کوئٹہ: بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) کے رہنماؤں کے درمیان اختلافات بدستور برقرار ہیں، جس کی وجہ سے صوبے میں سیاسی بحران ایک مرتبہ پھر شدت پکڑتا ہوا نظر آ رہا ہے
اس حوالے سے ملنے والی تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی ہدایت پر تین صوبائی وزرا اور ایک رکن اسمبلی پر مشتمل چار رکنی وفد پارٹی رہنماؤں کے درمیان اختلافات کے خاتمے کے لیے حکومت بلوچستان کے خصوصی طیارے میں کراچی پہنچا۔ وفد میں ضیاء لانگو، سلیم کھوسہ، عارف محمد حسنی اور حاجی محمد خان طور اتمانخیل شامل تھے
وفد نے بی اے پی کے ناراض اراکین سے ملاقات کی جنہوں نے وزیراعلیٰ کے حوالے سے اپنے خدشات اور تحفظات سے وفد کو آگاہ کیا، جب کہ وفد نے ان کے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی، تاہم ناراض اراکین کو منانے کی کوششیں ناکام ہوگئیں اور ناراض اراکین اپنے موقف پر ڈٹے رہے
واضح رہے کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال کے خلاف جہاں اپوزیشن متحد ہے، وہیں ان کی اپنی سیاسی جماعت کے رہنما بھی ان سے شدید ناراض ہیں۔ جس کی وجہ سے جام کمال کو صوبے میں مشکلات کا سامنا ہے.