اشتیاق بیگ نے زوہیب حسن کو ایک ارب ہرجانے کا نوٹس بھیج دیا

ویب ڈیسک

کراچی : معروف گلوکارہ نازیہ حسن کے سابق شوہر اشتیاق بیگ نے الزامات عائد کرنے پر زوہیب حسن کو ایک ارب روپے کے ہرجانے کا نوٹس بھیج دیا ہے
تفصیلات کے مطابق اشتیاق بیگ نے نازیہ حسن کے بھائی زوہیب حسن کو یہ نوٹس بیرسٹر علی طاہر کے توسط سے دیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ سید زوہیب حسن سات دن میں معافی مانگیں ورنہ وہ قانونی کارروائی کا حق محفوظ رکھتے ہیں
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ نازیہ حسن طویل عرصے تک کینسر کا شکار رہیں، نازیہ حسن کا انتقال انگلینڈ میں ہوا، میڈیکل سرٹیفکیٹ میں زہر کی کہیں نشاندہی نہیں ہوئی، الزام لگایا گیا کہ مرزا اشتیاق بیگ نے نازیہ حسن کو طلاق دی
بھیجے گئے قانونی نوٹس میں کہا گیا ہے کہ میرا موکل معروف کاروباری شخصیت ہے، میرے موکل کو تمغہ امتیاز سے نوازا گیا، زوہیب حسن کا یہ اقدام بلیک میلنگ کے زمرے میں آتا ہے، زوہیب حسن نے جھوٹے اور من گھڑت الزامات عائد کیے جن کا مقصد میرے موکل کی ساکھ کو نقصان پہنچانا ہے
واضح رہے کہ ایک روز قبل نازیہ حسن کی اکیسویں برسی کے موقع پر ان کے بھائی زوہیب حسن نے ان کی موت اور ازدواجی زندگی سے متعلق مرزا اشتیاق بیگ پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ نازیہ حسن نے مرنے سے قبل برطانوی عدالت کی ہدایات پر پولیس کو دیے گئے اپنے حلفیہ بیان میں کہا تھا کہ ان کے شوہر مرزا اشتیاق بیگ نے انہیں آرسینک کھلایا تھا
زوہیب حسن کا کہنا تھا کہ ان کی بہن نے برطانوی پولیس کو جو دس صفحات کا حلفیہ بیان دیا تھا، جس میں انہوں نے واضح کیا تھا کہ انہیں شوہر نے کوئی چیز کھلائی تھی، جس کے بعد ہی ان کی طبیعت خراب ہوئی تھی
زوہیب حسن نے سنگین انکشافات کرتے ہوئے بتایا تھا کہ ڈاکٹروں نے نازیہ حسن کو کینسر سے صحت یاب ہونے کا سرٹیفکیٹ بھی دیے دیا تھا، مگر بعد میں ان کے پھیپھڑوں میں کینسر کی تشخیص ہوئی تو ڈاکٹر بھی حیران رہ گئے
ان کے مطابق پھیپھڑوں کے کینسر کے علاج کے وقت ہی نازیہ حسن نے پولیس کو اپنا بیان لکھوایا تھا، جس میں انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ انہیں شوہر نے کوئی مشکوک شے کھلائی تھی
زوہیب حسن کے مطابق گلوکار کا کہنا تھا کہ نازیہ حسن نے اپنے بیان میں شوہر پر قید کرنے سمیت تشدد اور ناروا سلوک کے الزامات بھی لگائے
زوہیب حسن کے مطابق شوہر کے ناروا سلوک کی وجہ سے ہی ان کی بہن نے مرنے سے قبل انتہائی علیل حالت میں بھی شوہر سے طلاق لینے کو اہمیت دی
گلوکار نے بتایا کہ ان کی بہن کینسر کے علاج کے دوران ہی مرنے سے قبل برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمیشن گئیں اور شوہر سے طلاق کے دستاویزات پر دستخط کیے.

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close