آٹھ برس بعد پروین رحمان قتل کیس کا فیصلہ، قتل کا پس منظر کیا ہے؟

نیوز ڈیسک

کراچی – اورنگی پائلٹ پروجیکٹ کی ڈائریکٹر پروین رحمان قتل کیس کا آٹھ برس بعد فیصلہ ہوگیا ہے، انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے جرم ثابت ہونے پر چار مجرموں کو دو دو بار عمر قید کی سزا سنائی ہے

کراچی سینٹرل جیل میں قائم انسداد دہشت گردی کمپلیکس میں واقع خصوصی عدالت نے اورنگی پائلٹ پروجیکٹ کی ڈائریکٹر پروین رحمان قتل کا فیصلہ سنایا۔ سماعت کے موقع پر جیل حکام کی جانب سے گرفتار پانچ ملزمان محمد رحیم سواتی، ایاز علی عرف سواتی، محمد امجد حسین خان، احمد خان عرف احمد علی عرف پپو شاہ کشمیری اور محمد عمران سواتی کو پیش کیا گیا

استغاثہ ملزمان کے خلاف جرم ثابت کرنے میں کامیاب رہا۔ عدالت نے مجرموں پر دہشت گردی کا جرم ثابت ہونے پر عمر قید کی سزا اور فی کس دو لاکھ روپے جرمانہ عائد کردیا، جرمانوں کی عدم ادائیگی کی صورت میں مجرمان کو مزید چھ ماہ قید کی سزا بھگتنا ہوگی

عدالت نے مجرموں پر قتل کا جرم ثابت ہونے پر عمر قید کی سزا اور فی کس ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا۔ جرمانوں کی عدم ادائیگی کی صورت میں مجرمان کو مزید چھ ماہ قید کی سزا بھگتنا ہوگی

اسی طرح عدالت نے چاروں مجرموں کو شواہد مٹانے کا جرم ثابت ہونے پر سات سال قید اور فی کس پچاس ہزار روپے جرمانے کی سزا بھی سنائی۔ جرمانوں کی عدم ادائیگی کی صورت میں مجرمان کو مزید چھ ماہ قید کی سزا بھگتنا ہوگی

عدالت نے مجرمان ایاز علی عرف سواتی، محمد امجد حسین خان، احمد خان عرف احمد علی عرف پپو شاہ کشمیری اور محمد عمران سواتی کو تعزیرات پاکستان کی دفعہ 202 کے تحت جرم ثابت ہونے پر چھ ماہ قید اور فی کس پچیس ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی. جرمانوں کی عدم ادائیگی کی صورت میں مجرمان کو مزید تین ماہ قید کی سزا بھگتنا ہوگی

عدالت نے کیس میں اشتہاری دو ملزمان موسیٰ اور شہداد کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری بھی جاری کر دیے ہیں

پروین رحمان کون تھیں؟

پروین رحمان مشرقی پاکستان (موجودہ بنگلہ دیش) کے دارالحکومت ڈھاکہ میں 22 جنوری سنہ 1957 میں پیدا ہوئیں اور پھر سقوط ڈھاکہ کے وقت ہونے والے قتل و غارت کے دلخراش مناظر کو اپنی آنکھوں سے دیکھتے ہوئے ہجرت کر کے کراچی پہنچیں

شاید یہی وجہ تھی کہ پھر وہ نہ صرف کراچی ہی کی ہو کر رہ گئیں، بلکہ شہرمیں متوسط طبقے والی آبادیوں کی جدید طرز پر تعمیر نو کے کام میں ایسے جت گئیں، کہ ان کی زندگی کے اکتیس سال شہر کے گردونواح میں قائم کچی آبادیوں کے گلی کوچوں میں گھومتے پھرتے گزر گئے

پروین رحمان نے ابتدائی تعلیم ڈھاکہ میں حاصل کی، لیکن بی اے کی ڈگری انجئیرنگ (آرکیٹیکچر) میں کراچی کے دائو کالج آف انجنئیرنگ اور ٹیکنالوجی سے سنہ 1981 میں حاصل کی اور اگلے ہی سال وہ کراچی کی کچی آبادیوں میں رہنے والے غریب لوگوں کو زندگی کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے کام کرنے والی ایک غیر سرکاری تنظیم اورنگی پائلٹ پروجیکٹ (او پی پی ) میں بغیر تنخواہ کے انٹرن کے طور پر ملازمت اختیار کرلی

تین دہائیوں پر مشتمل اپنے کرئیر کے دوران پروین رحمان نے کراچی کے پرانے گوٹھوں، غیرقانونی طور پر چلانے جانے والے پانی کے ہائیڈرنٹس اورسرکاری زمینوں پربڑے پیمانے پر ہونے والی غیرقانونی تجاوزات کو ڈاکومنٹ کیا

وہ سنہ 1988 میں اورنگی پائلٹ پراجیکٹ ریسرچ اینڈ ٹریننگ انسٹیٹیوٹ کی ڈائریکٹر مقرر ہوئیں تو کچی آبادیوں میں تعلیم، نوجوانوں کی تربیت، پانی کی فراہمی اورمحفوظ ہاؤسنگ کے پروگرامز ان کے ذمے لگے

ہیومن رائٹس کمیشن کی سپریم کورٹ کے دروازے پر دستک

پروین رحمان کے قتل کی دلخراش واردات کے اگلے ہی دن اس وقت کراچی پولیس کے ڈی آئی جی جاوید اوڈھو نے ایک پریس کانفرنس کے دوران یہ دعویٰ کیا تھا کہ پروین رحمان کو مبینہ طورپر قتل کرنے والے ایک دہشت گرد، جس کی شناخت قاری بلال کے نام سے کرائی گئی، کو منگھوپیر تھانے کے ایس ایچ او اشفاق حسین بلوچ نے ایک مقابلے کے دوران ہلاک کر دیا ہے

لیکن واقعے کے چھ مہینے تک قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے ’اصل‘ ملزمان کی گرفتاری میں ناکامی پر ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان نے انصاف کے حصول کے لیے سپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا۔ جس پر چیف جسٹس ناصر الملک کی سربراہی میں قائم ایک بینچ نے کراچی کے ایک ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کو اس واقعے کی جوڈیشل انکوائری کے لیے مقرر کیا

انکوائری کرنے والے جج نے اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا کہ پولیس کی جانب سے اس قتل کے حقائق (یا شواہد) کو بلادریغ مسخ کر کے پیش کیا گیا۔ جوڈیشل انکوائری میں یہ بھی سفارش کی گئی کہ پروین رحمان کے قتل کیس کی تفتیش ازسرنو کسی مستعد، آزاد اور ایماندار پولیس افسرسے کرائی جائے

جوڈیشل انکوائری کی سفارشات کے پیش نظر سپریم کورٹ نے صوبہ سندھ کے محکمہ داخلہ کو حکم دیا کہ قتل کی ازسرنو تفتیش کے لیے مختلف قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران پر مشتمل ایک جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) تشکیل دی جائے

نومبر 2014 میں ایک اعلیٰ پولیس افسرنے سپریم کورٹ کو بتایا کہ پروین رحمان نے سرکاری زمینوں کا ایک نقشہ تیار کیا تھا، جن پر مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے غیر قانونی طور پر قبضے کر رکھے تھے

پروین رحمان قتل کیس میں گرفتاریاں

جے آئی ٹی نے سنہ 2015 میں پروین رحمان کے قتل میں مبینہ طور پر ملوث ایک ملزم احمد خان عرف پپو کشمیری کو مانسہرہ سے گرفتار کیا جبکہ سنہ 2016 میں کراچی سے ایک اور ملزم رحیم سواتی کو گرفتار کیا، جن کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ ماضی میں اس علاقے سے عوامی نیشنل پارٹی کی طرف سے کونسلر منتخب ہو چکے تھے، جہاں اورنگی پائلٹ پراجیکیٹ کا دفتر قائم تھا۔ وہ مبینہ طور پر منگھو روڈ پر پانی کا ایک غیرقانونی ہائیڈرنٹ چلا رہے تھے

اس کے بعد پولیس نے رحیم سواتی کے بیٹے عمران سواتی، ایاز شامزئی عرف سواتی، محمد امجد حسین شاہ کو بھی گرفتار کیا

مارچ 2018 میں کراچی کی ایک انسداد دہشت گردی کی عدالت نے پانچوں گرفتار ملزمان پر فرد جرم عائد کی لیکن انھوں نے صحت جرم سے انکار کرتے ہوئے کیس لڑنے کا فیصلہ کیا

استغاثہ کے مطابق ملزمان ایاز شامزئی اور رحیم سواتی اورنگی پائلٹ پراجیکٹ کے پیر آباد میں قائم دفتر کے قریب رہتے تھے اور انھوں نے مبینہ طور پر پروین رحمان سے ان کے دفتر کی جگہ ایک کراٹے سنٹر کھولنے کے لیے مانگی تھی لیکن انھوں نے انکار کر دیا تھا

استغاثہ کے مطابق پروین رحمان کے انکار کے بعد جنوری سنہ 2013 میں رحیم سواتی کے گھر پر ملزمان نے ایک میٹنگ کی جس میں ان کے قتل کی پلاننگ کی گئی اور بعد ازاں ملزمان نے مبینہ طور پر کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے مقامی لیڈر موسیٰ عرف محفوظ اللہ عرف بھولو کو پیسے دے کر ان کو قتل کروایا

پروین رحمان کی بہن عقیلہ اسماعیل، جو ان کے قتل کے کیس میں مدعی ہیں، کے وکیل صلاح الدین پنہورکے مطابق سات سال کے عرصے میں سپریم کورٹ کے احکامات پر سندھ حکومت نے چار جے آئی ٹیز تشکیل دیں لیکن ان کی مؤکلہ نے سندھ پولیس پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے سپریم کورٹ سے استدعا کی تھی کہ وہ وفاقی حکومت کو حکم دے کہ وفاقی تفتیشی ادارے (ایف آئی اے) پر مشتمل نئی جے آئی ٹی تشکیل دے جو ان کی بہن کے قتل کی ایک بار پھر ازسرنو تفتیش کرے

اپریل 2018 میں جے آئی ٹی نے یہ انکشاف کیا کہ تفتیش سے یہ بات ثابت ہوئی ہے کہ پروین رحمان کے قتل سے کراچی میں لینڈ مافیا کو واضح طور پر فائدہ ہوا تھا

عقیلہ اسماعیل کے وکیل صلاح الدین پنہور کہتے ہیں کہ ملزم رحیم سواتی نے دوران حراست پولیس کے سینئیر سپرنٹنڈنٹ اختر فاروقی کے سامنے اپنے اقبالی بیان میں اقرار کیا تھا کہ پروین رحمان کا قتل منگھو پیر میں اے این پی کے مقامی رہنمائوں نے طالبان کو پیسے دے کر کروایا تھا

وہ کہتے ہیں کہ ’یہ اقبالی بیان انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997 کی شق 21 کے تحت پولیس کے ایس ایس پی کے روبرو قلمبند کیا گیا، بہت کم کیسزمیں ایسا ہوتا ہے کیونکہ عموماً ملزمان کا اقبالی بیان کرمنل پروسیجر کوڈ کی شق 164 کے تحت جوڈیشل مجسٹریٹ کے سامنے قبلمبند کیا جاتا ہے۔‘

’لیکن پولیس افسرکے سامنے دیے گئے اس اقبالی بیان کی قانون کی نظر میں اتنی ہی اہمیت ہے جتنی جوڈیشل مجسٹریٹ کے سامنے دیے گئے بیان کی۔‘

ٹرائل میں التوا

دسمبر سنہ 2018 میں مقدمے کی سماعت کرنے والی کراچی کی ایک انسداد دہشت گردی کی عدالت نے عقیلہ اسماعیل کی ایک درخواست مسترد کر دی جس میں یہ استدعا کی گئی تھی کہ پانچوں جے آئی ٹیز کے سربراہان اور ممبران کو طلب کر کے ان کے بیانات قلمبند کیے بغیر کیس کا فیصلہ نہ سنایا جائے کیونکہ قانون نافذ کرنے والے مختلف اداروں کے افسران، جو ان جے آئی ٹیزمیں شامل تھے، کے بیانات اہم ثبوت ہیں۔

اس سے قبل ملزمان نے اپنے بیانات قلمبند کرواتے ہوئے ایک مرتبہ پھر صحت جرم سے انکار کیا تھا اور استدعا کی تھی کہ انھیں ’جھوٹے‘ الزامات سے بری کیا جائے۔

تاہم عقیلہ اسماعیل نے سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر کے استدعا کی کہ جے آئی ٹیز کے افسران کے بیانات قلمبند کیے بغیر ٹرائل کورٹ کو مقدمے کا فیصلہ سنانے سے روکا جائے۔ اس پر سندھ ہائیکورٹ نے ٹرائل کورٹ کو درخواست پر حتمی فیصلے تک مقدمے میں حتمی دلائل سننے اور فیصلہ دینے سے روک دیا

فریقین کے وکلا کا کہنا ہے کہ کیس پہلے ہی مختلف جے آئی ٹیز کی جانب سے بار بار تفتیش کے باعث التوا کاشکار رہا جبکہ ہائیکورٹ کے حکم امتنیٰ کے باعث مقدمے کا ٹرائل مزید تقریباً ڈیڑھ سال تک زیر التوا رہا جبکہ اس وقت کیس استغاثہ اور ملزمان کے وکیل صفائی کی جانب سے حتمی دلائل سننے کے اہم مرحلے میں داخل ہونے والا تھا۔ لہٰذا اس عرصہ میں حتمی دلائل نہ سنے جا سکے

ستمبر 2020 میں سپریم کورٹ نے ٹرائل کورٹ کے جج کو ہدایت دی کہ پانچویں جے آئی ٹی کی جانب سے کیس کی تفتیش مکمل ہونے کے بعد ایک مہینے کے اندر وہ ٹرائل مکمل کر کے فیصلہ سنائے

لیکن کیس کے تفتیشی افسر نے فروری 2021 میں جے آئی ٹی کی رپورٹ پر مبنی حتمی چالان ٹرائل کورٹ میں جمع کرایا گیا

وکیل صفائی کا مؤقف

ملزمان کے وکیل صفائی ایڈووکیٹ شاہ امروز خان کا کہنا ہے کہ استغاثہ کے کیس میں جان نہیں

انھوں نے بتایا کہ پانچویں جے آئی ٹی نے یہ نتیجہ اخذ کیا کہ قتل ہونے سے پندرہ ماہ قبل پروین رحمان نے امریکی ریڈیو کے نمائندے فہد دیشمکھ کو ایک انٹرویو میں ملزم رحیم سواتی کو ’قبضہ مافیا اوربھتہ خور‘ کہا تھا اور الزام لگایا تھا کہ وہ ان کے دفتر کی زمین پر غیر قانونی قبضہ کرنا چاہتے ہیں

وہ کہتے ہیں کہ ’اپنے انٹرویو میں پروین رحمان نے دیگر اہم شخصیات کے بھی نام لیے تھے جن سے جے آئی ٹی نے تفتیش بھی کی تھی۔ان میں بحریہ ٹاؤن کے مالک ملک ریاض، متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار، اورنگی ٹاؤن سے ایم کیو ایم کے سابق ایم پی اے عبدالقدوس اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما تاج حیدر وغیرہ سے بھی تفتیش کی تھی لیکن جے آئی ٹی نے ان کو گواہ بنا کر عدالت میں پیش نہیں کیا اور نہ ہی ایسی شخصیات کے متعلق اپنی رپورٹ میں کوئی حتمی رائے دی۔‘

شاہ امروز خان کہتے ہیں کہ ’جے آئی ٹی کی رپورٹ میں کوئی ثبوت نہیں دیا گیا ماسوائے پروین رحمان کے ایک غیر ملکی ریڈیو کو دیے گئے انٹرویو کے اور محض ایک انٹرویو کی بنیاد پر تو ملزمان کو سزا نہیں دی جا سکتی۔‘

رحیم سواتی کے پولیس افسرکے روبرو مبینہ اقبالی بیان کے بارے میں ایڈووکیٹ شاہ امروز کہتے ہیں کہ اس بیان کی کوئی قانونی حیثیت نہیں کیونکہ یہ بیان جوڈیشل مجسٹریٹ کے روبرو قلمبند نہیں کیا گیا۔

وہ کہتے ہیں کہ ’سپریم کورٹ کا ایک فیصلہ ہے جس میں عدالت نے یہ کہا کہ اقبالی بیان چاہے وہ پولیس کے انسپکٹرجنرل (آئی جی) کے روبرو ہی کیوں نہ قلمبند کیا گیا ہو، عدالت میں اس کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ہوتی نہ ہی ٹرائل کورٹ ایسے بیان کو ثبوت تصورکر سکتی ہے۔‘

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close