سان فرانسسکو : فیسبک کی زیر ملکیت پیغام رسانی کی اپیلیکیشن واٹس ایپ نے صارفین کا دیرینہ مطالبہ پورا کرتے ہوئے ایک ہی اکاؤنٹ چار ڈیوائسز پر چلانے کی باضابطہ اجازت دے دی ہے
ٹیکنالوجی کی دنیا پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ نے اپنے دنیا بھر میں موجود دو ارب سے زائد تمام صارفین کے لیے ’لنک یا ملٹی ڈیوائس‘ فیچر متعارف کرادیا ہے
اس فیچر کے تحت اب صارفین ایک ہی اکاؤنٹ کو چار مختلف ڈیوائسز میں استعمال کرسکیں گے، جن میں سے تین سیکینڈری میں شمار کی جائیں گی
چاروں ڈیوائسز سے صارفین پیغامات وصول اور بھیج سکتے ہیں، جبکہ آڈیو اور وڈیو کالنگ کی سہولت بھی تمام ڈوائسز پر ہی دستیاب ہوگی
اس فیچر کے تحت صارف کا مرکزی یا پرائمری فون کا انٹرنیٹ سے جڑنا ضروری نہیں ہے، بلکہ ایک بار ڈیوائس ایڈ ہونے کے بعد اگر موبائل کو گھر پر بھی رکھ دیا جائے تو کمپیوٹر، ویب اور ٹیب میں اکاؤنٹ استعمال کیا جاسکے گا
اس سے قبل واٹس ایپ کی جانب سے یہ فیچر آزمائش کے لیے بیٹا ورژن صارفین کے لیے پیش کیا گیا تھا، جس کے کامیاب تجربے کے بعد اب اسے اینڈروئڈ اور آئی او ایس صارفین کے لیے متعارف کرایا گیا ہے
واٹس ایپ صارف سیٹنگز میں جاکر جب لنک ٹو ڈیوائس پر کلک کرے گا، تو اُس کے سامنے اکاؤنٹ جوڑنے کا آپشن آئے گا، جس پر کلک کرنے کے بعد کم از کم ایک بار بار کوڈ اسکین کرنا ضروری ہے
اس کو صارف اپنی مرضی سے لاگ آؤٹ کرے گا، ایسی صورت میں اختیار ہوگا کہ وہ تمام ڈیوائسز یا مرضی کی ڈیوائس سے اکاؤنٹ کا تعلق ختم کردے۔ دوبارہ لاگ ان کرنے کے لیے بار کوڈ استعمال کرنا ہوگا۔