برسا: ترکی میں ایک گمشدہ شخص انجانے میں اس گروہ میں شامل ہو گیا، جو اسے تلاش کرنے نکلا تھا اور اسے کئی گھنٹوں بعد معلوم ہوا کہ سب لوگ تو اُسی کو ڈھونڈنے نکلے تھے
ترک میڈیا کے مطابق ترکی کے برسا کے علاقے میں بیہان متلو منگل کو اپنے دوستوں کے ساتھ شراب نوشی میں مگن تھے جس کی بعد وہ قریب ہی واقع ایک جنگل کی طرف نکل گئے
خبر کے مطابق بیہان متلو جب رات گئے گھر واپس نہ پہنچے تو ان کی اہلیہ نے مقامی حکام کو مطلع کیا کہ ان کے شوہر لاپتہ ہیں، چنانچہ پولیس نے کچھ لوگوں کو ان کی تلاش میں روانہ کر دیا
اتفاق سے جنگل میں پچاس سالہ بیہان کا ٹاکرا ان ہی کی تلاش میں نکلے ہوئے لوگوں سے ہو گیا اور وہ بھی اس گروہ کے ساتھ ہو لیے
مقامی چینل این ٹی وی کے مطابق ’جب امدادی کارکنوں نے بلند آواز میں بیہان کا نام پکارنا شروع کیا تو وہ بولے ’میں تو یہاں ہوں۔‘
اس موقع پر امدادی کارکنوں میں سے ایک انہیں ذرا پرے لے گیا اور بیہان کا بیان ریکارڈ کیا کہ ان کے ساتھ ہوا کیا تھا۔
میڈیا کے مطابق انہوں نے پولیس والے سے التجا کی کہ انہیں زیادہ بڑی سزا نہ دی جائے کیونکہ انہیں خوف تھا کہ اگر ان کے والد کو یہ سب کچھ معلوم ہو گیا تو وہ انہیں مار ڈالیں گے
اس کے بعد پولیس انہیں اپنی گاڑی میں بٹھا کر گھر تک چھوڑنے گئی۔ تاہم یہ معلوم نہیں یو سکا کہ پولیس نے بیہان متلو پر کوئی جرمانہ بھی عائد کیا یا نہیں.