نئی حکومت کا پہلا مہینہ، مہنگائی 27 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی

نیوز ڈیسک

گزشتہ دور حکومت میں مہنگائی مکاؤ کے نعرے لگانے والی اپوزیشن، جو اب حکومت میں ہے، اس نئی حکومت کا پہلا مہینہ مہنگائی کے ستائے عوام پر بھاری رہا اور اپریل میں مہنگائی 27 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی

پاکستان ادارہ شماریات کی مہنگائی سے متعلق جاری کی گئی ماہانہ رپورٹ کے مطابق ملک میں مسلسل چھٹے مہینے بھی مہنگائی کی شرح دہرے ہندسے میں رہی، اپریل میں مہنگائی کی شرح بڑھ کر 13.37 فیصد ہوگئی جو جنوری 2020 کے بعد بلند ترین سطح ہے

ادارہ شماریات کے مطابق اپریل میں مہنگائی میں 1.61 فیصد کا اضافہ ہوا، دیہی علاقوں میں مہنگائی 1.63 فیصد اور شہری علاقوں میں مہنگائی 1.6 فیصد بڑھی

مارچ 2022 میں مہنگائی کی شرح 12.7 اوراپریل 2021 میں مہنگائی کی شرح 11.1 فیصد تھی

ادارہ شماریات کے مطابق اپریل میں دیہی علاقوں میں مہنگائی سب سے زیادہ 15.1 اور شہری علاقوں میں 12.2 فیصد رکارڈ کی گئی، جبکہ رواں مالی سال کے پہلے 10 ماہ جولائی تا اپریل کے دوران مہنگائی کی اوسط شرح 11.04 فیصد رہی

ادارہ شماریات کے مطابق اپریل میں سالانہ بنیادوں پر شہری علاقوں میں ٹماٹر 124.68 فیصد، پیاز 61.64 فیصد، خوردنی تیل 60 فیصد، گھی 58.7 فیصد، دال مسور 40.3 فیصد اور پھل 30.64 فیصد مہنگے ہوئے

اسی طرح اپریل میں مارچ کے مقابلے میں شہری علاقوں میں ٹماٹر 51.53 فیصد، پیاز 42.83 فیصد، پھل 21.7 فیصد، سبزیاں 14.4 فیصد، خوردنی تیل 11.35 فیصد اور گھی کی قیمتوں میں 8.26 فیصد کا اضافہ ہوا

واضح رہے کہ اس سے قبل فروری میں مہنگائی 12.96 فیصد شرح کے ساتھ 2 سال کی بلند ترین سطح پر ریکارڈ کی گئی تھی

چند روز قبل وزارت خزانہ کی جانب سے ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی، کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ، بلند مالیاتی خسارہ اور اقتصادی ترقی کے امکانات کو کم کرنے سمیت غیر معینہ دورانیے تک جاری رہنے والے اندرونی اور بیرونی چیلنجز کے امتزاج کے پیش نظر معیشت کے لیے آنے والے دن مشکل ہونے کی پیش گوئی کی گئی تھی

اگرچہ نئی حکومت سیاسی وجوہات کی بنا پر اب تک پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے سے مجبوراً گریز کر رہی ہے لیکن وزیر خزانہ مفتاح اسمٰعیل بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ معاہدے پر بات چیت کے بعد وطن واپس پہنچنے پر پیٹرولیم مصنوعات 21 روپے فی لیٹر مہنگی ہونے کا عندیہ دیتے ہوئے سبسڈی واپس لینے کا اشارہ بھی دے چکے ہیں۔ اگر ایسا ہوتا ہے تو مہنگائی مکاؤ سرکار کی طرف سے مہنگائی بڑھاؤ کا یہ عمل یقیناً مہنگائی کے سمندر میں ڈوبتے عوام پر آخری تنکا ثابت ہوگا.

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close