کراچی : قومی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر شاداب خان نے گزشتہ روز ڈیبیو کرنے والے فاسٹ بولر شاہنواز ڈاھانی کو ٹیم کا وزیر خارجہ قرار دے دیا
بنگلادیش کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں کامیابی کے بعد شاداب خان نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر قومی ٹیم اور شاہنواز ڈاھانی کے لیے خصوصی پیغام جاری کیا
شاداب خان نے اپنے ٹوئٹ میں سیریز جیتنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے بہترین میزبانی کے لیے بنگلا دیش کا شکریہ ادا کیا اور لکھا کہ ’ہماری ٹیم کے وزیر خارجہ شاہنواز ڈاھانی کو ان کے ڈیبیو پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، دُعا ہے کہ آپ مسکراتے رہیں اور اپنی کرکٹ سے لطف اندوز ہوتے رہیں۔‘
شاداب خان کے ٹوئٹ پر ردّعمل دیتے ہوئے شاہنواز ڈاھانی نے اُن کا شکریہ ادا کیا اور ساتھ ہی اُنہیں ٹیم کا وزیر خارجہ کہنے کی وجہ بھی پوچھی
جس پر شاداب خان نے کہا کہ جس طرح آپ نے ہر جگہ ہماری ٹیم کی نمائندگی کی ہے اور بین الاقوامی کرکٹرز اور ٹیموں کے ساتھ اسپورٹنگ اسپرٹ دِکھائی ہے تو آپ ہمارے دلوں کے وزیرِ خارجہ ہیں
واضح رہے کہ قومی ٹیم میں ڈیبیو کرنے والے فاسٹ بولر شاہنواز ڈاھانی نے اپنے پہلے ہی اوور کی تیسری بال پر وکٹ لے کر ٹی ٹوئنٹی انٹر نیشنل میں اپنی وکٹوں کا کھاتہ کھولا
میچ کے بعد ٹوئٹر پر شاہنواز ڈاھانی نے میچ میں پہلی وکٹ لینے کی تصویر شیئر کی اور اللہ کا شکر ادا کرتے ہوئے لکھا کہ پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی سیریز اپنے نام کی، میں نے اپنا پہلا انٹرنیشنل میچ کھیلا، میرا خواب پورا ہوا، بنگلادیشی شائقین کی جانب سے ڈھیر سارا پیار ملا. ڈاھانی نے سپورٹ کرنے پر اپنے پاکستانی مداحوں کا بھی شُکریہ ادا کیا
واضح رہے کہ صوبہ سندھ سے تعلق رکھنے والے بہت سے کھلاڑی پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم میں کھیل چکے ہیں مگر ان کی اکثریت کا تعلق صوبائی دارالحکومت کراچی یا صوبے کے دوسرے بڑے شہر حیدر آباد سے تھا، مثال کے طور پر جاوید میانداد، راشد لطیف، معین خان، سرفراز احمد پاکستانی ٹیم کے کپتان رہ چکے ہیں۔ اسی طرح شرجیل خان کا تعلق حیدرآباد سے ہے۔ مگر دھانی کے بارے میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ وہ سندھ کے کسی اور شہر سے آ کر قومی ٹیم میں شامل ہونے والے پہلے کھلاڑی ہیں.