کاروں اور موٹر سائیکلوں کی قیمتوں میں مزید اضافہ

نیوز ڈیسک

کراچی – کار اور بائیک اسمبلرز نے ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر میں کمی، سمندر کے ذریعے درآمد کیے جانے والے پرزہ جات اور خام مال کے زیادہ اخراجات کا جواز پیش کرتے ہوئے قیمتوں میں اضافے کا اعلان کردیا ہے

گاڑیاں بنانے والی کمپنیوں کی جانب سے قیمتوں میں تازہ ترین اضافے کا فیصلہ وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں دس روپے فی لیٹر کمی کے اعلان کے ایک روز بعد سامنے آیا ہے

لکی موٹر کارپوریشن لمیٹڈ نے (ایل ایم سی ایل) اپنی گاڑیوں کے مختلف ماڈلز پر یکم مارچ سے دو لاکھ بارہ ہزار روپے سے چار لاکھ پچھتر ہزار روپے تک کا اضافہ کردیا ہے

پیکانٹو ایم ٹی ماڈلز چوبیس لاکھ روپے اور پیکانٹو ماڈل اے ٹی پچیس لاکھ روپے میں دستیاب ہیں، اسپورٹیج الفا، ایف ڈبلیو ڈی اور اے ڈبلیو ڈی کی قیمتیں بالترتیب اب پچپن لاکھ اور ساٹھ لاکھ روپے ہیں، اضافے کے بعد اسٹونک ای ایکس اور ای ایکس پلس ماڈلز کی قیمتیں اب اکتالیس لاکھ پچاس ہزار اور چوالیس لاکھ پچاس ہزار ہوگئی ہیں

اپنے ڈیلرز کو جاری کردہ سرکلر میں ایل ایم سی ایل نے کہا ہے کہ پیکانٹو کے لیے کمپنی ان آرڈرز پر قیمت کے فرق کو چارج نہیں کرے گی، جہاں پرویژنل بکنگ آرڈر (پی او بی) پر ڈیلیوری کا وقت جنوری 2022ع تھا اور 10 مارچ تک مکمل ادائیگی (موجودہ ایکس فیکٹری قیمت) ہو چکی ہے، جبکہ وہ پی بی او جہاں ڈیلیوری کا وقت فروری 2022ع یا اس کے بعد کا ہے وہاں نظر ثانی شدہ ایکس فیکٹری قیمت لاگو ہوگی

جاری کردہ سرکلر میں ایل ایم سی ایل کا مزید کہنا تھا کہ اسٹونک اور اسپورٹیج کے لیے کمپنی ان آرڈرز پر قیمت کے فرق کو چارج نہیں کرے گی جہاں پرویژنل بکنگ آرڈر( پی او بی) پر ڈیلیوری کا وقت جنوری 2022ع تھا اور 25 فروری تک مکمل ادائیگی (موجودہ ایکس فیکٹری قیمت) ہو چکی ہے، جبکہ وہ پی بی او جہاں ڈیلیوری کا وقت فروری 2022ع یا اس کے بعد کا ہے وہاں نظر ثانی شدہ ایکس فیکٹری قیمت لاگو ہوگی

ملک کی دوسری سب سے بڑی ٹو وہیلر اسمبلر یونائیٹڈ آٹو انڈسٹریز نے بھی خام مال کی قیمت میں اضافے کا حوالہ دیتے ہوئے یونائیٹڈ 125 سی سی کی قیمت میں دو ہزار روپے کا اضافہ کر دیا ہے ، نئی قیمت کا اطلاق 5 مارچ سے ہوگا

یاماہا موٹر پاکستان لمیٹڈ نے 22 فروری کو پہلے ہی 125 جی وائی بی بی آر (سرخ اور سیاہ) اور 125 جی وائی بی آر (میٹ ڈارک گرے) کی قیمت میں گیارہ ہزار اور بارہ ہزار روپے بڑھا کر قیمت بالترتیب دو لاکھ بتیس ہزار پانچ سو اور دو لاکھ پینتیس ہزار پانچ روپے کردی تھی

چیئرمین ایسوسی ایشن آف پاکستان موٹر سائیکل اسمبلرز محمد صابر شیخ کا کہنا تھا کہ مزید کمپنیاں اس کی پیروی کرتے ہوئے قیمتوں میں اضافہ کریں گی کیونکہ خام مال کی بڑھتی قیمتوں، نقل و حمل کی بڑھتی لاگت اور ڈالر کے مقابلے روپے کی گرتی ہوئی قدر کے باعث پیداواری لاگت پر مسلسل اضافی دباؤ ہے

ہونڈا، سوزوکی اور یاماہا نے رواں مالی سال کے پہلے سات ماہ میں بالترتیب 7 لاکھ 98 ہزار 657، 21 ہزار 240 اور 14 ہزار 38 یونٹس فروخت کیے، جن کی تعداد گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 7 لاکھ 32 ہزار 41، 12 ہزار 682 اور 12 ہزار 654 تھی

چینی بائیک اسمبلرز جیسے روڈ پرنس اور یونائیٹڈ آٹو موٹرسائیکل کی فروخت کی تعداد بالترتیب 20 فیصد اور 27 فیصد کمی کے بعد 63 ہزار 286 اور ایک لاکھ 68 ہزار 546 ہوگئی جو کہ پہلے 89 ہزار 855 اور 2 لاکھ 30 ہزار 370 تھی.

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close