اوہایو – آپ نے قیمتی اشیا، نقدی، موبائل، زیورات، کار اور ٹرکوں کی چوری کے متعلق تو ضرور سن رکھا ہوگا، بلکہ اس طرح کی چوری کی خبروں کے ہم اس قدر عادی ہو چکے ہیں، کہ ایسی چوری کی خبر ہمیں کوئی خبر ہی نہیں لگتی
لیکن اب عجیب خبر یہ ہے کہ امریکی ریاست اوہایو میں چوروں نے پیدل چلنے والوں کے لیے بنایا گیا ایک طویل پل چرا لیا ہے، جس کی لمبائی اٹھاون فٹ ہے
یہ پل ایک دریائی ندی”کویا ہوگا“ کے آرپار موجود تھا، جو مڈل بیری رن پارک کا حصہ ہے
ندی کی بحالی کا کام جاری تھا جس کے لیے وقتی طور پر پل کو ہٹایا گیا تھا، لیکن حیرت انگیز طور پر وہ وہاں سے غائب ہوگیا اور اب تک نہیں ملا۔ اس پل کی قیمت چالیس ہزار ڈالر کے لگ بھگ بتائی جارہی ہے
ابتدائی تفتیش کے بعد معلوم ہوا ہے کہ چور اس پل کو کھول کر ایک یا ایک سے زائد ٹرکوں میں رکھ کر لے گئے ہیں، لیکن پولیس پریشان ہے کہ وہ اس پل کا کیا کریں گے؟
اپنی ساخت کی بنا پر اسے اٹھانا اور ہلانا بہت آسان تھا۔ پل کا غالب حصہ پالیمر پر مشتمل تھا، جسے نٹ بولٹ سے جوڑا گیا تھا
پولیس کے مطابق اسے کھولنا تو آسان تھا، لیکن اسے دوبارہ بند کرنا بہت مشکل ہے
تفتیشی افسران کے مطابق پل کے مختلف حصے مختلف اوقات میں لے جائے گئے ہیں
ماہرین کے مطابق اگر کوئی اس پل کو ری سائیکل کرکے استعمال کرنا یا فروخت کرنا چاہتا ہے، تو یہ بھی کوئی اچھا طریقہ نہیں ہے، کیوں کہ ری سائیکل ہونے کے بعد اس کی قدر بہت ہی کم رہ جائے گی
پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر کوئی چوروں کے بارے میں کچھ جانتا ہے تو وہ ضرور مدد کرے.