’شیم آن سندھ گورنمنٹ‘، چیف جسٹس پاکستان نے سندھ حکومت کو آڑے ہاتھوں لے لیا

نیوز ڈیسک

کراچی : سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں چیف جسٹس پاکستان جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے گجر نالہ تجاوزات آپریشن، اورنگی ٹاؤن اور محمود آباد کے نالوں کے اطراف سے تجاوزات کے خاتمے اور متاثرین کی بحالی سے متعلق مقدمات کی سماعت کے دوران سندھ حکومت پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے

سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں دوران سماعت چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ سندھ حکومت میں کچھ نہیں ہو رہا، سندھ میں سردرد صورتحال ہے ،ورلڈ بینک کے کتنے منصوبے ہیں مگر کچھ نہیں ہو رہا، وزرا اور باقی سب کے لیے فنڈز ہیں ، باقی سارے امور چلا رہے ہیں، صرف عوام کے لیے پیسے نہیں، یہ سپریم کورٹ کو طے کرنا ہے کہ پیسے کہاں خرچ کرنا ہیں، جب تک متاثرین کو گھر نہیں دیتے، وزیراعلی اور گورنر ہاؤس الاٹ کر دیتے ہیں، جنہوں نے یہ زمینیں الاٹ کیں، ان کے خلاف کیا ایکشن لیا

چیف جسٹس کے استفسار پر سلمان طالب الدین نے کہا کہ یہ تو چالیس سال پرانا مسئلہ ہے، جس پر چیف جسٹس نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ آپ انتہائی غیر ذمہ دارانہ بیان دے رہے ہیں، یہ کوئی طریقہ نہیں، شیم آن سندھ حکومت!

جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دیئے کہ جس بلڈنگ کو اٹھاؤ اس کا برا حال ہے، سٹرکیں ٹوٹیں، بچے مریں، کچھ بھی ہو، یہ کچھ نہیں کرنے والے، یہ حال سندھ حکومت کا اور یہی حال وفاقی حکومت کا بھی ہے، سب پیسہ بنانے میں لگے ہوئے ہیں، سیاسی جھگڑے اپنی جگہ مگر لوگوں کے کام تو کریں۔ پورا کراچی گند میں بھرا ہوا ہے، گٹر ابل رہے ہیں، تھوڑی سے بارش میں شہر ڈوب جاتا ہے، کیا یہ کراچی شہر ہے، غیر قانونی قبضے اور سڑکیں بدحال، کچھ نہیں کراچی میں، یہ تو گاربیج دیکھائی دیتا ہے، شہر اس طرح چلایا جاتا ہے، کراچی میں ایک انچ کا بھی کام نہیں ہوا ، یہ ہے سندھ حکومت، اور پھر کہتے ہیں پیسے نہیں

ایڈوکیٹ جنرل سندھ سلمان طالب الدین نے عدالت کو بتایا کہ 258 ایکٹر اراضی پر متاثرین کو متبادل زمین مختص کردی ہے جہاں 6 ہزار سے زائد گھر بنائے جائیں گے، سندھ حکومت کے پاس بجٹ کی کمی ہے، بحریہ ٹاؤن واجبات سے رقم ملے گی تو ہم منصوبے پر کام شروع کردیں گے، بحریہ ٹاؤن کے واجبات سندھ حکومت ہی کے ہیں، 60 ارب روپے اگر سپریم کورٹ ریلیز کردے تو ہم کام شروع کر دیتے ہیں

جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیئے کہ آپ نے ان پیسوں پر امید لگا لی، آپ اس معاملے کو مشروط کر رہے ہیں، یہ تو کوئی بات نہ ہوئی، اگر بحریہ ٹاؤن کے پیسے نہ آتے تو پھر کیا کرتے، اگر زلزلہ یا سیلاب آجائے تو پھر کیا کریں گے، اگر کوئی آفت جائے تو کیا ایک سال تک بجٹ کا انتظار کریں گے۔ سندھ حکومت کا کتنے ارب کا بجٹ ہے، آپ کی ترجیحات اصل میں کچھ اور ہیں۔ کھربوں روپے کے بجٹ سے آپ کے پاس 10 ارب نہیں،جن کے پاس پیسہ نہیں ہوتا وہ شہر پر شہر آباد کر لیتے ہیں

بعد ازاں سپریم کورٹ نے سندھ حکومت کو متاثرین کی بحالی کے لیے ایک سال کا وقت دیتے ہوئے عبوری فیصلے میں کہا کہ سندھ حکومت کہتی ہے ہمارے پاس بحالی کے پیسے نہیں، متاثرین کی بحالی سندھ حکومت کا کام ہے، سندھ حکومت دستیاب وسائل سے بحالی کا کام کرے، وزیراعلیٰ سندھ ذاتی طور اس فیصلے پر عمل درآمد یقینی بنائیں، وہ متاثرین بحالی کی رقم کا بندوبست کریں.

مزید خبریں:

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close