اٹھارہ سالہ تاریخ میں پہلی بار فیسبک صارفین کی تعداد میں کمی

ویب ڈیسک

کیلیفورنیا – سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیسبک کو اٹھارہ سال ہوگئے ہیں اور پہلی بار ہوا ہے، جب روزانہ اس سوشل نیٹ ورک استعمال کرنے والے صارفین کی تعداد میں کمی دیکھی جا رہی ہے

فیسبک کی سرپرست کمپنی میٹا نیٹ ورکس نے بتایا ہے کہ اکتوبر سے دسمبر 2021 کی سہ ماہی میں روزانہ فیسبک استعمال کرنے والے صارفین کی تعداد جولائی سے ستمبر کی سہ ماہی کے مقابلے میں کمی آئی اور وہ ایک ارب ترانوے کروڑ سے کم ہوکر ایک ارب بانوے کروڑ ہوگئی

کمپنی کی جانب سے یہ بھی بتایا گیا کہ آمدنی کی شرح نمو بھی حریف کمپنیوں جیسے ٹک ٹاک اور یوٹیوب سے مسابقت کے نتیجے میں سست ہوسکتی ہے، جبکہ اشتہارات دینے والوں نے بھی اپنے اخراجات میں کٹوتی کی ہے

کمپنی کی جانب سے سہ ماہی رپورٹ میں تاریخ میں پہلی بار صارفین کی تعداد میں کمی کے اعتراف کے نتیجے میں اس کے حصص کی قیمتوں میں بھی بیس فیصد کمی آئی

اتنی بڑی کمپنی کے باعث کمپنی کی مارکیٹ ویلیو سے دو سو ارب ڈالرز کا صفایا ہوگیا

رپورٹ سے عندیہ ملا کہ 2021ع کی آخری سہ ماہی کے دوران فیسبک ایپ کو شمالی امریکا میں روزانہ دس لاکھ صارفین سے محرومی کا سامنا ہوا، یہ وہ خطہ ہے جس سے کمپنی سب سے زیادہ آمدنی اشتہارات کے ذریعے کماتی ہے

شمالی امریکا کا یہ رجحان عالمی سطح پر فیسبک کو روزانہ استعمال کرنے والے افراد کی تعداد میں پہلی بار کمی کا باعث بنا

رپورٹ کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے کمپنی کے بانی مارک زکربرگ نے ٹک ٹاک سے بڑھتی مسابقت کو تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ ہماری سروسز اس وقت شارٹ وڈیوز، جیسے ریلز کی جانب بڑھ رہی ہیں، ریلز اس وقت ہمارا سب سے زیادہ تیزی سے فروغ پانے والا فارمیٹ ہے

انہوں نے مزید کہا کہ فی الحال ریلز سے اسٹوریز یا فیڈز کی طرح آمدنی نہیں ہو رہی

مارک زکربرگ کا کہنا ہے کہ 2021 کی آخری سہ ماہی کے دوران کمپنی کی اولین ترجیحات میں اٹھارہ سے انتیس سال کے افراد کو اپنی جانب راغب کرنا بھی شامل تھا اور فیسبک کو ٹک ٹاک سے بہتر مقابلے کے لیے مختصر وڈیو فارمیٹ کی جانب منتقل کیا گیا

تاہم صارفین کی تعداد میں کمی کے باوجود اس سہ ماہی کے دوران کمپنی نے اشتہارات کے بزنس سے 32.6 ارب ڈالرز کمائے.

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close