اسلام آباد – وزیراعظم عمران خان نے حال ہی میں ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کی اردو کو نشانہ بناتے ہوئے، ان کے جملے ”کانپیں ٹانگتی ہیں“ کو مذاق کا نشانہ بنایا اور آصف علی زرداری کو بلاول کی اردو ٹھیک کرنے کا مشورہ دیا
لیکن خود عمران خان کی جانب سے کراچی میں جوش خطابت میں بندوق کی ’نشست‘ کا لفظ استعمال کیے جانے کے بعد سے اس حوالے سے بحث مباحثے جاری ہیں کہ آخر بندوق کی ’نشست‘ ہوتی کیا ہے؟
واضح رہے کہ گذشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے کراچی میں تقریر کرتے ہوئے سابق صدر آصف زرداری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا تھا ”آپ بڑی دیر سے میری بندوق کی نشست پر آئے ہوئے ہیں“
سب سے پہلے پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما شازیہ مری نے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے اپنے پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو کی اردو پر تنقید پر جوابی وار کرتے ہوئے سوال کیا کہ ’یہ بندوق کی نشست کیا ہوتا ہے؟‘
شازیہ مری نے نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں کہا: ’بندوق کی نوک تو ہم نے سنا ہے، یہ بندوق کی نشست کیا ہوتا ہے؟‘
اس پر پروگرام کے میزبان حامد میر نے بھی شازیہ مری کی ہاں میں ہاں ملاتے ہوئے کہا کہ ’کہیں وہ بندوق کی نالی کی بات تو نہیں کر رہے تھے؟‘
اس پر پروگرام میں موجود مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثناء اللہ نے وضاحت کی کہ نشست وہ ہوتی ہے ’جس سے نشانہ باندھتے ہیں۔‘
جہاں تک اصل لفظ کی بات ہے تو یہ نشست نہیں بلکہ ’شست‘ ہے۔ یہ فارسی کا لفظ ہے، جس میں ش پر زَبر ہے اور اس کا مطلب تیر اندازوں کے انگوٹھے پر چڑھائے جانے والا چمڑے کا خول ہے
بعد میں یہی لفظ بندوق کی نال پر لگی لوہے کی چھوٹی سی کیل کے لیے استعمال ہونے لگا، جسے دیکھ کر نشانہ لگایا جاتا ہے۔ انگریزی میں اسے sight کہا جاتا ہے
دوسری طرف نشست ایک الگ لفظ ہے، جس کا شست سے کوئی تعلق نہیں۔ نشست کے کئی مطلب ہیں۔ یہ بیٹھنے کی جگہ یعنی seat کو بھی کہتے ہیں۔ اس کے علاوہ لوگوں کے اکٹھا ہونے یا مجلس کو بھی نشست کہا جاتا ہے، مثال کے طور پر ’آج شام شعر و شاعری کی نشست منعقد ہو گی۔‘
اس کے علاوہ بیٹھنے کے طور طریقے کو بھی نشست کہتے ہیں
ایسے میں میمرز کہاں چپ رہنے والے تھے، انہوں نے سوشل میڈیا پر ’بندوق کی نشست‘ کے نام سے ایک ٹرینڈ شروع کر دیا ، جس میں دلچسپ میمز شیئر کی جا رہی ہیں
کئی سوشل میڈیا صارفین نے عمران خان کی تلفظ کی غلطیوں والی وڈیوز بھی اپ لوڈ کر دی ہیں
بعض لوگوں نے حیرت کا اظہار کیا ہے کہ عمران خان کی اردو اتنی اچھی کیسے ہو گئی کہ انہیں یہ مخصوص لفظ معلوم ہے
دراصل عمران خان شکار کے شوقین رہے ہیں ۔ ان کی بندوقوں اور پستولوں کے ساتھ کئی تصویریں بھی موجود ہیں، چنانچہ ان کا بندوق کی شست سے واقف ہونا حیرت کی بات نہیں، البتہ کراچی میں بہادر آباد میں ہونے والی نشست میں ان سے شست کو نشست سے بدلنے کی چوک ہو گئی اور وہ خود میمرز کی بندوق کی شَست پر آ گئے.