کراچی : دنیا کی سب سے بڑی سوشل ویب سائٹ فیسبک اور اس کے زیر ملکیت واٹس ایپ اور انسٹاگرام کی سروس 4 اور 5 اکتوبر کی درمیانی شب 6 گھنٹے تک دنیا بھر میں معطل رہی ، جس کے بارے دنیا بھر میں سوشل میڈیا صارفین کو نہ صرف مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ، بلکہ ویبسائٹ ہیک ہونے اور ڈیٹا چوری ہونے کی خبریں بھی گردش کرنے لگیں
فیسبک، واٹس ایپ اور انسٹاگرام کی سروس متاثر ہونے سے دنیا کے ساڑھے تین ارب لوگ سوشل اور انٹرنیٹ روابط سے کٹ گئے تھے اور ہزاروں کاروباری اداروں کا کاروبار بھی متاثر ہوا. چھ سے سات گھنٹے کی بندش سے کمپنی کو بارہ کھرب روپے سے زائد کے نقصان کا تخمینہ ہے. جبکہ ذرائع کے مطابق سروس معطل ہونے سے دنیا کی معیشت کو 160 ملین ڈالر کا نقصان ہوا
واضح رہے کہ فیسبک، واٹس ایپ اور انسٹاگرام کی سروس پاکستان میں 4 اکتوبر کی شب 8 بجکر 44 منٹ پر متاثر ہونا شروع ہوئی، جو رات دیر گئے تک بند رہی
اسی طرح دنیا کے بیشتر ممالک میں بھی اسی وقت میں فیسبک اور اس کی ذیلی سوشل اور مسیجنگ ایپ کی سروس بند رہی اور 6 گھنٹے کے بعد رات دیر گئے دنیا بھر میں ان کی سروسز بحال ہونا شروع ہوئی
اب ان مشکلات پر فیسبک انتظامیہ نے اپنے صارفین سے معذرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’کنفگریشن خرابیوں‘ کی وجہ سے ان کی سروس میں تعطل آ گیا تھا
سروس کی بندش کے بعد فیسبک نے وضاحتی بیان جاری کرتے ہوئے دعویٰ کیا گیا ہے کہ ان کے ڈیٹا سینٹر کے سسٹم میں ’کنفگریشن خرابیوں‘ کی وجہ سے اس کی سروس بند ہوئی
فیسبک کی جانب سے بلاگ پوسٹ میں بتایا گیا کہ انجنیئرز کی ٹیم نے ہنگامی بنیادوں پر کام کرتے ہوئے پتہ لگایا کہ سروسز کیوں بند ہوئیں اور معلوم ہوا کہ کمپنی کے ٹریفک نیٹ ورک اور ڈیٹا سینٹر کے درمیان کچھ آلات کے خراب ہونے کی وجہ سے ان کی سروس بند ہوئی تھی
بلاگ میں سروس متاثر ہونے پر صارفین سے معذرت کی گئی ہے اور ساتھ ہی دعویٰ کیا گیا کہ چھ گھنٹے تک بند رہنے والی سروس میں صارفین کے ڈیٹا لیک ہونے یا اکاؤنٹس ہیک ہونے کی اطلاعات موصول نہیں ہوئیں
دوسری جانب خبر ایجنسی کے مطابق فیسبک کے کچھ ملازمین نے اپنی شناخت ظاہر کیے بغیر بتایا ہے کہ فیسبک کی سروس متاثر ہونے کی وجہ اندرونی غلطی ہے
سیکیورٹی ماہرین کا کہنا ہے کہ فیسبک کی بندش ایک نادانستہ غلطی یا اندرونی شخص کی طرف سے تخریب کاری ہو سکتی ہے
▪️’کنفگریشن خرابیاں‘ کیا ہیں؟
کنفگریشن دراصل ایک نظام ہے، مثلاً کمپیوٹر سسٹم کی تمام چیزیں، ہارڈویئر، سافٹ ویئر، کی بورڈز اور ماؤس کنفگریشن کہلاتی ہیں اور ان آلات میں سے اگر کوئی بھی چیز خراب ہوگی، تو کمپیوٹر کی سروس متاثر ہوگی
اسی طرح فیسبک کے ٹریفک نیٹ اور ڈیٹا سینٹر کو آپس میں ملانے کے لیے بھی بہت سارے آلات کام کرتے ہیں اور فیسبک کے مطابق 4 اکتوبر کی شب ان آلات میں خرابی کی وجہ سے فیسبک، واٹس ایپ اور انسٹاگرام کی سروس متاثر ہوئی
اپنی وضاحت میں فیسبک نے یہ واضح نہیں کیا ہے کہ ان کے سسٹم کے کون سے آلات کس وجہ سے خراب ہوئے؟
فیسبک اور اس کی ذیلی ایپس کی سروس بند ہونے کی وجہ سے اس کے شیئرز میں بھی کمی دیکھی گئی، جب کہ لوگوں نے متبادل ایپس استعمال کرنا شروع کیں۔
فیسبک کی جگہ لوگوں نے ٹوئٹر، انسٹاگرام کی جگہ اسنیپ چیٹ جب کہ واٹس ایپ کی جگہ سگنل جیسی مسیجنگ ایپس کا استعمال کرنا شروع کیا.