پاکستان سے بھارت جانے والی سیما کی شناخت پر بحث۔۔ اہل خانہ اور پڑوسی کیا کہتے ہیں؟

ویب ڈیسک

آن لائن گیم پب جی کھیلتے بھارتی شخص کے ساتھ روابط استوار ہونے کے بعد پاکستان سے بھارت پہنچنے والی خاتون سیما کے کراچی میں گھر کے قریب رہنے والے افراد سیما کے پہنچنے پر حیرانی کا شکار ہیں۔ ان کا کہنا ہے ”کبھی اندازہ ہی نہیں ہوا کہ سیما پاکستان سے بھارت جانے کے تیاری کر رہی ہے، عام گھریلو سی خاتون کا یہ عمل حیران کن ہے“

پاکستان میں موجود سیما کے اہلِ خانہ اور عزیز و اقارب اب سیما سے متعلق بات کرنے سے گریز کر رہے ہیں۔ سیما کی بھارت میں موجودگی کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال میں جہاں سیما اور ان کے بچے پریشانی کا سامنا کر رہے ہیں وہیں پاکستان میں موجود ان کے عزیز و اقارب بھی پریشان ہیں

کراچی ملیر کینٹ میں سیما کی گمشدگی کی پولیس کو دی جانے والی درخواست میں بھی سیما کے شوہر غلام حیدر کے والد نے مقدمہ نہ درج کرنے کی استدعا کی ہے۔ اس حوالے سے کراچی ضلع ملیر پولیس کا کہنا ہے کہ ایک ماہ قبل تھانہ ملیر کینٹ میں امیر جان ولد غلام محمد کی جانب سے ایک درخواست دی گئی تھی

اس درخواست میں بتایا گیا تھا کہ ان کے سعودی عرب میں مقیم بیٹے غلام حیدر کا پاکستان میں موجود اہلیہ اور چار بچوں سے رابطہ نہیں ہو رہا۔ ان کے بارے میں معلومات حاصل کی جائیں کہ وہ کہاں ہیں

امیر جان نے پولیس کو بتایا ”میں صوبہ سندھ کے شہر جیکب آباد کا رہائشی ہوں۔ 10 مئی کو سعودی عرب سے میرے بیٹے نے فون کیا اور کہا کہ میری اہلیہ اور بچوں کے بارے میں پتا لگایا جائے، ان کا کچھ پتہ نہیں چل رہا۔“

انہوں نے مزید بتایا ”بیٹے کے کہنے پر میں جیکب آباد سے کراچی پہنچا اور اپنے بیٹے کے گھر مکان نمبر ڈی 77 بلاک 9 دھنی بخش گوٹھ گلستان جوہر گیا۔ بیٹے کے گھر پہنچ کر مالکِ مکان اور اردگرد رہنے والوں سے معلومات حاصل کیں تو انہوں نے بتایا کہ میری بہو اپنے بچوں کے ساتھ اپنے گاؤں چلے گئی ہیں، جہاں وہ اپنے لیے گھر لے رہی ہیں۔ گاؤں رابطہ کرنے پر معلوم کیا تو اطلاع ملی کہ میری بہو اپنے بچوں کے ساتھ گاؤں نہیں پہنچیں“

پولیس کے مطابق، مدعی کی جانب سے دی گئی درخواست میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ اس معاملے کی ایف آئی آر درج نہ کی جائے، وہ اپنے طریقے سے کوشش کرتے ہیں، اگر کچھ بھی انہیں پتا چلا تو وہ پولیس کو اطلاع دیں گے

اس درخواست کے بعد کسی نے بھی پولیس سے رابطہ نہیں کیا۔ اب میڈیا سے معلوم ہوا ہے کہ کوئی خاتون پاکستان سے بھارت پہنچ گئی ہے۔ اور وہ شاید یہی خاتون ہیں

کراچی ضلع شرقی کے علاقے گلستان جوہر میں واقع سیما کی رہائش گاہ کے اطراف میں رہنے والے افراد اب سیما کے بارے میں بات کرنے سے گریز کررہے ہیں۔ علاقے کے ایک معمر شخص نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا ”میڈیا پر جس لڑکی کے بھارت جانے کی بات کی جا رہی ہے، وہ اسی علاقے میں رہتی تھی۔ ان کے چار بچے تھے اور شوہر روزگار کے سلسلے میں بیرون ملک گئے ہوئے ہیں۔ گوٹھ میں تقریباً تمام افراد متوسط طبقے سے تعلق رکھتے ہیں۔ حیدر کے باہر جانے کے بعد سے ان کے گھر کے حالات کچھ بہتر ہو گئے تھے۔ بچے عام طور یہیں باہر کھیلتے نظر آتے تھے۔“

انہوں نے بتایا ”علاقے میں کبھی اس نوعیت کی کوئی بات سنی ہی نہیں، اس لیے اندازہ بھی ہوا کہ سیما ایک بار پہلے بھی پاکستان سے نیپال جاچکی ہیں۔ عام طور پر لوگ عید تہوار یا بچوں کی اسکول کی چھٹیوں پر گاؤں جایا کرتے ہیں شاید اسی لیے کسی کو اس بارے میں کچھ معلومات نہیں مل سکیں“

علاقے کے رہائشیوں کا مزید کہنا ہے کہ اب میڈیا پر دیکھ رہے ہیں تو معلوم ہو رہا ہے کہ سیما اپنے شوہر کو چھوڑ کر بچوں کے ساتھ بھارت چلی گئی ہیں اور وہیں شادی بھی کرنا چاہ رہی ہیں

دوسری جانب سوشل میڈیا پر اس وقت یہ بحث بھی ہو رہی ہے کہ سیما کے لہجے اور انداز سے وہ پاکستانی نہیں لگتیں۔ اس بارے میں ابھی حتمی بات تو نہیں کہی جا سکتی، البتہ پولیس کو امیر جان کی جانب سے دی گئی درخواست میں سیما نامی خاتون کا جو شناختی کارڈ نمبر فراہم کیا گیا ہے، وہ شناختی کارڈ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ریکارڈ میں موجود ہے

الیکشن کمیشن کے ایک افسر کے مطابق مذکورہ شناختی کارڈ کا ووٹ سندھ کے ضلع خیرپور کی تحصیل کوٹ ڈیجی کے رند گوٹھ سومر خان میں درج ہے ’الیکشن کمیشن کے ریکارڈ کے مطابق یہ شناختی کارڈ سلسلہ نمبر 706 اور گھرانہ نمبر 484 ہے۔‘ تاہم انہوں نے اس خاتون کے حوالے سے کسی بھی قسم کی تفصیل دینے سے گریز کیا

یاد رہے کہ پب جی کے ذریعے بھارتی شخص سے دوستی کر کے پاکستانی لڑکی کے بھارت جانے کا معاملہ کچھ روز قبل سامنے آیا تھا۔ خاتون اپنے بچوں کے ہمراہ بھارت پہنچی تھیں، جسے بھارتی شخص سے شادی کی دستایزات بنوانے کی کوشش میں ایک مخبر کے ذریعے گرفتار کیا گیا تھا

بعد ازاں سیما نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے پاکستان سے بھارت پہنچنے کے معاملے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کی بھارتی شہری سچن سے ملاقات آن لائن گیم پب جی پر ہوئی تھی۔ ”ہماری اچھی دوستی ہو گئی تھی اور موبائل نمبرز کے تبادلے کے بعد ہم دونوں واٹس ایپ پر کافی عرصے سے رابطے میں تھے۔ میری پاکستان میں شادی میری مرضی کے خلاف کی گئی تھی اور اب میں اپنی مرضی سے بھارت آئی ہوں اور یہاں سے واپس نہیں جانا چاہتی“

بھارت پہنچنے کے اپنے سفر کے بارے میں انہوں نے مزید بتایا کہ یوٹیوب کے ذریعے انہوں نے پاکستان سے بھارت جانے کے بارے میں معلومات حاصل کی تھیں اور براستہ دبئی نیپال پہنچی۔ نیپال میں انہوں نے سچن کو بلوایا اور چند روز قیام کے بعد ان کے ہمراہ بھارت کا سفر کیا

ان کا کہنا تھا کہ نیپال اور بھارت کے شہریوں کے ایک دوسرے کے ملک میں آنے جانے میں کوئی خاص سختی نہ ہونے کی وجہ سے انہوں نے اس مقام کا انتخاب کیا تھا۔ وہ بھارت منتقل ہونے سے قبل ایک بار پہلے بھی نیپال جا چکی تھیں

سعودی عرب میں مقیم سیما کے شوہر غلام حیدر نے اپنی اہلیہ اور بچوں کے بھارت جانے کے معاملے پر ایک وڈیو پیغام جاری کیا تھا، جس میں ان کا کہنا تھا ”بھارتی شہری کی جانب سے میری اہلیہ کو بہکایا گیا ہے۔ ہماری شادی پسند کی شادی تھی اور میں اپنی اہلیہ اور بچوں کے ساتھ خوش حال زندگی گزار رہا تھا۔ سعودی عرب آنے کے بعد ہمارے مالی حالات بھی بہتر چل رہے تھے۔ میرا مطالبہ ہے کہ میری اہلیہ اور بچوں کو واپس پاکستان لانے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔“

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close