چیف جسٹس ہائی کورٹ کا سپریم کورٹ کے ایڈہاک جج بننے سے مسلسل انکار

نیوز ڈیسک

کراچی : سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس احمد علی شیخ نے سپریم کورٹ کے ایڈہاک جج کے طور پر تعینات ہونے کے بعد منگل اسلام آباد میں ہونے والی تقریب حلف برداری میں شرکت سے انکار کر دیا

واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی تجویز پر صدر عارف علوی نے اس سے قبل سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کو ایک سال کی مدت کے لیے سپریم کورٹ کا ایڈہاک جج مقرر کیا تھا

جوڈیشل کمیشن آف پاکستان نے گزشتہ ہفتے پانچ میں سے چار کی اکثریت سے فیصلہ کیا تھا کہ جسٹس احمد علی شیخ کو ایک سال کی مدت کے لیے سپریم کورٹ کا ایڈہاک جج بننے کی دعوت دی جائے بشرطیکہ وہ اس کے لیے راضی ہوں

سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس نے اس سے قبل جوڈیشل کمیشن کو لکھے گئے ایک خط میں اس تاثر کو ختم کیا کہ انہوں نے کبھی ایڈہاک جج کی حیثیت سے سپریم کورٹ کی نشستوں میں شرکت کے لیے اپنی رضامندی ظاہر نہیں کی

باخبر ذرائع کے مطابق جسٹس احمد علی شیخ نے ایک بار پھر عدالت عظمیٰ کے بینچز پر بیٹھنے سے معذرت کرتے ہوئے تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری ہونے کے چند گھنٹوں بعد چیف جسٹس آف پاکستان گلزار احمد اور صدر عارف علوی کو علیحدہ خط لکھے

ڈان اخبار کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس نے اپنے خط جس کی ایک کاپی ڈان کے پاس دستیاب ہے، میں لکھا کہ ہائی کورٹ کے رجسٹرار کی طرف سے ان کے نوٹس میں لایا گیا ہے کہ صدر مملکت کی جانب سے جاری ایک نوٹیفکیشن کے تحت مجھے ایڈ ہاک جج کی حیثیت سے ایک سال کی مدت کے لیے معزز سپریم کورٹ کی بینچز پر بیٹھنا ہے

انہوں نے کہا کہ نوٹیفکیشن اس حقیقت کے باوجود جاری کیا گیا کہ انہوں نے مسلسل اور بار بار سپریم کورٹ کی نشستوں میں بطور ایڈہاک جج شرکت کرنے سے انکار کیا ہے

سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس نے کہا کہ اس وجہ سے میں یہ کہنا چاہتا ہوں کہ نوٹیفکیشن بغیر کسی قانونی اختیار کے جاری کیا گیا ہے اور اس کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ہے

جسٹس احمد علی شیخ نے کہا کہ اس قسم کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کے لیے متعلقہ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کی رضامندی حاصل کرنا ضروری ہے

انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ انہوں نے سپریم کورٹ کے ایڈہاک جج بننے کے لیے اپنی رضامندی دینے سے واضح طور پر انکار کر دیا تھا

انہوں نے مزید کہا کہ یہ زبانی طور پر اور 5، 6 اور 10 اگست 2021 کے تین خطوط کے ذریعے کیا گیا

خطوط کے ذریعے سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس نے رضامندی ظاہر کرنے پر آمادگی کا اظہار اس شرط پر کیا کہ وہ عدالت عظمیٰ کے مستقل جج کے عہدے پر فائز ہوں

ان کا کہنا تھا کہ اس پس منظر میں براہ کرم نوٹ کریں کہ میں حلف برداری کی تقریب میں شرکت نہیں کروں گا جو کہ کل یعنی 17 اگست 2021 کو ہونے والی ہے

اس اقدام پر تنقید کرتے ہوئے سندھ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے اعزازی سیکریٹری محمد عمر سومرو نے احتجاج کا اعلان کیا تھا، سندھ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے اراکین صدر کی جانب سے جسٹس احمد علی شیخ کی تقرری سے متعلق ان کی رضامندی کے خلاف جاری کردہ ‘غیر آئینی’ نوٹیفکیشن پر (آج) منگل کو مکمل ہڑتال بھی کی

سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن (ایس سی بی اے) کے سابق صدر رشید اے رضوی نے بتایا کہ سندھ بار کونسل (ایس بی سی) کے ساتھ ساتھ سندھ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن جلد ہی سپریم کورٹ میں پٹیشنوں کا ایک مجموعہ دائر کرکے اس پیش رفت کو چیلنج کرے گی. جبکہ ایس سی بی اے اور ایس بی سی ترقی کے خلاف مذمتی قراردادیں بھی جاری کریں گے۔

دریں اثنا چیف جسٹس گلزار نے جسٹس محمد علی مظہر سے عہدے کا حلف لیا جنہیں سندھ ہائی کورٹ سے سپریم کورٹ میں ترقی دی گئی تھی. حلف برداری کی  تقریب میں سپریم کورٹ کے ججز، اٹارنی جنرل پاکستان خالد جاوید خان اور سینئر وکلاء نے شرکت کی

جب ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کی جانب سے ایڈہاک جج کے طور پر حلف اٹھانے سے انکار کے بارے میں سوال کیا گیا تو سینئر وکیل نے وضاحت کی کہ آئین کا آرٹیکل 206 یا آرٹیکل 209 نافذ ہوگا یا کچھ بھی نہیں ہوگا، اس کی تشریح ابھی باقی ہے

آرٹیکل 206 (2) استعفیٰ سے متعلق ہے اور وضاحت کرتا ہے کہ ہائی کورٹ کا جج جو سپریم کورٹ کے جج کے طور پر تقرری کو قبول نہیں کرتا وہ اپنے عہدے سے ریٹائرڈ سمجھا جائے گا اور ایسی ریٹائرمنٹ پر وہ پنشن اس کی بطور جج سروس کی مدت اور پاکستان کی خدمت میں کل سروس کی بنیاد پر کیا جائے گا

آرٹیکل 209 سپریم جوڈیشل کونسل سے متعلق ہے جس میں جج کو ہٹانے کے لیے اس کے خلاف درخواست دی جاتی ہے کہ جج جسمانی یا ذہنی معذوری یا بدتمیزی کی وجہ سے جج کے عہدے کے فرائض کو صحیح طریقے سے انجام دینے کے قابل نہیں ہے.

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close