کراچی : آل پاکستان پیٹرول پمپ ڈیلرز ایسوسی ایشن نے 25 نومبر کو ملک بھر میں پیٹرول پمپس بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ ڈیلرز کا کہنا ہے کہ حکومت ڈیلرز کے مارجن میں 6 فیصد اضافہ کرنے میں ناکام ہو چکی ہے
آل پاکستان پیٹرول پمپ ڈیلرز ایسوسی ایشن کے سیکریٹری اطلاعات نعمان علی بٹ کا کہنا تھا کہ 25 نومبر کو ملک بھر میں پیٹرول پمپس بند رہیں گے
انہوں نے کہا کہ حکومت نے ان کا مطالبہ منظور نہیں کیا اور جب تک مارجن 6 فیصد تک بڑھایا نہیں جائے گا، تب تک حکومت سے کوئی مذاکرات نہیں کیے جائیں گے
قبل ازیں ڈیلرز نے حکومت پر مارجن بڑھانے سے متعلق تاخیری حربے استعمال کرنے کا الزام لگاتے ہوئے 5 نومبر کو ملک بھر میں ہڑتال پر جانے کی دھمکی دی تھی
جس کے بعد 3 نومبر کو وزیر توانائی حماد اظہر کی سربراہی میں حکومتی وفد نے چند دنوں میں پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت پر مارجن بڑھانے پر رضامندی کا اظہار کیا تھا جس پر ڈیلرز ایسوسی ایشن نے اپنی احتجاجی ہڑتال کی کال واپس لے لی تھی
اجلاس میں سیکریٹری پیٹرولیم ڈاکٹر ارشد کی سربراہی میں اسٹیک ہولڈرز پر مشتمل کمیٹی بھی تشکیل دی گئی تاکہ 15 نومبر کو اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) اور وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد مارجن بڑھانے سے متعلق معاہدے کا اطلاق کیا جائے.