تیونس میں ٹی وی اینکر کی گرفتاری کا سبب بننے والی نظم کا ترجمہ

سنگت میگ ڈیسک

تیونس میں ٹی وی میزبان کی جانب سے عربی نظم پڑھی گئی، جس پر انہیں گرفتار کر لیا گیا

تیونس کے ایک نجی ٹی وی اسٹیشن پر سرکاری اہل کاروں نے دھاوا بول کر ٹاک شو کے میزبان عامر ایاد کو گرفتار کرلیا، عامر ایاد نے اپنے پروگرام میں ایک نظم پڑھی تھی، جس پر حکومت ناراض تھی

میزبان عامر ایاد کو ریاست کی سلامتی کم زور کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ، میزبان نے عراق کے ایک شاعر احمد مطر کی نظم ’حکم ران‘ اپنے شو میں پڑھ دی تھی

یاد رہے کہ تیونس کے صدر قیس سعید نے پارلیمنٹ توڑ کر کابینہ معطل کر رکھی ہے۔ تیونسی حکومت ملک میں الجزیرہ ٹی وی کا دفتر بھی بند کر چکی ہے

ہم میزبان کی گرفتاری کا سبب بننے والی عربی نظم  کا ترجمہ سنگت میگ کے قارئین کی دلچسپی کے لیے ذیل میں پیش کر رہے ہیں

میں نے حاکم سے کہا : کیا تم نے ہمیں پیدا کیا؟

اس نے کہا : میں نے نہیں

میں نے کہا : کیا اللّٰہ نے تمہیں ہم پر خدا بنا کر بھیجا؟

اس نے کہا : خدا نہ کرے

میں نے کہا : کیا ہم نے تم سے حکمران بننے کی درخواست کی تھی؟

بولا : نہیں

میں نے کہا : کیا ہمارے دس ملک تھے کہ ایک ملک ہم پر بوجھ بن گیا اور وہ ملک تمہیں تحفے میں دے دیا؟

بولا: نہیں.. اور شاید ایسا ممکن بھی نہیں

میں نے کہا : کیا تم نے ہمیں قرضہ دیا تھا، جسے ہم ادا نہ کر سکیں تو تم ہمیں زمین میں دفن کردو گے؟

بولا : بالکل نہیں

میں نے کہا : جب تم نہ خدا ہو، نہ باپ، نہ منتخب حکمران، نہ زمین کے مالک، نہ قرض خواہ…. تو تم ہم پر مسلط کیوں ہو؟

یہاں تک خواب ختم ہوا

پھر دروازے پر دستک نے مجھے نیند سے جگا دیا

دروازہ کھول ناہنجار!

دروازہ کھول! تیرے گھر کے اندر ایک غدار خواب چھپا بیٹھا ہے!

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close