اسلام آباد : پیپلزپارٹی کے کو چیئرمین اور ملک کے سابق صدر آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ عمران خان کو لانے والے اب اعتراف کر رہے ہیں کہ ان سے غلطی ہوگئی، اب وہ اس غلطی کو کیسے ٹھیک کریں یہ اللّٰہ کو بہتر معلوم ہے
اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سابق صدر نے گلگت بلتستان کے سابق چیف جج سے متعلق سوال پر کہا کہ ہم پہلے ہی یہ راستہ دیکھ چکے ہیں، جسٹس قیوم کے ساتھ سیف الرحمٰن اور کچھ دوستوں کی ٹیپ بھی تھی
آصف زرداری سے مریم نواز سے متعلق سوال پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ مریم نواز میری بیٹیوں جیسی ہیں، ان کی درخواست سے متعلق بات نہیں کروں گا
سابق صدر کا کہنا تھا کہ عمران خان کی حکومت مدت پوری نہیں کرے گی
واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس عامر فاروق پر مشتمل ڈویژن بنچ نے آصف زرداری کی گولڈ ریفرنس اور ارسس ٹریکٹرز ریفرنس میں احتساب عدالت سے بریت کے خلاف نیب اپیلوں کی سماعت کی
نیب پراسیکیوٹر نے سابق صدر آصف علی زرداری کی دو ریفرنسز میں بریت کے خلاف 2014ع سے زیر التوا اپنی ہی اپیلوں پر دلائل کے لئے پھر ایک ماہ کی مہلت مانگی
اسلام آباد ہائی کورٹ نے دلائل کے لئے دو ہفتے کی آخری مہلت دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر نیب نے آئندہ سماعت پر دلائل نہ دئیے تو موجود ریکارڈ پر فیصلہ کر دیں گے.