دریائے کابل میں انتہائی اونچے درجے کا سیلاب, آبادی کی نقل مکانی

ویب ڈیسک

ضلع چارسدہ کے قریب واقع منڈا ہیڈ ورکس سیلابی پانی کی وجہ سے دو حصوں سے ٹوٹ گیا اور سیلابی ریلہ نوشہرہ اور چارسدہ کے رہائشی علاقوں میں داخل ہوگیا۔ دیہاتوں میں لوگ مکانات کی چھتوں پر پناہ لینے پر مجبور ہوگئے۔

کئی علاقوں میں لوگ اپنے مکان خالی کرکے مویشیوں سمیت محفوظ مقامات کی طرف نقل مکانی کرگئے۔ مردان پل پر لوگوں کا رش لگ گیا اور ان میں خوف وہراس پھیلا ہوا ہے

سوات میں اموات اور دیر میں سیاح پھنس گئے

سوات میں رین ایمرجنسی کے اعلان کے ایک دن بعد ہفتے کو ضلع کے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ابرار وزیر نے بتایا کہ مختلف علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب سے مجموعی طور پر 15 افراد ہلاک ہوئے ہیں

جمعہ کو ضلع میں بارشوں، سیلاب اور متعلقہ واقعات سے 12 اموات ہوئی تھیں۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے آج ایک بیان میں کہا کہ سیلاب سے اب تک 130 کلومیٹر پر پھیلی سڑکوں کو نقصان پہنچا ہے اور 15 پل مکمل طور پر تباہ ہوچکے ہیں جبکہ 100 سے زائد مکانات اور 50 کے قریب ہوٹل اور ریسٹورنٹ بھی تباہ ہوئے ہیں۔

اہلکار نے بتایا کہ مزید نقصان کی حد کا اندازہ لگانے کے لیے ایک ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔

لوئر دیر کے ایک سابق رکن صوبائی اسمبلی محمد علی نے ڈان ڈاٹ کام کو بتایا کہ وادی کمراٹ میں تقریباً 15 سیاح پھنسے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملاکنڈ کے کمشنر سیاحوں کو دوسری جگہ منتقل کرنے کے لیے ہیلی کاپٹر بھیج رہے ہیں۔

لوئر دیر میں بھی کئی دیگر سیاحوں کے پھنسے ہونے کی اطلاعات ہیں

نوشہرہ میں اونچے درجے کا سیلاب

ملک بھر میں ہونے والے تباہ کن بارشوں کے بعد آنے والے سیلاب کے نتیجے میں دریائے کابل میں پانی کا بہاؤ تین لاکھ کیوسک سے زیادہ ہونے کے سبب دریا میں انتہائی اونچے درجے کا سیلاب آ گیا ہے اور نوشہرہ کے ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے ہفتے کے روز ضلع کے مکینوں سے ایک مرتبہ پھر محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی اپیل کی ہے۔

ڈان نیوز ٹی وی کے مطابق سیلاب نے ضلع میں بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی اور کئی دیہات زیر آب آ گئے۔

جمعہ کو صوبہ خیبر پختونخواہ صوبے کے کچھ حصوں میں تباہی ہوئی کیونکہ دریائے کابل اور دریائے سوات میں ‘انتہائی اونچے درجے کے سیلاب’ کا سامنا کرنا پڑا، جس سے حکام نے نشیبی علاقوں سے انخلا کا عمل شروع کر دیا اور سوات اور دیگر اضلاع میں ہنگامی حالت نافذ کردی گئی ہے

اس کے بعد دریاؤں میں پانی کی سطح بلند ہونے اور دریائے سوات کے بہاؤ کو منظم کرنے والے منڈا ہیڈ ورکس کا ایک حصہ گرنے کے سبب سیلاب کے بڑھتے ہوئے خطرے کو مدنظر رکھتے ہوئے نوشہرہ اور چارسدہ سے مکینوں کے انخلا کے لیے اعلانات کیے جا رہے ہین جبکہ اس سلسلے میں حکام بھی کوششیں کررہے ہیں۔

نوشہرہ کے ڈپٹی کمشنر نے آج صبح دوبارہ انخلا کی اپیل کی، ایک بیان میں کہا کہ ضلع میں دریائے کابل میں بہت اونچے درجے کا سیلاب آیا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ نوشہرہ میں دریائے کابل میں پانی کی سطح ڈھائی لاکھ کیوسک سے تجاوز کر گئی ہے، پانی کی سطح مزید بڑھ رہی ہے۔

خیبر پختونخوا میں صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ نوشہرہ میں دریا میں پانی کی سطح دو لاکھ 74ہزار 274 کیوسک تک بلند ہو چکی ہے، ویرک میں دریا کی سطح آب ایک لاکھ 30 ہزار 364 کیوسک کیوسک تک پہنچ گئی ہے۔

ادھر ڈپٹی کمشنر نوشہرہ نے شہریوں سے محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ لوگوں کے لیے امدادی کیمپ قائم کیے گئے ہیں اور انہیں وہاں منتقل ہونے کی تاکید کی گئی ہے۔

جمعہ کو دریائے کابل اور دریائے سوات میں بہت سے مقامات پر ‘انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کے سبب خیبر پختونخوا کے کئی دیگر علاقوں میں بھی انخلا شروع کر دیا گیا ہے۔

ضلعی انتظامیہ کے ایک اہلکار نے ڈان کو بتایا کہ جمعہ کی رات تک چارسدہ میں تقریباً 2لاکھ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا

دوپہر کے وقت سیلابی پانی ضلع کے پیرسباق علاقے میں داخل ہوا جس کے بعد ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے ایک بار پھر نقل مکانی کی اپیل کی۔

نوشہرہ کی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر قرۃ العین وزیر نے فون پر ڈان ڈاٹ کام کو بتایا کہ وہ فوج اور ریسکیو ٹیم کے ساتھ علاقے میں موجود ہیں اور انہوں نے انخلا شروع کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت تک 50 خاندانوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ پیرسباق میں دریائے کابل کے کنارے حفاظتی پشتے ٹوٹ گئے ہیں جس کے نتیجے میں پانی گھروں اور بازاروں میں داخل ہو گیا ہے۔

دیگر علاقوں کے بارے میں تفصیلات بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کل رات سے انخلا کا عمل جاری ہے اور اب تک پشتون گاڑی کے علاقے سے 700 خاندانوں کو امدادی کیمپ میں منتقل کیا جا چکا ہے جبکہ پبی سے مزید 300 کو نکالا جا چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری اولین ترجیح جان بچانے کے لیے امدادی کارروائیاں ہیں، انتظامیہ نے سیلاب سے متاثرہ افراد کو خوراک کے پیکج اور دیگر امدادی اشیا بھی فراہم کی ہیں

خیبر پختونخوا کے کئی دیگر علاقوں سے انخلا کا عمل جمعہ کو شروع کردیا گیا تھا کیونکہ انہوں نے دریائے کابل اور دریائے سوات میں بہت سے مقامات پر اونچے درجے کے سیلاب کا سامنا کرتے ہوئے شدید تباہی کا سامنا کیا۔

ضلعی انتظامیہ کے ایک اہلکار نے اس وقت ڈان کو بتایا کہ چارسدہ میں جمعہ کی رات تک تقریباً 2لاکھ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا تھا۔

خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ تیمور خان جھگڑا نے آج مقامی رہنماؤں کے ہمراہ چارسدہ کا دورہ کیا۔

ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ ضلع سے ایک لاکھ 83ہزار افراد کو نکالا جا چکا ہے، نوشہرہ میں بھی اسی طرح کا آپریشن جاری ہے

پی ٹی آئی کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ایک ٹوئٹ میں کہا گیا ہے کہ خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ محمود خان آج سوات اور لوئر دیر کے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ بھی کریں گے۔

وہ سیلاب سے ہونے والے نقصانات اور جاری امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیں گے۔

ریسکیو 1122 کے مطابق پشاور میں ہفتہ کو بھی ریلیف اور ریسکیو آپریشن جاری رہا۔

ریسکیو 1122 کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شہر میں سیلاب سے میاں گجر، جالا بیلہ، تخت آباد اور دیگر علاقے متاثر ہوئے ہیں۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ ریسکیو 1122 کی جانب سے پشاور اسلام آباد موٹر وے پر ایک ریلیف کیمپ لگایا گیا ہے

جمعہ کی رات تک صوبے میں بارشوں سے آنے والے سیلاب سے مرنے والوں کی تعداد 42 ریکارڈ کی گئی۔

صوبائی حکومت نے ہفتے کے روز ٹوئٹ میں کہا کہ پنجاب کے شہر ڈیرہ غازی خان میں ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے پانی گھروں میں داخل ہونے کے بعد کشتیوں میں لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔

اس حوالے سے مزید کہا گیا کہ انتظامیہ سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے

 

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close