کیچ بلوچستان میں جنگلی حیات کے غیرقانونی شکار پر سوشل میڈیا صارفین برہم

نیوز ڈیسک

کیچ – کچھ روز قبل بلوچستان کے ایران سے متصل ضلع کیچ میں بڑی تعداد میں جنگلی حیات کے غیرقانونی شکار کی وڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی، جس میں شکار کرنے والے افراد کو بڑے فخریہ انداز میں مارے جانے والے جانوروں اور پرندوں کا تذکرہ کرتے دیکھا گیا

شکار کیے جانے والے جانوروں میں ہرن،جنگلی خرگوش اور تلور شامل تھے۔ مارے جانے والے تلوروں میں ایک ایسا تلور بھی شامل تھا، جس کی دونوں ٹانگوں پر ٹیگ بھی لگے ہوئے تھے

اب اطلاعات ہیں کہ شکار کی وڈیو وائرل ہونے کے بعد کیچ کی انتظامیہ نے کاروائی کرتے ہوئے شکار کرنے والوں میں سے ایک کو گرفتار کر لیا ہے

اس حوالے سے ضلع گوادر کے سینئر صحافی بہرام بلوچ نے بتایا کہ جس علاقے میں غیرقانونی شکار کیا گیا وہ شادی کور میں پیدراک کا علاقہ ہے

شکار کی جو وڈیو اور تصاویر وائرل ہوئی ہیں ان میں چھ کے قریب لوگ نظر آرہے ہیں، اس میں ایک خیمہ نظر آرہا ہے جس کے قریب شکار کیے جانے والے جانوروں اور پرندوں کو رکھا گیا ہے

بلوچی زبان میں بات کرتے ہوئے لوگ ان جانوروں کو مارنے پر بہت خوش ہیں اور وہ اس کا تذکرہ فخریہ انداز میں کر رہے ہیں

ایک شخص کہہ رہا ہے کہ ’بابا آج 2022 کی پہلی تاریخ ہے۔ یہ تلور ہیں۔ ایک تلور ہم نے کھا لیا ہے ۔چار ہرن ہیں جبکہ خرگوش زیادہ ہیں۔‘

ایک اور شخص نے شکار کیے ہوئے خرگوشوں کو گِن کر بتاتا یے کہ اُن کی تعداد بیس ہے

وڈیو میں ایک شخص کہتا ہے کہ ’کہا جاتا ہے کہ تلور اڑتے ہیں تو ان کو گولی نہیں لگتی ہے۔ دیکھیں یہ پڑے ہوئے ہیں۔‘

دوسرا شخص کہتا ہے کہ ’ان کو ہم نے اڑتے ہوئے مارا ہے۔‘

ایک وڈیو میں ایک تلور کی دونوں ٹانگوں پر ٹیگ لگے نظر آتے ہیں، جن میں سے ایک پر باقاعدہ نمبر بھی لگے ہوئے ہیں

ان میں سے ایک شخص یہ کہتا ہے کہ یہ شاید عربوں کا ہے

دوسری جانب ان وڈیوز اور تصاویر کے وائرل ہونے کے بعد سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر لوگوں نے سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اس سلسلے میں کارروائی کا مطالبہ کیا

بلوچستان کے وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقیات میر ظہور بلیدی نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ جنگلی حیات کی نسل کشی پر تحقیقات اور قانونی کارروائی کی جائے گی

محکمہ جنگلات و جنگلی حیات حکومت بلوچستان کے کنزرویٹر نیازکاکڑ نے اس حوالے سے بتایا کہ وڈیو میں جو ہرن نظر آ رہے ہیں، وہ عام ہرن ہیں جو کہ بلوچستان کے گرم علاقوں میں پائے جاتے ہیں۔ ان علاقوں میں کیچ کے علاوہ سبی، جھل مگسی ، خضدار اور لسبیلہ وغیرہ شامل ہیں

انہوں نے بتایا کہ بعض علاقوں میں ان ہرنوں کی نسل کو بچانے اور ان کی نسل کو بڑھانے کے لیے حکومت نے ایک منصوبہ بھی شروع کر رکھا ہے

ان کا کہنا تھا کہ وڈیوز میں نظر آنے والے خرگوش بھی عام ہرنوں کی طرح جنگلی ہیں، جو بلوچستان کے مختلف علاقوں میں پائے جاتے ہیں

انہوں نے کہا کہ وڈیو میں جو پرندے نظرآتے ہیں وہ تلور ہیں جو کہ ایک نقل مکانی کرنے والا پرندہ ہے۔ تلور روس سے اس موسم میں گرم علاقوں کا رخ کرتا ہے جن میں بلوچستان کے مختلف علاقے بھی شامل ہیں

ان کا کہنا تھا کہ جہاں تک مارے جانے والے اس تلور کی بات ہے جس کے ٹانگوں پر ٹیگ لگے ہوئے ہیں وہ شاید ان تلوروں میں سے ہو جن کی فارمنگ عرب شیوخ نے شروع کی ہے

انھوں نے کہا کہ تلور کی نسل کو بڑھانے کے لیے عربوں نے مراکو میں ایک فارم قائم کیا ہے

محکمہ جنگلات کے کنزرویٹر نے نیاز کاکڑ نے بتایا کہ وڈیو وائرل ہونے کے بعد ڈپٹی کمشنر کیچ نے اس کا نوٹس لیا تھا اور غیرقانونی شکار میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کا حکم دیا تھا

انہوں نے بتایا کہ ان شکاریوں میں سے عاقب نامی شخص کو گرفتار کیا گیا ہے جو کہ اسلحے کا مقامی ڈیلر بتایا جاتا ہے. گرفتار ملزم کی اسلحے کی دکان کو سیل کرنے کے علاوہ اُن کا لائسنس بھی منسوخ کیا گیا ہے

درایں اثنا وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے تربت میں غیر قانونی شکار اور جنگلات کی کٹائی کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر مکران سے رپورٹ طلب کر لی ہے

ایک بیان میں وزیراعلیٰ نے غیر قانونی شکار کی سختی سے روک تھام اور جنگلی حیات کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے غیر قانونی شکار میں ملوث عناصر کے خلاف وائلڈ لائف پروٹیکشن ایکٹ کے تحت کاروائی کی ہدایت کی ہے.

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close