شاہ رخ خان کا بیٹا آریان خان منشیات کیس میں گرفتار

ویب ڈیسک

ممبئی : بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کو منشیات استعمال کرنے کے الزام میں این سی بی نے حراست میں لے لیا ہے

بھارتی میڈیا کے مطابق نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے 2 اکتوبر کی رات ممبئی کے ساحل پر ایک بحری جہاز پر منعقد ہونے والی پارٹی پر اچانک چھاپہ مارا اور چھاپے کے دوران دس افراد کو گرفتار کیا ۔ رپورٹس میں یہ بھی کہا جارہا ہے کہ ایک بڑے بالی ووڈ اداکار کے بیٹے کو اس معاملے میں حراست میں لیا گیا ہے

بھارتی چینل ای ٹائمز نے آج صبح این سی بی کے ایک سینئر عہدیدار سے بالی ووڈ اداکار کے بیٹے کو حراست میں لینے کی تصدیق کی ہے اور یہ بات سامنے آئی ہے کہ بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے بڑے بیٹے آریان خان کو این سی بی حکام نے منشیات استعمال کرنے کے الزام میں حراست میں لیا ہے

این سی بی کے سینئر عہدیدار نے بتایا کہ اس پر تحقیقات جاری ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ آریان خان کو تفتیش کے لیے لے جایا گیا ہے اور این سی بی حکام اس سے کروز شپ پر ہونے والی ریو پارٹی کے سلسلے میں پوچھ گچھ کررہے ہیں

تاہم این سی بی کے زونل ڈائریکٹر سمیر وان کھیڑے کا کہنا ہے کہ آریان خان پر فی الحال کسی الزام کے تحت مقدمہ درج نہیں کیا گیا ہے اور نہ ہی اسے گرفتار کیا گیا ہے۔ این سی بی آریان سے صرف پوچھ تاچھ کررہی ہے۔ اس کے علاوہ این سی بی نے کروز پارٹی کی منصوبہ بندی کرنے والے چھ منتظمین کو بھی طلب کیا ہے

این سی بی کے ذرائع نے بتایا کہ آریان خان کا فون ضبط کرلیا گیا ہے اور حکام کی جانب سے فون کی اسکیننگ کی جارہی ہے تاکہ اس کے منشیات کے قبضے یا منشیات کےاستعمال میں ملوث ہونے کے سلسلے میں جانچ پڑتال کی جا سکے

این سی بی نے دہلی سے کروز پارٹی میں شامل ہونے والی تین لڑکیوں کو بھی حراست میں لیا ہے اور ان سے تفتیش کی جا رہی ہے، بتایا جا رہا ہے کہ یہ تینوں لڑکیاں بھارت کے نامور بزنس مین کی بیٹیاں ہیں

گزشتہ روز اے این آئی نے ممبئی کے ساحل پر موجود کروز شپ پر منعقد ہونے والی پارٹی میں چھاپہ مارنے کی تصدیق کی تھی اور کہا تھا کہ نارکوٹکس کنٹرول بیورو نے چھاپے کے دوران کم از کم 10 افراد کو حراست میں لیا ہے

ایک اور بھارتی ویب سائٹ انڈیا ٹوڈے کے مطابق این سی بی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ کروز شپ پر کوکین، ایکسٹسی، میفڈرون اور چرس جیسی منشیات برآمد ہوئی ہیں اور کیس رجسٹرڈ کرلیا گیا ہے۔ ایجنسی  کے مطابق  دو خواتین سمیت آٹھ افراد کو گرفتار کیا ہے اور اس معاملے میں ان کے کردار کے حوالے سے تفتیش کی جارہی ہے

بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے بڑے بیٹے آریان خان کو نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کی جانب سے منشیات کے کیس میں حراست میں لیے جانے کے بعد اداکار کا بیٹے کے بارے میں دیا گیا ایک بیان انٹرنیٹ پروائرل ہوگیا ہے

وائرل ہونے والی ویڈیو شاہ رخ خان کے 1997 میں میزبان سمی گریوال کو دیے گئے انٹرویو کی ہے جس میں شاہ رخ خان نے میزبان کے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ’ان کی خواہش ہے کہ ان کا بیٹا وہ سب کرے جو وہ خود نہیں کر سکے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’وہ اپنے بیٹے کو بتا چکے ہیں کہ جب وہ تین یا چار سال کا ہو جائے تو وہ لڑکیوں کے پیچھے بھاگ سکتا ہے اور جتنا چاہے سگریٹ نوشی کر سکتا ہے، وہ منشیات استعمال کر سکتا ہے، جس پر شاہ رخ خان کی اہلیہ گوری خان زور سے ہنستی ہیں.

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close