کراچی : نامور شخصیات کے مالی امور پر مشتمل دنیا کی سب سے بڑی تحقیقات ’پنڈورا پیپرز‘ میں متعدد غیر ملکی رہنماؤں کی آف شور کمپنیاں سامنے آئی ہیں
اردن کے بادشاہ شاہ عبداللہ کا نام بھی پنڈورا پیپرز میں آف شورکمپنی بنانے والوں میں شامل ہے، قطر کے حکمرانوں کی آف شورکمپنیاں بھی پنڈورا پیپرز میں سامنے آئی ہیں.
یوکرین، کینیا اور ایکواڈور کے صدور اور چیک ری پبلک اور لبنان کے وزرائے اعظم کی بھی آف شورکمپنیاں نکل آئی ہیں
جبکہ سابق برطانوی وزیراعظم ٹونی بلیئر کے نام پر بھی آف شورکمپنی پنڈورا پیپرز میں شامل ہے۔
خیال رہےکہ پنڈورا پیپرز ایک کروڑ 19 لاکھ فائلوں پر مشتمل ہیں اور تحقیقات میں دنیا کے 117 ملکوں کے 150 میڈيا اداروں کے 600 سے زائد رپورٹرز نے حصہ لیا ہے
دوسری جانب پنڈورا پیپرز میں جن معروف پاکستانی شخصیات کے نام آئے ہیں ان میں وزیر خزانہ شوکت ترین، وفاقی وزیر مونس الٰہی، سینیٹر فیصل واوڈا، پنجاب کے سابق وزیر عبدالعلیم خان ،مسلم لیگ ن کے رہنما اسحاق ڈار کے بیٹے شامل ہیں
پنڈورا پیپرز میں پیپلز پارٹی کے شرجیل میمن وفاقی وزیرصنعت خسرو بختیار کے اہل خانہ، وزیراعظم کے سابق معاون خصوصی وقارمسعود کے بیٹے اور ایگزیکٹ کے مالک شعیب شیخ کی بھی آف شور کمپنی نکل آئی ہے
اس کے علاوہ پنڈورا پیپرز میں کچھ ریٹائرڈ فوجی افسران، بینکاروں، کاروباری شخصیات اور کئی میڈیا مالکان کی آف شور کمپنیاں بھی سامنے آئیں ہیں.