کراچی – معروف امریکی کمپنی نے پاکستان میں سیٹلائٹ براڈ بینڈ سروسز شروع کرنے اور جلد اپنا دفتر کھولنے کا اعلان کیا ہے
تفصیلات کے مطابق معروف امریکی کمپنی اسٹارلنک نے پاکستان میں سیٹلائٹ براڈ بینڈ سروسز شروع کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے جلد پاکستان کے نام سے رجسٹرڈ اپنا دفتر کھولنے کا اعلان کیا ہے، جو جنوبی ایشیا میں اپنی نوعیت کا پہلا آفس ہوگا
یہ فیصلہ وفاقی وزیر آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن سید امین الحق سے عالمی براڈ بینڈ کمپنی اسٹار لنک کے وفد کی ملاقات میں ہوا
وفد میں ڈائریکٹر مشرق وسطیٰ ریان گڈ نائٹ اور ہیڈ آف گلوبل سائٹ ایکوزیشن بین میکولیم شامل تھے
ملاقات کے دوران پاکستان میں سیٹلائٹ براڈ بینڈ کنیکٹیویٹی کی فراہمی کے حوالے سے اقدامات پر تفصیلی گفتگو کی گئی اور پاکستان کو عالمی نیٹ ورک سے منسلک کرنے کے لیے مستقبل کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا
اس موقع پر وفاقی وزیر برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن سید امین الحق نے کہا کہ پاکستان ڈجیٹل دنیا سے منسلک ہونے کے لئے بھرپور اقدامات کررہا ہے، ملک میں چالیس ہزار اسکولوں ، چھوٹے تجارتی اداروں سمیت براڈ بینڈ کنکٹویٹی سے منسلک ہونے کے لئے وسیع مواقع ہیں
امین الحق کا کہنا تھا کہ اسٹار لنک کے منصوبوں کی تکمیل کے لئے ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے.