کراچی کے ایک مندر میں توڑ پھوڑ کرنے والا شخص گرفتار

ویب ڈیسک

پولیس نے نارائن پورہ کے علاقے میں واقع ہندو مندر میں مورتیوں کو نقصان پہنچانے کے الزام میں ایک شخص کو گرفتار کر لیا۔

ایف آئی آر کے مطابق یہ واقعہ شام 6 بج کر 15 منٹ پر پیش آیا جس میں ولید محمد شبیر کے نام سے ایک شخص نے مجسموں پر حملہ کیا۔

علاقے کے رہائشی مکیش کمار نے بتایا کہ ان کی بیوی نے مشتبہ شخص کو مورتیوں پر ہتھوڑے سے حملہ کرتے دیکھا اور مندر کے آس پاس موجود علاقہ مکینوں نے بدمعاش کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا۔

واقعے کیخلاف ہندو باشندوں نے علاقے میں اور تھانے کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا اور حکومت سے اقلیتوں کو تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا اور حملہ آوروں کیخلاف نعرے بھی لگائے اور کہا کہ وہ اس واقعے کے بعد علاقے میں خود کو محفوظ محسوس نہیں کر رہے۔

ایک رہائشی نے کہا: "واقعے کے بعد ہر کوئی صدمے میں ہے، ہم مزدور اور بہت غریب لوگ ہیں ہم کسی کو نقصان نہیں پہنچاتے اور ہمیشہ دعا کرتے ہیں کہ لوگ ہماری عبادت گاہوں کا بھی احترام کریں۔”

پولیس اور رینجرز نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔

سندھ کے وزیر برائے اقلیتی امور گیان چند اسرانی نے ضلع جنوبی کی پولیس کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ایف آئی آر درج کی جائے اور ملزمان کو گرفتار کیا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایسے واقعات سے معاشرے میں بدامنی پیدا ہوتی ہے۔

یہ واضح نہیں ہو سکا کہ حملے کے پیچھے کیا مقصد تھا پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں اور علاقے کے ہندو باشندوں کو یقین دلایا ہے کہ انہیں مکمل سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔

 

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close