نیوزی لینڈ کے اعجاز پٹیل اننگ میں 10 وکٹیں حاصل کرنے والے تیسرے باؤلر بن گئے

نیوز ڈیسک

ممبئی – بھارتی نژاد کیوی اسپنر اعجاز پٹیل نے بھارت کے خلاف کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ میں ایک ہی اننگ میں 10 وکٹیں حاصل کرنے کا اعزاز حاصل کرلیا، یہ کارنامہ سرانجام دینے والے وہ دنیا کے تیسرے باؤلر بن گئے

ممبئی کے وینکھڈے اسٹیڈیم میں بھارت اور نیوزی لینڈ کے مابین کھیلے جا رہے دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن کھانے کے وقفے کے بعد اعجاز پٹیل نے محمد سراج کی وکٹ حاصل کرتے ہوئے یہ اعزاز اپنے نام کیا۔ انہوں نے 10 وکٹیں حاصل کرنے کے لیے 119 رنز دیے

دوسرے ٹیسٹ میچ کا آغاز بارش کی وجہ سے متاثر ہوا۔ بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا

بھارتی اننگ کا آغاز تو بہت اچھا رہا اور 80 رنز تک کوئی کھلاڑی بھی آؤٹ نہیں ہوا تھا، لیکن پھر اعجاز پٹیل کا جادو چلا اور انہوں نے 80 رنز پر ہی 3 بھارتی کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھادی

یہاں اہم بات یہ رہی کہ چیتیشور پجارا اور بھارتی کپتان ویرات کوہلی بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے تھے

لیکن پھر مایانک اگروال اور شہریار ایئر نے ٹیم کو سہارا دیا اور چوتھی وکٹ کے لیے مزید 80 رنز کی شراکت داری قائم کی، لیکن دن کے آخر میں اعجاز پٹیل نے شہریار ایئر کو آؤٹ کرکے اپنی ٹیم کی مشکلات میں کچھ کمی کی

میچ کے دوسرے دن پہلی مرتبہ بھارت میں ٹیسٹ کھیلنے والے تینتیس سالہ اعجاز پٹیل بھارتی بیٹنگ لائن کے لیے خطرہ بنے رہے اور وہ وقفے وقفے سے وکٹیں حاصل کرتے رہے۔ اس دوران اگروال نے اپنے 150 رنز مکمل تو ضرور کیے لیکن وہ بھی بالآخر اعجاز پٹیل کا ہی شکار بنے

واضح رہے کہ اس سے پہلے ٹیسٹ کرکٹ کی ایک ہی اننگ میں 10 وکٹیں حاصل کرنے کا کارنامہ انگلینڈ کے جم لیکر اور بھارت کے انیل کمبلے نے انجام دیا تھا

جم لیکر نے 1956ء میں آسٹریلیا کے خلاف پہلی مرتبہ یہ ریکارڈ بنایا تھا۔ انہوں نے اولڈ ٹریفرڈ کے مقام پر محض 53 رنز دیکر پوری آسٹریلوی ٹیم کو پویلین کی راہ دکھائی تھی۔ ان کے بعد بھارتی اسپنر انیل کمبلے نے 1998ء میں نئی دہلی کے میدان پر پاکستان کے خلاف یہ کارنامہ انجام دیا تھا اور انہوں نے 74 رنز دے کر 10 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا

اس طرح اعجاز پٹیل جم لیکر اور انیل کمبلے کا ریکارڈ برابر کرتے ہوئے ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں یہ کارنامہ انجام دینے والے دنیا کے تیسرے بولر بن گئے ہیں

واضح رہے اعجاز پٹیل اپنے خاندان کے ساتھ 1996 میں بھارت سے نیوزی لینڈ ہجرت کرکے آئے تھے اور وہ نیوزی لینڈ کی قومی ٹیم کے لیے کھیلنے والے پانچویں بھارتی نژاد کھلاڑی ہیں

ان سے قبل انڈین نژاد کھلاڑی ٹیڈ بیڈکوک، ٹام پونا، اش سودھی اور جیت راول نیوزی لینڈ کی نمائندگی کرچکے ہیں

انڈیا کے سابق لیگ اسپنر انیل کمبلے نے اعجاز پٹیل کو 10 وکٹیں حاصل کرنے پر سراہا اور کہا ’ویلکم ٹو دا کلب‘۔
سابق انڈین اسپنر کا کہنا تھا کہ ٹیسٹ میچ کے پہلے اور دوسرے دن دس وکٹیں لینا خاص کوششوں کا نتیجہ ہے

انڈیا کے ایک اور سابق اسپنر ہربھجن سنگھ نے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ’اعجاز پٹیل، یہ زندگی بھر یاد رکھا جائے گا۔ مجھے کھڑے ہو کر تالیاں بجانے دیں۔‘

آسٹریلین بیٹسمین ایرون فنچ بھی اعجاز پٹیل سے متاثر ہوئے بغیر نہ رہ سکے اور نیوزی لینڈ کے اسپنر کی کارکردگی کی تعریف کی

انڈیا کے سابق بیٹسمین وی وی ایس لکشمن نے لکھا کہ اعجاز پٹیل نے یہ کارنامہ اسی شہر میں سرانجام دیا، جہاں وہ پیدا ہوئے تھے

یاد رہے کہ دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ کانپور میں بے نتیجہ ختم ہوا تھا، جبکہ اس سے قبل ٹی 20 سیریز انڈیا نے 3-0 سے جیتی تھی.

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close