اسلام آباد : یوٹیلیٹی اسٹورز پر برانڈڈ گھی کی فی کلو قیمت میں مزید 38 روپے اور تیل کے فی کلو پیکٹ پر 33 روپے کا اضافہ کردیا گیا ہے. اس حوالے سے باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے
نوٹیفکیشن کے مطابق برانڈڈ گھی کی فی کلو قیمت میں 38 روپے تک اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد 354 روپے والا فی کلو برانڈڈ گھی کا پیکٹ 392 روپے میں دستیاب ہوگا
اسی طرح تیل کے فی کلو پیکٹ کی قیمت 33 روپے بڑھا دی گئی ہے، جس کے بعد برانڈڈ آئل کی فی کلوقیمت 355 سے بڑھا کر 388 کر دی گئی ہے
نوٹیفکیشن کے مطابق پانچ کلو والے برانڈڈ گھی کے ڈبے کی قیمت میں187 روپے تک اضافہ کیا گیا ہے، اور پانچ کلو والے گھی کی قیمت 1795 سے بڑھا کر 1982 روپے مقرر کی گئی ہے
واضح رہے کہ حکومت نے صرف 17 روز قبل ہی 15 اکتوبر کو مختلف برانڈز کے گھی کی قیمتوں میں 40 سے 1090 روپے تک کا اضافہ کیا تھا، اور یوٹیلیٹی اسٹورز پر ملنے والے ڈالڈا گھی کی فی کلو قیمت میں 109 روپے اور دس لیٹر کین میں 1090 روپے بڑھائے گئے تھے، جس کے بعد ڈالڈا گھی کا دس لیٹر کا کین 2500 روپے سے بڑھ کر 3590 روپے کا ہوگیا تھا
اسی طرح میزان گھی کے دس لیٹر ٹن کی قیمت میں 475 روپے کا اضافہ کیا گیا، جس کے بعد میزان گھی کے دس لیٹر ٹن کی قیمت 2885 سے بڑھا کر 3360 روپے مقرر کی گئی تھی
یوٹیلیٹی اسٹورز پر پانچ لیٹر پلانٹا کوکنگ آئل کی قیمت میں 463 روپے کا اضافہ کیا گیا تھا، جب کہ من پسند کوکنگ آئل کی قیمت 465 روپے تک بڑھا دی گئی تھی، جس کے بعد من پسند پسنچ لیٹر کوکنگ آئل ٹن کی قیمت 1245 سے بڑھ کر 1710 روپے ہوگئی تھی.
دوسری جانب چینی کی قیمت نے اونچی اڑان بھری ہے، اس کی ایکس ملز قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی، جس کی وجہ سے ملک کے کئی شہروں میں چینی 150 روپے فی کلو تک میں بھی فروخت ہونے لگی
پشاور کی ہول سیل مارکیٹ میں فی کلو گرام چینی کی قیمت میں آٹھ روپے کا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد صدر شوگر ڈیلرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ ہول سیل میں چینی 140 روپے کلو میں فروخت ہو رہی ہے، جبکہ اس کی ریٹیل قیمت 145 سے ڈیرھ سو روپے فی کلو تک ہو گئی ہے
ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں ہول سیل میں چینی کی قیمت 138 روپے کلو تک پہنچ گئی ہے
کراچی میں چینی کی ایکس ملز قیمت گزشتہ شب تک 130 روپے کلو تھی جو اب 136 روپے کلو ہو گئی ہے۔
شہرِ قائد میں گزشتہ دو ہفتوں کے دوران چینی کی ایکس ملز قیمت 38 روپے فی کلو بڑھ چکی ہے، جبکہ ایکس ملز قیمت میں اضافے کے ساتھ ہول سیلز میں چینی کی قیمت 138 روپے کلو ہو گئی
کراچی میں ریٹیل سطح پر چینی کی قیمت کا اضافہ نئی خریداری پر منتقل ہو گا، حالانکہ ریٹیل سطح پر چینی کی فروخت 130 روپے فی کلو ہے
میرپورخاص کی ہول سیل مارکیٹ میں چینی کی قیمت میں 15 روپے فی کلو اضافہ ہوا ہے جس کے بعد ہول سیل مارکیٹ میں چینی کی قیمت 132 روپے کلو ہو گئی ہے
بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں چینی کی قیمت میں 5 روپے فی کلو کا مزید اضافہ ہوا ہے
مارکیٹ ذرائع کے مطابق کوئٹہ میں چینی کی قیمت 124 سے بڑھ کر 129 روپے فی کلو ہو گئی ہے، یہاں گزشتہ روز چینی کی فی کلو قیمت میں 11 روپے کا اضافہ ریکارڈ ہوا تھا
مارکیٹ ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ 2 روز قبل کوئٹہ میں چینی 113 روپے فی کلو میں فروخت کی جا رہی تھی.
۔