شہر کے ترقیاتی منصوبوں کے لئے ایم کیوایم اور پی ٹی آئی ارکان اسمبلی پر مشتمل کمیٹی قائم کی جائے گی۔
ذرائع سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق وفاقی حکومت نے کراچی کے معاملات اور ترقیاتی منصوبوں پر ایک اور کمیٹی کے قیام کا فیصلہ کیا ہے، کمیٹی میں ایم کیو ایم پاکستان اور تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی شامل ہوں گے، جب کہ کمیٹی کی سربراہی پی ٹی آئی رکنِ قومی اسمبلی نجیب ہارون کریں گے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ کمیٹی میں تمام متعلقہ وزارتوں کے سینئر افسران بھی شامل ہوں گے، کمیٹی کراچی ترقیاتی پیکج میں وفاقی منصوبوں پر تجاویز دے گی
ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے کراچی ٹرانسفارمیشن پیکج کے تحت منصوبوں کے لیے پیشرفت کا فیصلہ کیا ہے، پیکج کے تحت وفاقی منصوبوں کی منظوری وفاقی کابینہ سے لی جائے گی اور ٹرانسفارمیشن پیکج کے وفاقی منصوبوں کی فنڈنگ، وسائل کی دستیابی اور دیگر تفصیلات آئندہ ہفتے وفاقی کابینہ میں پیش کئے جانے کا امکان ہے، جب کہ وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کی زیرِ صدارت صوبائی تعاون و عملدرآمد کمیٹی کا اجلاس بھی 28 ستمبر کو متوقع ہے، جس میں اعلیٰ سول وعسکری حکام شریک ہوں گے۔