے ضرب دی جائے تو ٹیلی کام سیکٹر کو مجموعی طور پر کم ازکم پانچ ملین ڈالر کا نقصان ہوا اور سرکار کو دو ملین ڈالر ٹیکس سے محروم ہونا پڑا

جبکہ ڈجیٹل معیشت کے اتار چڑھاؤ پر نظر رکھنے والے ایک مبصر اسامہ خلجی کا اندازہ ہے کہ انٹرنیٹ کی مکمل معطلی سے ایک دن کا مجموعی معاشی نقصان کم ازکم چھپن ملین ڈالر بنتا ہے

ٹریکس پاکستان کی تیسری یا چوتھی بڑی ای-کامرس کمپنی کہلاتی ہے۔ اس کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پہلے اڑتالیس گھنٹوں میں اس کی کاروباری سرگرمیوں میں 36 فیصد گراوٹ آئی ہے

ون لنک اور ایچ بی ایل پاکستان کے دو سب سے بڑے ڈیجیٹل پیمنٹ سسٹم آپریٹرز ہیں۔ ان کے مطابق پہلے اڑتالیس گھنٹوں میں انٹرنیشنل ٹریڈ ٹرانزیکشنز میں 45 فیصد اور پوائنٹ آف سیل ٹرانزیکشنز میں 60 فیصد کا اتار دیکھنے میں آیا

اندرونِ ملک ہر طرح کے چھوٹے بڑے کاروباری کا اعتماد مجروح ہوا سو ہوا، مگر بین الاقوامی سرمایہ کار جو پہلے ہی پاکستانی معیشت کی ڈانوا ڈولیت کے سبب پچھلے ایک برس کے دوران کوئی بھی روایتی یا ڈجیٹل آرڈر دینے سے پہلے دس بار سوچتا ہے، اب انٹرنیٹ کی تازہ معطلی کے بعد تو اس کا اعتماد یا سرمایہ لگانے کا موڈ بھی کم ازکم ایک برس کے لیے معطل ہو چکا ہے

کہنے کو پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) ایک خودمختار ادارہ ہے لیکن وہ انٹرنیٹ ٹریفک پر کس قانون کے تحت یا کن کن ظاہری یا باطنی قوتوں کے کہنے پر اپنی عقلِ سلیم استعمال کیے بغیر پابندی لگا دیتا ہے۔۔ یہ بھی پاکستانی گورننس کے دیگر معموں کی طرح ایک معمہ ہے

بلوائیوں کے ہاتھوں جو نقصان ہوا سو ہوا، ان سے نمٹنے کی حکمتِ عملی کے تحت انٹرنیٹ کو جس طرح ان علاقوں میں بھی معطل رکھا گیا، جہاں ایک گلاس تک نہیں ٹوٹا اور اس کے عوض ایک ایک ڈالر کے لیے ترستی معیشت کو جتنا نقصان پہنچا اس کی بھرپائی یا ازالہ کون کرے گا؟ یہ ایک اور معمہ ہے

ایک راستہ یہ ہے کہ اس طرح کے عجلتی و بے دماغ اقدامات کے تدارک کے لیے زنجیرِ عدل ہلائی جائے۔ اس بابت لاہور ہائی کورٹ میں ایک پیٹیشن دائر کی جا چکی ہے مگر عدالت کو بھی کوئی جلدی نہیں تھی۔ اس نے پہلی پیشی کی تاریخ 22 مئی رکھی اور اس پیشی سے پہلے ہی انٹرنیٹ پر سے پابندی فی الحال ہٹا لی گئی۔ چنانچہ یہ پیٹیشن بھی فی الحال بے اثر ہو گئی۔

تھا ارادہ تری فریاد کریں حاکم سے،
وہ بھی اے شوخ ترا چاہنے والا نکلا۔۔
(نظیر اکبر آبادی)


بشکریہ: ڈی ڈبلیو اردو
(نوٹ: کسی بھی بلاگ، تبصرے یا کالم میں پیش کی گئی رائے مصنف/ مصنفہ کی ذاتی رائے ہوتی ہے، جس سے سنگت میگ کا متفق ہونا ضروری نہیں۔)


Tags:

amazon earning in pakistanhow to use tiktok after ban in pakistaninternet closed in pakistaninternet down in all over pakistaninternet down in pakistaninternet service down in pakistaninternet service down in pakistan againinternet service in pakistaninternet services in pakistaninternet shutdown in pakistanonline earning in pakistanonline earning in pakistan without investmentPakistanptcl internet down in pakistanyoutube ban in pakistan
Author

Akhtar Rasool

Follow Me
Other Articles
Previous

مُنے اور اُن کے ابّا

Next

قدرت نے لیا بلونت سنگھ سے انتقام (افسانہ)

No Comment! Be the first one.

جواب دیں جواب منسوخ کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

حالیہ پوسٹیں

  • بوسنیا: بار بار نقشے سے مٹائے جانے کے بعد بھی زندہ رہنے والی روح کی کہانی
  • لیونل میسی: لاطینی امریکا کا یونانی فلسفی
  • جیڈن ایڈمز: جنوبی افریقہ کا ابھرتا ستارہ، جسے موت نے ورلڈ کپ کے فوراً بعد چھین لیا
  • انسٹاگرام کی چکاچوند کے پیچھے ایک تاریک دنیا: الگورتھم، معصومیت اور منافع کی معیشت
  • نیمار جونیئر: سامبا فٹ بال کا آخری چراغ

Sports

  • ادب
  • انٹرویوز
  • اہم ترین
  • تاریخ
  • تازہ ترین
  • خبریں
    • اسپورٹس
    • تصاویر
    • تعلیم و صحت
    • عالمی
    • قومی
    • موسم
  • سائنس و ٹیکنالوجی
  • فن
  • کالم
  • گھرداری
  • ماحولیات
  • وڈیوز
Copyright 2026 — Sangat Mag. All rights reserved. Blogsy WordPress Theme