نئی دلی – ماضی کی معروف اداکارہ اور موجودہ رکن اسمبلی جیہ بچن نے حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کو اپنے بارے میں نازیبا ریمارکس اور مخالفین پر جھوٹے مقدمات بناکر گرفتار کرنے پر کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے
بھارتی میڈیا میں شایع رپورٹس کے مطابق راجیہ سبھا میں ایک بل پر بحث کے دوران سماج وادی پارٹی کی رکن اسمبلی جیہ بچن نے اپنے بارے میں نازیبا ریمارکس دینے پر حکمراں جماعت کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ”لعنت ہو ایسی حکومت پر، جلد ان کے برے دن آنے والے ہیں۔“
جیہ بچن نے اپنے بارے میں حکمراں جماعت کے رکن کے نازیبا ریمارکس پر اسپیکر سے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے غیر جانبدار رہنے کے آئینی کردار سے اجتناب برتا ہے، جس پر اسپیکر نے نازیبا ریمارکس کو کارروائی سے حذف کردیا
جیہ بچن نے مزید کہا کہ بی جے پی کو چند ماہ بعد اترپردیش میں ہونے والے انتخابات میں اپنی شکست واضح نظر آرہی ہے، اس لیے وہ گھبراہٹ کا شکار ہیں
مخالف ارکان کی گرفتاری پر حکومت کے اس مؤقف پر کہ ملکی ایجنسیاں تفتیش میں آزاد ہیں، جیہ بچن کا کہنا تھا کہ کیا بی جے پی کے ارکان گنگا نہائے ہوئے ہیں۔ سب کے گناہ معاف ہوگئے ہیں۔ان کے خلاف ایجنسیز کارروائیاں کیوں نہیں کرتیں؟