لاہور : آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے لیے قومی اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا
اسکواڈ میں آصف علی اور خوشدل شاہ کی واپسی ہوئی ہے ۔ پندرہ رکنی اسکواڈ میں پانچ بیٹسمین، دو وکٹ کیپرز، چار آل راؤنڈرز اور چار فاسٹ باؤلرز شامل ہیں
یہی ٹیم نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں بھی شرکت کرے گی
اعلان کردہ اسکواڈ میں کپتان بابراعظم، نائب کپتان شاداب خان، آصف علی، اعظم خان، حارث رؤف، حسن علی، عماد وسیم، خوشدل شاہ، محمد حفیظ، محمد حسنین، محمد نواز، محمد رضوان، محمد وسیم جونیئر، شاہین شاہ آفریدی اور صہیب مقصود شامل ہیں،جبکہ ریزرو کھلاڑیوں میں فخر زمان، شاہنواز ڈاھانی اور عثمان قادر کو رکھا گیا ہے
قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر محمد وسیم کا کہنا ہے کہ اسکواڈ کا انتخاب کرتے ہوئے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے جدید دور کے تقاضوں کو اپنانے اور اپنی تمام بنیادوں کا احاطہ کرنے کی کوشش کی ہے، امید ہے یہ اسکواڈ آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ میں متاثر کن کارکردگی کا مظاہرہ کرے گا
چیف سلیکٹر محمد وسیم نے کہا کہ ہم نے ان کھلاڑیوں کی صلاحیتوں ، مہارتوں اور تجربے پر اعتماد کیا ہے جو دباؤ کے باوجود بین الاقوامی ٹورنامنٹ میں پرفارم کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں
محمد وسیم کا کہنا ہے کہ یقیناََ آصف علی اور خوشدل شاہ کے نمبرز متاثر کن نمبر نہیں، لیکن ان کی زبردست صلاحیتوں پر کسی کو شک نہیں، یہ دونوں کھلاڑی مڈل آرڈر بلے بازوں کے لیے ہمارے دستیاب پول میں بہترین ہیں اور یقین ہے کہ یہ دونوں اپنی عمدہ کارکردگی سے ہمیں مڈل آرڈر میں درپیش مشکلات کا حل دیں گے
چیف سلیکٹر کا کہنا ہے کہ ان دونوں کے علاوہ کپتان بابر اعظم ، محمد حفیظ ، محمد رضوان اور صہیب مقصود قومی کرکٹ ٹیم کی بیٹنگ لائن اپ کا اہم حصہ ہوں گے، جبکہ عماد وسیم ، محمد نواز اور شاداب خان کی صورت میں ہمارے پاس تین اعلیٰ معیار کے اسپنرز موجود ہیں
انہوں نے مزید کہا کہ ہم سب جانتے ہیں کہ اعظم خان ایک جارحانہ بیٹسمین ہیں، جو وکٹ کپینگ بھی کرتے ہیں ، جس کی وجہ سے انہیں سرفراز احمد کی جگہ اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے
محمد وسیم جونیئر کو تیز رفتاربولنگ اور بڑے شاٹس مارنے کی صلاحیت کی وجہ سے فہیم اشرف پر ترجیح دی گئی ہے، محمد وسیم جونیئر فاسٹ بولنگ یونٹ کو مضبوط کریں گے ، جس میں حارث رؤف ، حسن علی ، محمد حسنین اور شاہین شاہ آفریدی بھی شامل ہیں.