لاہور کی خصوصی عدالت کی جانب سے 16 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کرنے کے کیس میں وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کے خلاف فرد جرم عائد ہونے سے محض تین روز قبل وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کے خلاف ٹرائل نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے
اس بات کا انکشاف جمعرات کو لاہور کی احتساب عدالت کے ایک تحریری حکم نامے کے سامنے آنے سے ہوا
عدالت میں جمع کرائی گئی تحریری درخواست کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی طرف سے حال ہی میں مقرر کیے گئے ایف آئی اے کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) نے تفتیشی افسر کے توسط سے اسپیشل پراسیکیوٹر سکندر ذوالقرنین سلیم سے کہا کہ وہ عدالت میں پیش نہ ہوں کیونکہ اس مقدمے کے ملزمان پاکستان کے وزیراعظم اور وزیر اعلیٰ پنجاب ہیں
درخواست میں کہا گیا ہے کہ متعلقہ حلقوں کو ملزمان کے خلاف قانونی چارہ جوئی میں دلچسپی نہیں ہے، اس میں درخواست کی گئی کہ ان ہدایات کو کیس ریکارڈ کا حصہ بنایا جائے
ایف آئی اے نے نومبر 2020 میں وزیر اعظم شہباز شریف اور ان کے بیٹوں حمزہ اور سلیمان کے خلاف انسداد بدعنوانی ایکٹ کی دفعہ 419، 420، 468، 471، 34 اور 109 اور اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ 3/4 کے تحت مقدمہ درج کیا تھا، کیس میں مفرور سلیمان شہباز برطانیہ میں موجود ہے
انسداد بدعنوانی ایکٹ کی دفعہ 5 (2) اور 5 (3) (مجرمانہ بدانتظامی) کے تحت 14 دیگر افراد کو بھی ایف آئی آر میں نامزد کیا گیا تھا
خصوصی عدالت نے 27 جنوری کو اس مقدمے میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی ضمانت قبل از گرفتاری منظور کی تھی
ایف آئی اے کی جانب سے کل درخواست جمع کرانے کے بعد عدالت نے درخواست کو رکارڈ پر لے لیا اور اسے کیس کے ساتھ منسلک کر دیا
دریں اثنا سکندر ذوالقرنین سلیم نے کہا ”استغاثہ کو کیس میں پیش ہونے سے روک دیا گیا ہے کیونکہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز نے اب عوامی عہدہ سنبھال لیا ہے“
انہوں نے مزید کہا کہ ایف آئی اے حکام نے شہباز شریف، حمزہ شہباز اور دیگر کے خلاف ٹرائل میں عدم دلچسپی کا اظہار کیا
واضح رہے کہ یہ اقدام عدالت کی جانب سے وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ پنجاب پر 14 مئی کو فرد جرم عائد ہونے سے محض تین روز قبل سامنے آیا ہے
گزشتہ سماعت کے دوران عدالت نے وزیر اعظم اور دیگر کو ہدایت کی تھی کہ وہ اگلی سماعت پر اپنی حاضری یقینی بنائیں کیونکہ سماعت مزید ملتوی نہیں کی جائے گی
تحریری حکم نامے میں کہا گیا تھا کہ یہ واضح کیا جاتا ہے کہ سماعت کی اگلی تاریخ پر فرد جرم عائد کی جائے گی اور تمام ملزمان اپنی حاضری کو یقینی بنائیں گے
خیال رہے کہ رواں ہفتے کے آغاز میں ایف آئی اے کے سابق ڈائریکٹر محمد رضوان دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے تھے جو شہباز اور ان کے بیٹے کے خلاف الزامات کی تحقیقات کر رہے تھے
منی لانڈرنگ کیس
ملزم شہباز شریف اور ان کے بیٹے حمزہ شہباز کو شوگر اسکینڈل میں منی لانڈرنگ کرنے کے کیس کا سامنا ہے، ایف آئی اے نے نومبر 2020 میں ان کے خلاف پاکستان پینل کوڈ، کرپشن کی روک تھام ایکٹ اور انسداد منی لانڈرنگ ایکٹ کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا تھا
کیس کے مطابق ملزم شہباز شریف نے اپنے بیٹوں حمزہ شہباز اور سلیمان شہباز کو ان کی آمدنی کے نامعلوم ذرائع سے مال جمع کرنے میں مدد دی
ایف آئی اے نے 13 دسمبر 2021 کو شہباز شریف اور حمزہ شہباز اور دیگر ملزمان کے خلاف 16 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کا چالان بینکنگ عدالت میں جمع کروایا تھا اور دنوں کو مرکزی ملزم نامزد کر دیا تھا
ایف آئی اے کی جانب سے جمع کرایے گئے سات والیمز کا چالان چار ہزار سے زائد صفحات پر مشتمل ہے، جس میں ایک سو گواہوں کی لسٹ بھی جمع کرا دی تھی اور کہا تھا کہ ملزمان کے خلاف ایک سو گواہ پیش ہوں گے
چالان میں کہا گیا تھا کہ تحقیقاتی ٹیم نے اٹھائیس بے نامی بینک اکاؤنٹس کا سراغ لگایا جو 2008 سے 2018 تک شہباز شریف فیملی کے چپراسیوں، کلرکوں کے ناموں پر لاہور اور چنیوٹ کے مختلف بینکوں میں بنائے گئے
ایف آئی اے کے مطابق 28 بے نامی اکاؤنٹس میں 16 ارب روپے، 17 ہزار سے زیادہ کریڈٹ ٹرانزیکشنز کی منی ٹریل کا تجزیہ کیا اور ان اکاؤنٹس میں بھاری رقم چھپائی گئی، جو شوگر کے کاروبار سے مکمل طور پر غیر متعلق ہیں اور اس میں وہ رقم شامل ہے جو ذاتی حیثیت میں شہباز شریف کو نذرانہ کی گئی
چالان میں کہا گیا کہ اس سے قبل شہباز شریف (وزیر اعلیٰ پنجاب 1998) 50 لاکھ امریکی ڈالر سے زائد کی منی لانڈرنگ میں براہ راست ملوث تھے، انہوں نے بیرون ملک ترسیلات (جعلی ٹی ٹی) کا انتظام بحرین کی ایک خاتون صادقہ سید کے نام اس وقت کے وفاقی وزیر اسحٰق ڈار کی مدد سے کیا
ایف آئی اے نے کہا تھا کہ ’یہ چالان شہباز شریف، حمزہ شہباز اور سلیمان شہباز کو مرکزی ملزم ٹھہراتا ہے جبکہ چودہ بے نامی کھاتے دار اور چھ سہولت کاروں کو معاونت جرم کی بنیاد پر شریک ملزم ٹھہراتا ہے
چالان میں کہا گیا تھا کہ شہباز شریف اور ان کے بیٹے حمزہ شہباز دونوں ہی 2008 سے 2018 عوامی عہدوں پر براجمان رہے تھے
اب بھاری رقم کی منی لانڈرنگ کرنے کے اس کیس میں مرکزی ملزم شہباز شریف ملک کے وزیر اعظم اور ان ملزم حمزه شہباز پنجاب کے وزیراعلیٰ بن چکے ہیں
تاہم اب شہباز شریف کی جانب سے وزیراعظم بنتے ہی مقرر کیے گئے نئے ڈی جی ایف آئی اے نے تفتیشی افسر کے ذریعے پراسیکیوٹر کو آگاہ کیا ہے کہ عدالت کو بتایا جائے کہ ایف آئی اے اس کیس میں مزید دلچسپی نہیں رکھتی۔ کیونکہ شہباز شریف وزیراعظم اور ان کے بیٹے حمزہ شہباز وزیراعلیٰ بن چکے ہیں، اس لیے متعلقہ حلقے دونوں ملزمان کے خلاف مقدمہ چلانے میں دلچسپی نہیں رکھتے.