پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی کرکٹ ٹیم کے دورہء نیوزی لینڈ میں ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کے شیڈول کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق کرکٹ بورڈ نے پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں شامل دو ٹیسٹ اور تین ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل سیریز کے شیڈول اور وینیوز کا اعلان کردیا ہے، دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ ماؤنٹ مانگنوئی اور دوسرا کرائسٹ چرچ میں کھیلا جائے گا
پاکستان کرکٹ بورڈ نے دورہء نیوزی لینڈ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ماؤنٹ مانگنوئی میں کھیلا جانے والا باکسنگ ڈے ٹیسٹ میچ 26 سے 30 دسمبر تک جاری رہے گا، جس کے بعد دونوں ٹیمیں کرائسٹ چرچ میں مدمقابل آئیں گی جہاں سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ 3 جنوری سے شروع ہوگا
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 2 ٹیسٹ میچوں سے قبل تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز بھی کھیلی جائے گی۔ ٹی ٹوئنٹی سیریز کا پہلا میچ 18 دسمبر کو آکلینڈ، دوسرا 20 دسمبر کو ہملٹن اور تیسرا 22 دسمبر کو نیپئر میں کھیلا جائے گا
ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ پی سی بی ذاکر خان کا کہنا ہے کہ پاکستان کے لیے یہ سیریز انتہائی اہمیت کی حامل ہے، کیونکہ اس کے بعد پاکستان کو آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں صرف جنوبی افریقا کے خلاف ہی ٹیسٹ میچز کھیلنے ہیں، پرامید ہیں کہ پاکستان کرکٹ ٹیم ایونٹ کا اختتام شاندار انداز سے کرے۔
نیوزی لینڈ کرکٹ کے چیف ایگزیکٹوڈیوڈ ڈائٹ کا کہنا ہے کہ انہیں پاکستان کرکٹ ٹیم کی میزبانی کرکے ہمیشہ خوشی ہوئی ہے اور انہیں یقین ہے کہ اس مرتبہ بھی مداحوں کو ان دونوں ممالک کے درمیان ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کا انتظار ہوگا۔
پاکستان کا اسکواڈ 23 نومبر کو لاہور سے نیوزی لینڈ روانہ ہوگا، قومی اسکواڈ اپنے 14 روزہ قرنطینہ کی مدت لنکولن میں مکمل کرے گا۔ اس دوران اسکواڈ کو بائیو سیکیور ببل میں رہنا ہوگا جب کہ وہ کسی کرکٹ سرگرمی میں حصہ نہیں لے سکیں گے تاہم 14 روزہ قرنطینہ کے بعد یہ ببل ختم ہوجائے گا۔ نیوزی لینڈ روانے ہونے سے قبل قومی کھلاڑیوں اور سپورٹ اسٹاف کے کوویڈ-19 ٹیسٹ لاہور میں لیے جائیں گے.