گڈاپ کا رہائشی اور زرعی علاقہ صنعتی پروجیکٹس کی زد میں آ گیا!

سنگت میگ ڈیسک (وڈیو رپورٹ)

گڈاپ ، کراچی : انسٹیٹیوٹ آف اکنامکس اینڈ پیس کی جانب سے جاری کی گئی ‘ایکولوجیکل تھریٹ رپورٹ’ کے مطابق پاکستان کا شمار دنیا کے ان تیس ممالک میں ہوتا ہے، جہاں کے ماحولیاتی نظاموں کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ ان ممالک میں ماحولیاتی نقصانات مختلف آفات کو جنم دے سکتے ہیں، جو بڑے پیمانے پر تباہی کا سبب بن سکتی ہیں

ایک جانب تو یہ صورت حال ہے، لیکن بدقسمتی سے دوسری جانب حالت یہ ہے کہ قدرتی جنگلات کو کاٹ کر وہاں کنکریٹ کی بلند و بالا عمارتوں پر مشتمل وسیع پروجیکٹس بنائے جا رہے ہیں

اس حوالے سے کراچی کے مضافات میں واقع ضلع ملیر کا علاقہ گڈاپ خاص طور پر قابل ذکر ہے، جہاں پہلے کھیرتھر نیشنل پارک اور اس سے متصل علاقوں میں بحریہ ٹاؤن اور ڈی ایچ اے جیسے منصوبے شروع کیے گئے، جو اب لامحدود طور پر پھیل رہے ہیں

اس کے بعد گڈاپ کے رہائشی اور زرعی علاقوں میں غیر قانونی طور پر نذیر کنکریٹ فیکٹری اور دیگر صنعتی یونٹس کا قیام عمل میں لایا گیا، اور یہ سلسلہ بھی اب دراز ہوتا نظر آ رہا ہے

حال ہی میں گڈاپ کے علاقے میں عثمان شاہ کے قریب گڈاپ روڈ پر ”گڈاپ انڈسٹریل انکلیو“ کے نام سے ایک نیا صنعتی یونٹ بن رہا ہے

اس کے اطراف میں نزدیک ہی دوست محمد خاصخیلی ، حاجی جبلی جوکھیو، یار محمد بلوچ، چنیسر جوکھیو، خمیسو جوکھیو، حمل بلوچ، فقیر سہراب جوکھیو، ٰعارب رند گوٹھ، امام بخش گبول گوٹھ،  مہیشوری اور کونکر جوکھیو گوٹھ واقع ہیں، جبکہ آس پاس کے زرعی باغات اس کے علاوہ ہیں

یہ گوٹھ کثیر آبادی پر مشتمل ہیں، یہی وجہ ہے کہ مستقبل میں اس انڈسٹریل زون کے باعث ایک بڑے انسانی المیے کے جنم لینے کا خدشہ ہے

گڈاپ کی صاف ستھری، صحتمند اور پر سکون فضا غلیظ اور زہریلے دہویں اور شور سے بھر جائے گی، جس سے مختلف جسمانی، ذہنی اور نفسیاتی عوارض جنم لیں گے

اس صنعتی زون سے مقامی لوگوں کے لیے روزگار کے ذرائع پیدا ہونے کی دلیل اس لیے یکسر بے معنی ہے، کیونکہ اس سے قبل قائم کیے گئے اس قبیل کے یونٹس میں بھی مقامی آبادی کے لیے دروازے مکمل طور پر بند ہیں

علاقہ مکینوں کو اس سے ماسوائے زہریلے دہویں، پر شور فضا، غلاضت، آلودگی، اذیت اور بیماریوں کے کچھ بھی حاصل نہ ہوگا

سوال یہ ہے کہ گڈاپ کے رہائشی اور زرعی علاقے میں اس طرح کے ماحول اور انسان دشمن صنعتی یونٹس اور زونز کے غیر قانونی قیام پر متعلقہ ادارے کیوں کوئی قدم اٹھانے سے معذور ہیں؟

اسی حوالے سے سنگت میگ کی یہ مختصر وڈیو رپورٹ ملاحظہ فرمائیں

 

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close