پشاور : خیبرپختونخوا پولیس نے صوبے کی تاریخ کی سب سے بڑی آئس کھیپ پکڑ کر افغان سرغنہ سمیت پانچ ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے
تفصیلات کے مطابق کیپٹل سٹی پولیس پشاور نے بتایا ہے کہ خیبرپختون خوا پولیس نے آئس منشیات کے خلاف تاریخ کی سب سے بڑی کارروائی میں تقریباً 80 کلو گرام آئس برآمد کر کے بین الاقوامی سطح پر آئس کا دھندہ کرنے والا گروہ پکڑ لیا ہے، کارروائی میں افغانستان سے تعلق رکھنے والے سرغنہ سمیت پسنچ خطرناک اسمگلرز گرفتار کرلئے گئے ہیں
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان میں اسحاق، نعمت اللہ، افضل احمد عرف حاجی ملا، محمد عاکف اور محمد شان شامل ہیں، دو ملزمان کا تعلق ہمسایہ ملک افغانستان جب کہ تین ملزمان کوئٹہ بلوچستان کے رہائشی ہیں
سی سی پی او عباس احسن نے بتایا کہ ملزمان کے قبضہ سے مجموعی طور پر 80 کلو گرام آئس، اور اس کی اسمگلنگ میں استعمال ہونے والی دو عدد کاروں سمیت ڈجیٹل اسکیلز اور دیگر اشیاء بھی برآمد ہوئی ہیں ، قبضے میں لی گئی آئس کی مالیت دس کروڑ روپے سے زائد بنتی ہے
انہوں نے بتایا کہ ملزمان نے حیات آباد کے فیز II میں مکان کرائے پر حاصل کیا تھا، اور وہ آئس افغانستان سے اسمگل کرنے کے بعد حیات آباد والے گھر میں پیک کرتے تھے اور پیکنگ کے بعد آئس اندرون ملک سمیت ملک سے باہر بھی اسمگل کی جاتی تھی
سی سی پی او عباس احسن کا مزید کہنا تھا کہ حالیہ کارروائی سب سے اہم اور سب سے بڑی کامیابی ہے، منشیات اور آئس کی روک تھام کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ قلیل عرصہ میں متعدد آئس اور ہیروئن فیکٹریاں سیل گئی ہیں.