کے ڈی اے کا سرجانی ٹاؤن میں بڑا رہائشی پروجیکٹ بنانے کا فیصلہ

نیوز ڈیسک

کراچی : ادارہ ترقیات کراچی (کے ڈی اے) نے سندھ حکومت کی اجازت سے شہر میں بڑا رہائشی پروجیکٹ بنانے کا فیصلہ کیا ہے

تفصیلات کے مطابق کے ڈی اے نے سندھ حکومت کی منظوری کے بعد سرجانی ٹاؤن سیکٹر 7 بی میں بیس ہزار گز پر ایک رہائشی منصوبے پر کام شروع کر دیا ہے، یہ رہائشی منصوبہ بین الاقومی طرز پر تعمیر کیا جائے گا جس میں کوئی دکان نہیں ہوگی

بیس ہزار گز کی اراضی پر تعمیر ہونے والا رہائشی پروجیکٹ سولہ منزلہ ہوگا، جس میں تیز ترین لفٹ لگائی جائیں گی اور اس میں وسیع کار پارکنگ ہوگی

کے ڈی اے حکام نے بتایا ہے کہ رہائشی منصوبے میں کتنے اسکوائر فٹ پر فلیٹ ہوں گے، اس پر مشاورت جاری ہے. امکان ہے کہ 700 سے 1200 اسکوائر فٹ پر ایک فلیٹ تعمیر کیا جائے گا

کے ڈی اے حکام نے بتایا ہے کہ ابھی اس رہائشی منصوبے کے ڈیزائن پر کام چل رہا ہے، جو بہت جلد مکمل کر لیا جائے گا

جبکہ امکان ہے کہ اس اس رہائشی پروجیکٹ پر کام چار ماہ میں شروع کر دیا جائے گا، جو چار سال میں مکمل ہوگا

ادارے کا کہنا ہے کہ متوسط طبقے کے لیے اس میں بہت آسان شرائط رکھی جائیں گی. آسان اقساط پر پانچ سال میں ادائیگی کرنی ہوگی

کے ڈی اے کے حکام نے بتایا کہ جو بکنگ کے وقت قیمت مقرر کی جائے گی اس میں کسی قسم کا اضافہ نہیں کیا جائے گا

کے ڈی اے حکام نے بتایا کہ یہ رہائشی پروجیکٹ تین سو فٹ روڈ پر ہوگا، انتہائی کشادہ سڑکیں ہیں، سرجانی ٹاؤن کا اہم علاقہ ہے جب یہ رہائشی منصوبہ مکمل ہوگا تو اس کے اطراف میں نئی سڑکیں بھی تعمیر کی جائیں گی

ذرائع کا کہنا ہے کہ کے ڈی اے جلد اس رہائشی منصوبے کی بکنگ کا اشتہار اخبار میں دے گا

ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ایک رہائشی منصوبے میں ایک فلیٹ مارکیٹ سے کم ازکم تیس سے چالیس لاکھ کم کا ہوگا، تاہم اب تک اس کی قیمت مقرر نہیں کی جا سکی ہے لیکن کے ڈی اے نے اس کا پورا ہوم ورک کر لیا ہے

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس رہائشی منصوبے کا افتتاح بلاول بھٹو زرداری کریں گے اور کے ڈی اے کو سندھ حکومت کی بھرپور مدد میسر ہوگی.

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close