ممبئی – بالی وڈ اداکارہ ایشوریا رائے بچن کو بیرون ملک دولت چھپانے کی تحقیقات کے سلسلے میں بھارتی انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے طلب کیا اور پانچ گھنٹے تک تفتیش کی
دوسری جانب بھتہ خوری اور منی لانڈرنگ کے کیس گرفتار ایک بالیوڈ کی ایک اور معروف اداکارہ جیکولین فرنینڈس کے بارے میں نیا انکشاف سامنے آیا ہے
بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق ’انفورسمنٹ ڈائریکٹریٹ‘ 2016 میں پانامہ پیپرز کے منظر عام پر آنے کے بعد امیتابھ بچن کے خاندان کی بیرون ملک ترسیلات زر کے حوالے سے تحقیقات کررہا ہے
یہ تحقیقات ایک منی لانڈرنگ کیس میں کی جارہی ہیں جس کا اندراج ’پریوینشن آف منی لانڈرنگ ایکٹ 2002‘ کے تحت کیا گیا تھا
بھارتی میڈیا کے مطابق انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے بالی وڈ کی میگا اسٹار اورسابق حسینہ عالم ایشوریا رائے بچن کو پوچھ گچھ کے لئے طلب کیا تھا
امیتابھ بچن کی بہو اور ابھیشک بچن کی اہلیہ ایشوریا رائے بچن سے بیرون ملک دولت چھپانے کے بارے میں پانچ گھنٹے تک تفتیش کی گئی، جس کے بعد انہیں جانے دیا گیا
محکمہ کے باہر میڈیا نمائندے تفصیلات جاننے کے لئے بیتاب تھے، لیکن ایشوریا رائے نے خاموشی اختیار کی
واضح رہے کہ ای ڈی آفس میں ایشوریا رائے بچن کو پاناما پیپرز میں آف شورکمپنیاں رکھنے والوں کی فہرست میں نام آنے پر طلب کیا گیا تھا
اس سے قبل ایشوریا رائے کو 9 نومبر 2021 کو بھی سمن جاری کیا گیا تھا، جس میں انہیں پندرہ روز کے اندر جواب دینے کی ہدایت کی گئی تھی۔ ایشوریا رائے بچن نے جواب جمع کرانے کے لئے دو بار مہلت مانگی تھی
پاناما پیپرز میں ایشوریا رائے بچن کے ساتھ ان کے سسر امیتابھ بچن، اجے دیوگن اور دیگربالی وڈ اداکاروں کے نام بھی سامنے آئے ہیں
بھارتی حکام کی جانب سے اس کیس کے حوالے سے مزید معلومات منظر عام پر نہیں لائی گئی ہیں، تاہم بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق اسی کیس میں ایشوریا رائے بچن کے شوہر ابھیشیک بچن بھی شامل تفتیش ہیں
سوشل میڈیا صارفین اس حوالے سے دلچسپ تبصرے کر رہے ہیں۔ ایک صارف گرپریت گیری والیا نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ ’ایشوریا رائے بچن اس وقت ای ڈی (انفورسمنٹ ڈائریکٹریٹ) کے دفتر میں ہیں۔ اب اصل کون بنے گا کروڑپتی شروع ہوگا۔‘
یاد رہے ’کون بنے گا کروڑپتی‘ بھارتی ٹی وی کے بڑے شوز میں سے ایک ہے، جس کے میزبان امیتابھ بچن ہیں
صارف نے طنز کرتے ہوئے مزید لکھا کہ ’ایشوریا کو فون آ فرینڈ کا آپشن نہیں دیا جائے گا۔‘
تاہم ایشوریا کے پرستاروں کو پورا یقین ہے کہ وہ اس تحقیقات کے بعد اپنی بے گناہی ثابت کرنے میں کامیاب ہو جائیں گی
ابرام ادتیا نامی صارف نے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ایشوریا رائے بچن ’سسٹم کے ساتھ تعاون کریں گی۔ کوئی میڈیا ڈرامہ نہیں اور آپ تو ویسے بھی ای ڈی کے دفتر پہنچ چکی ہیں۔ ہمیں آپ پر فخر ہے۔‘
امیتابھ بچن نے بھی ایک ٹویٹ میں اس کیس کا ذکر کیے بغیر لکھا کہ ’سچ ایک ایسی چیز ہے جب ٹوٹتا ہے تو آواز نہیں آتی لیکن اس کی گونج زندگی بھر سنائی دیتی ہے۔‘
ادہر بھتہ خوری، منی لانڈرنگ اور کروڑوں روپے فراڈ کیس میں جیکولین فرنینڈس سے متعلق نیا انکشاف سامنے آیا ہے
بھارتی میڈیا کے مطابق دو سو کروڑ بھارتی روپے بھتہ وصول کرنے اور فراڈ کے الزام میں گرفتار ملزم سکیش چندرشیکھر سری لنکن نژاد بالی وڈ اداکارہ جیکولین فرنینڈز کو سپرہیرو بنانا چاہتا تھا اور اس مقصد کے لئے پانچ سو کروڑ روپے کی فلم بنانے کو تیار تھا
سکیش چندر سے تفتیش کرنے والی بھارتی انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کا کہنا تھا کہ سکیش جیل کے اندر سے بھی جیکولین سے مستقل رابطے میں تھا اور اس نے جیکولین کو دس کروڑ روپے مالیت کے تحائف دئیے تھے۔ اپنی دوبارہ گرفتاری سے پہلے سکیش چندر نے خصوصی طیارے کے ذریعے جیکولین کو بنگلور بھی بلوایا تھا
جیکولین فرنینڈز سے بھی انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے اگست میں پانچ گھنٹے تفتیش کی تھی
یاد رہے سکیش چندر نے بالی وڈ اداکاراؤں شلپا شیٹھی اور شردھا کپور کو مالی تحائف اور مدد فراہم کرنے کا دعویٰ بھی کیا ہے