پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی طرف سے دیا گیا ریلیف پیکج ختم ہوتے ہی ملک بھر کے یوٹیلیٹی اسٹورز پر دالوں، کوکنگ آئل اور چنے کے آٹے سمیت مختلف اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا ہے
یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن (یو ایس سی) کی جانب سے جاری کردہ نئی ریٹ لسٹ کے مطابق دال ماش اور دال مونگ پر دی جانے والی 10 روپے فی کلو رعایت واپس لے لی گئی ہے، جبکہ چنے کی قیمت میں 20 روپے فی کلو اضافہ ہوا ہے
پی ڈی ایم اور پیپلز پارٹی کی مشترکہ حکومت نے سابقہ حکومت کے رلیف پیکیج کے خاتمے کے بعد یوٹیلیٹی اسٹورز دال ماش اور دال مونگ فی کلو 10 روپے اضافہ، یو ایس سی چنے کا آٹا 20 روپے تک اضافہ، یو ایس سی کھجوریں فی 500 گرام (10 روپے تک اضافہ، فریش برو چائے 950 گرام 47 روپے تک اضافہ، ڈالڈا کوکنگ آئل 5 لٹر 100 روپے تک اضافہ، یلو لیبل 380 گرام 19 روپے تک اضافہ کر دیا ہے
واضح رہے کہ عمران خان کی سابقہ حکومت کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے مارچ میں 8 ارب 30 کروڑ روپے کے رمضان ریلیف پیکیج کی منظوری دی تھی، جس کے تحت یوٹیلیٹی اسٹورز کے ذریعے خورد و نوش کی اشیا سبسڈی کے ساتھ فراہم کی جانی تھیں
اس وقت جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 800 روپے، چینی 70 روپے فی کلو، گھی 260 روپے فی کلو اور چنا 170 روپے فی کلو فروخت کیا جانا تھا جبکہ دالیں، کھجور، چاول، بلیک ٹی سمیت دیگر اشیا اور مسالے بھی رعایتی نرخوں پر فروخت کیے جانے تھے
واضح رہے کہ نئی حکومت آنے کے بعد ادارہ شماریات پاکستان کی یکم مئی کو جاری ہونے والی رپورٹ کے مطابق کنزیومر پرائس انڈیکس کے تحت پیمائش کے بعد پاکستان کی افراط زر گزشتہ سال کے اسی مہینے کے مقابلے اپریل میں بڑھ کر 13.37 فیصد کے ساتھ دو سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے
صرف مارچ کے مہینے میں مہنگائی میں سال بہ سال بنیادوں پر 12.7 فیصد اضافہ ہوا جبکہ ماہانہ بنیادوں پر 1.61 فیصد اضافہ ہوا
یہ جنوری 2020 کے بعد کنزیوپر پرائس انڈیکس کے تحت سب سے زیادہ افراط زر ہے جب مذکورہ دورانیے میں یہ شرح 14.6 فیصد تھی
ادارہ شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق شہری اور دیہی علاقوں میں مہنگائی میں بالترتیب 1.6 فیصد اور 1.63 فیصد اضافہ ہوا
ادارہ شماریات کے مطابق شہری علاقوں میں مہنگائی اور اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں سالانہ 15.98 فیصد اور دیہی علاقوں میں 18.23 فیصد اضافہ ہوا
غیر متوقع مدت کے اندرونی اور بیرونی چیلنجز کے امتزاج کی وجہ سے وزارت نے ملک میں آنے والے وقتوں میں مشکل دنوں کی پیش گوئی کی ہے
میاں شہباز شریف کے وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد نئی حکومت اب تک بجلی کی قیمتوں میں تین بار اضافہ کر چکی ہے، جبکہ آٹے کی قیمتیں بھی مسلسل بڑھ رہی ہیں
واضح رہے کہ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے گذشتہ دنوں کہا کہ صرف دو ہفتوں میں اشیاء سستی کر کے مہنگائی ختم کر دی ہے.