بلوچستان اور پنجاب میں موسم سرما کی پہلی بارش، پاکستان کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری متوقع

نیوز ڈیسک

کراچی – اتوار و پیر کو ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے

محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار کو بلوچستان ،خیبر پختونخوا، پوٹھوہار، وسطی/ جنوبی پنجاب، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بارش اور برفباری کا امکان ہے

اس دوران پنجاب کے میدانی علاقوں میں رات و صبح کے اوقات میں دھند اور اسموگ چھائے رہے گی

ادارے نے بتایا ہے کہ مغربی ہواؤں کا سلسلہ بلوچستان میں داخل ہوا ہے جس کے باعث ملک کے بیشتر اضلاع میں گہرے بادلوں کا راج ہے، جس کے نتیجے میں اتوار کو سندھ و بلوچستان کے مختلف اضلاع میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش متوقع ہے جبکہ اس دوران بلوچستان کے پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے

دوسری جانب لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، گجرانوالہ، سیالکوٹ، چکوال، جہلم ، گجرات میں بھی بارشوں کا امکان ہے جبکہ نیلم، مری، گلیات، کاغان ناران، سکردو، گلگت، استور، ہنزہ، چترال، سوات مالم جبہ میں برفباری متوقع ہے

جبکہ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج رات سے کراچی میں ہلکی بارش کا سلسلہ شروع ہونے کی توقع ہے، جو کل رات تک وقفے وقفے سے جاری رہ سکتا ہے

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں 28 دسمبر سے سردی کی نئی لہر آنے کی توقع ہے، سردی کی نئی لہر کے اثرات 5 جنوری تک برقرار رہ سکتے ہیں، سردی کی لہر میں درجہ حرارت 10 ڈگری سے نیچے بھی جاسکتا ہے

محکمہ موسمیات کے مطابق آج دن بھر مطلع ابر آلود رہنے کا امکان ہے، کراچی میں آج کم سے کم درجہ حرارت 17 ڈگری سینٹی گریڈ رکارڈ ہوا، آج کم سے کم حدِ نگاہ ایک کلومیٹر رہی جب کہ آج ذیادہ سے ذیادہ درجہ حرارت 26 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی توقع ہے

ادہر پنجاب اور بلوچستان کے کچھ علاقوں میں موسم سرما کی پہلی بارش ہوئی ہے

پنجاب میں لودھراں، کبیر والا، گوجرہ، جہانیاں اور ٹوبہ ٹیک سنگھ سمیت کی علاقوں میں ہلکی بارش ہوئی ہے. بارش کے بعد دھند اور اسموگ میں کمی آ گئی، شمالی وزیرستان میں بھی ہلکی بارش ہوئی

بلوچستان میں مغربی ہواؤں کا سسٹم داخل ہونے سے کوئٹہ سمیت مختلف شہروں میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے

محکمۂ موسمیات کے مطابق بلوچستان میں برف باری اور بارش لانے والا یہی سسٹم آج اور کل کراچی میں بھی اثر انداز ہو سکتا ہے

وادیٔ کوئٹہ کے علاوہ مسلم باغ، کان مہتر زئی اور توبہ اچکزئی میں بھی بارش ہوئی، وادی زیارت اورگرد و نواح میں ہلکی برف باری ہوئی

بلوچستان کے شمالی حصوں میں بھی بادل برسے، زیارت اور قلعہ سیف اللّٰہ میں پہاڑوں نے سفیدی اوڑھ لی

وادیٔ زیارت میں سیاح خوب لطف اندوز ہوئے، خو ب ہلہ گلہ کیا، برف باری سے پہلے ہی زیارت میں سیاحوں کا رش لگ گیا تھا

محکمۂ موسمیات کے مطابق آج کوئٹہ، قلات، زیارت، کوہلو، سبی، بارکھان، خضدار، ژوب، چمن، پشین اور نصیر آباد میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے

چمن میں بھی گہرے بادل چھا گئے اور یخ بستہ ہواؤں نے موسم سرد کردیا

وادی کوئٹہ میں گرج چمک کے ساتھ جبکہ پاک ایران اور پاک افغان سرحدی علاقوں میں ہلکی بارش سے موسم ٹھنڈا ہوگیا ہے

کوئٹہ میں گزشتہ رات بارش کے بعد سے شہر کے کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہے، صارفین کو مشکلات کا سامنا ہے

کوئٹہ میں گزشتہ رات بارش کے بعد سے شہر کے مختلف وسطی اور نواحی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوئی، بجلی کی معطلی کا سلسلہ گزشتہ کئی گھنٹوں سے جاری ہے جس کی وجہ سے صارفین کو مشکلات پیش آرہی ہیں۔

ترجمان کیسکو کے مطابق شہر اور نواحی علاقوں میں 19 فیڈرز فنی خرابی کے باعث بند ہوگئے ہیں، متاثرہ فیڈرز سے منسلک علاقوں کو بجلی کی فراہمی معطل ہے، متاثرہ فیڈرز پر فنی خرابی دور کرنے کے لئے پیٹرولنگ جاری ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close