ناظم جوکھیو کا موبائل کنویں میں پھینکا، ملزمان. جام کریم کی ضمانت منظور

نیوز ڈیسک

ملیر کراچی : شہید ناظم جھوکیو قتل کیس میں گرفتار دو ملزمان نے مقتول کا موبائل فون کنویں میں پھینکنے کا اعتراف کیا ہے

جبکہ ناظم جوکھیو قتل کیس میں نامزد ملزم رکن قومی اسمبلی جام عبدالکریم کی حفاظتی ضمانت منظور کر لی گئی ہے

تفصیلات کے مطابق تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ ناظم جوکھیو قتل کیس میں گرفتار دو ملزمان نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے مقتول کا موبائل فون میمن گوٹھ میں کئی سال سے خشک پڑے ہوئے پچاس سے ساٹھ فٹ گہرے کنویں میں پھینکا تھا

تفتیشی حکام نے بتایا کہ ملیر کے میمن گوٹھ میں واقع اس خشک کنویں میں لوگ کچرا ڈال کر جلاتے ہیں اور غیر معمولی تپش کی وجہ سے کنویں میں موبائل فون نہیں ڈھونڈا جاسکا ہے

کیس کے تفتیشی حکام کا مزید کہنا تھا کہ لوگوں کو فی الحال اس کنویں میں کچرا جلانے سے روک دیا ہے تاکہ کنواں ٹھنڈا ہونے کے بعد اس میں موبائل فون تلاش کیا جائے

واضح رہے کہ گزشتہ روز عدالت میں تفتیشی ٹیم کے حکام نے بتایا تھا کہ مقتول ناظم جوکھیو کے موبائل فون کا ڈیٹا ریکارڈ مل گیا ہے، تاہم وڈیو میں نظر آنے والی غیرملکیوں کے زیر استعمال گاڑی کا رکارڈ ایکسائز کے پاس سے نہیں مل سکا ، کسٹم حکام سے گاڑی کی تفصیلات حاصل کر رہے ہیں

اس سے قبل تفتیشی ٹیم کی جانب سے جمع کیے گئے ابتدائی شواہد کے مطابق ناظم جوکھیو کے قتل کےوقت جام عبدالکریم، جام اویس کے جام ہاؤس میں موجودگی کے شواہد ملے تھے

ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس نے ڈجیٹل رکارڈ کیس کا حصہ بنالیا ہے اور جام کریم کے سیکریٹری نیاز سالار کا ناظم جوکھیو کے بھائی افضل کو کیے گئے فون کا رکارڈ بھی مل گیا ہے. نیاز سالار کے فون کے بعد ناظم جوکھیو کی لوکیشن قتل کی جگہ پر آئی

دوسری جانب ناظم جوکھیو قتل کیس میں نامزد ملزم میمبر قومی اسمبلی جام عبدالکریم کی حفاظتی ضمانت منظور کر لی گئی ہے

بلوچستان ہائی کورٹ نے جام عبدالکریم کی حفاظتی ضمانت منظور کی، درخواست گزار کی پیروی ساجد ترین ایڈوو کیٹ نے کی

چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ جسٹس نعیم اختر افغان نے جام عبدالکریم کو پندرہ دن میں متعلقہ عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا

واضح رہے کہ جام عبدالکریم کا چھوٹا بھائی رکن سندھ اسمبلی جام اویس سمیت چھ ملزمان ناظم جوکھیو قتل کیس میں گرفتار ہیں

شہید ناظم جوکھیو قتل کیس میں مقتول کے اہل خانہ نے جام کریم سمیت مزید افراد کے نام بیانات میں دیئے تھے، جبکہ گرفتار ایم پی اے جام اویس کے ڈیرے سے ڈی وی آر بھی پولیس کی تحویل میں ہے

پولیس نے کیس میں اغوا کی دفعہ 365 بھی شامل کر لی ہے اور ایم این اے جام عبدالکریم کو بھی ملزمان میں شامل کرلیا ہے

تفتیشی افسر کے مطابق واقعہ میں جام عبدالکریم سمیت مزید 16 افراد کو نامزد کیا گیا ہے جن میں 5 ملزمان نامعلوم ہیں، واقعہ کا مقدمہ قتل کی دفعہ کے تحت درج ہے.

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close