افغانستان سے غیر ملکیوں کے انخلا کے معاملے کے باعث اسلام آباد ضلعی انتظامیہ نے شہر کے تمام نجی ہوٹلوں کو اکیس دن کے لیے ریزرویشن سے روک دیا ہے
ذرائع کے مطابق یہ پابندی اس لیے لگائی گئی ہے کہ وفاقی حکومت نے اسلام آباد کے تمام نجی ہوٹلوں اور 6 مارکیز میں افغانستان سے آنے والے غیر ملکیوں کو ٹھہرانے کا فیصلہ کیا ہے
وفاقی حکومت کے فیصلے کے مطابق افغانستان سے آنے والے غیر ملکی ہوٹلوں اور مارکیز میں ٹرانزٹ پیریڈ گزاریں گے. جس کے لیے اسلام آباد کی انتظامیہ نے افغانستان سے انخلا کے بعد آنے والے غیر ملکیوں کے قیام کے لیے دارالحکومت اسلام آباد کے تمام ہوٹلوں کا انتظام اگلے کئی ہفتوں کے لیے سنبھال لیا ہے
ذرائع کا کہنا ہے کہ ہوٹلوں کے اندر اور اطراف میں سیکیورٹی انتظامات سخت کر دیے گئے ہیں اور پولیس اور پیرا ملٹری اہلکاروں کو ہائی الرٹ رکھا گیا ہے
اسلام آباد ضلعی انتظامیہ نے شہر بھر کے نجی ہوٹلوں میں اکیس روز کے لیے ریزرویشن پر پابندی عائد کرنے کا نوٹی فکیشن بھی جاری کیا ہے، پابندی کا اطلاق آج سے شروع ہو گیا ہے
ضلعی مجسٹریٹ کے دفتر سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ سرحد کے اُس پار صورتحال کے پیش نظر ہزاروں افراد کا افغانستان سے انخلا کرایا گیا ہے اور کسی مقصد کے تحت ٹرانزٹ فلائٹ استعمال کرنے والے مسافر اسلام آباد میں قیام کر رہے ہیں
نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ مسافروں کی سہولت کے لیے درخواست کی جاتی ہے کہ کم از کم اگلے اکیس روز کے لیے اسلام آباد کے تمام ہوٹلوں میں ریزرویشن بند کردی جائیں اور ہوٹلوں میں تمام خالی کمروں کے معاملات اگلے احکامات تک مسافروں کے قیام کے لیے انتظامیہ کے سپرد کردیے جائیں
دوسری طرف ذرائع کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ اور پولیس نے غیر ملکیوں کی آمد کے پیش نظر تمام انتظامات مکمل کر لیے ہیں، غیر ملکیوں کو ایئر پورٹ سے ہوٹل تک لانے کا سیکیورٹی پلان بھی مرتب کر لیا گیا، جس میں پولیس کے ساتھ دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے بھی معاونت کریں گے
واضح رہے کہ کراچی میں سندھ حکومت نے بھی افغانستان سے انخلا کے بعد افغان اور غیر ملکی شہریوں کی رہائش کے لیے فوری انتظامات شروع کردیے ہیں اور اس سلسلے میں ایک مراسلہ بھی جاری کیا ہے.