اسلام آباد – ناظم جوکھیو قتل کیس کے تمام ملزمان کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کی منظوری دے دی گئی ہے
ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ سے سرکولیشن کے ذریعے سمری کی منظوری لے لی گئی ہے
ذرائع نے بتایا ہے کہ ایم این اے جام عبد الکریم اور رکنِ سندھ اسمبلی جام اویس گہرام کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کی منظوری دی گئی ہے
ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ نے دیگر ملزمان نیاز سالار، حیدر علی، میر علی، محمد معراج اور احمد جمال کے نام بھی ای سی ایل میں شامل کرنے کی منظوری دی ہے
وفاقی کابینہ کے سرکولیشن کے ذریعے ناظم جوکھیو قتل کیس میں ملزمان عطاء محمد اور زاہد کے نام بھی ای سی ایل میں شامل کرنے کی منظوری دی گئی ہے
وزارتِ داخلہ نے سمری وفاقی کابینہ کو بھجوائی
ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ وزارتِ داخلہ نے سمری منظوری کے لیے وفاقی کابینہ کو بھجوائی تھی
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ کابینہ کی ای سی ایل کمیٹی نے ناظم جوکھیو قتل کیس کے ملزمان کے نام ای سی ایل میں شامل کرنے کی سفارش کی تھی
دوسری جانب سندھ ہائی کورٹ نے ایم این اے جام عبدالکریم بجارکی وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد، گورنر سندھ عمران اسماعیل اور دیگر کے خلاف توہین عدالت کی درخواست خارج کردی
سندھ ہائی کورٹ نے پیپلز پارٹی کے ایم این اے جام عبدالکریم بجار کی متفرق درخواست واپس لینے پر خارج کی
جسٹس محمد اقبال کلہوڑو نے کیس کی سماعت کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ اس درخواست میں ہم نوٹس جاری نہیں کریں گے
عدالت نے ریمارکس دیے کہ ہم نے حفاظت ضمانت منظور کی ہے، اگر گرفتاری ہوتی ہے تو توہین عدالت کی درخواست دائر کریں۔ پہلے درخواست گزار کو واپس آنے دیں اگر عدالتی احکامات پر عمل درآمد نہیں ہوتا تو پھر دیکھیں گے
جسٹس محمد اقبال کلہوڑو نے کہا کہ جب کچھ ہوا ہی نہیں تو ہم کیسے توہین عدالت کا نوٹس جاری کردیں؟
راج علی واحد ایڈووکیٹ نے کہا کہ وفاقی حکومت نے جام کریم بجار کا نام پی این آئی ایل میں شامل کردیا ہے۔ اٹھارہویں ترمیم کے بعد یہ صوبائی معاملہ ہے، وفاق مداخلت نہیں کرسکتا
ایم این اے جام کریم کی درخواست کی سماعت کے دوران ایڈووکیٹ جنرل سندھ سلمان طالب الدین بھی پیش ہوئے، لیکن عدالت نے سلمان طالب الدین کے دلائل سننے سے انکار کر دیا
عدالت نے ریمارکس دیے کہ سلمان صاحب اگر کوئی مسئلہ ہے تو نئی درخواست دائر کریں
درخواست گزار نے کہا کہ جام کریم ٹرائل کورٹ میں پیش ہوکر سرنڈر کرنا چاہتے ہیں۔ شیخ رشید نے ضمانت کے باوجود گرفتار کرنے کا اعلان کرکے عدالتی احکامات کا کھلم کھلا مذاق اڑایا
وکیل درخواست گزار نے کہا کہ گورنر سندھ نے جام کریم بجار کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کے لیے وفاقی حکومت کو خط لکھا
راج علی واحد ایڈووکیٹ نے عدالت سے استدعا کی کہ شیخ رشید احمد، عمران اسماعیل کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔ فریقین جام کریم کو تحریک عدم اعتماد میں ووٹ ڈالنے سے روکنا چاہتے ہیں
واضح رہے کہ ناظم جوکھیو کیس میں نامزد پیپلز پارٹی کے ممبر قومی اسمبلی جام کریم کو وطن واپسی پر گرفتار کرنے کے بیان کے خلاف آئینی درخواست دائر کی گئی تھی
سندھ ہائی کورٹ میں جام کریم کے وکیل کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں وزیرداخلہ شیخ رشید، گورنر سندھ عمران اسماعیل ودیگر کے خلاف توہین عدالت کے الزامات عائد کیے گئے ہیں
ناظم جوکھیو قتل کیس میں نامزد ملزم جام کریم کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کے معاملے پر اہم پیشرفت سامنے آئی ہے
ایئرپورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کے ممبر قومی اسمبلی جام کریم اعلان کے باوجود آج دبئی سے وطن واپس نہیں پہنچے، جام کریم کو آج صبح 7 بجے پی کے 612 کے ذریعے اسلام آباد پہنچنا تھا.