صوبہ خیبرپختونخوا کے پہلے ماڈیولر آپریشن تھیٹر کے بارے میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ یہ ٹیکنالوجی اور سہولیات کے لحاظ سے اپنی نوعیت کاپہلا ماڈیولر آپریشن تھیٹر کمپلیکس ہے
اس ماڈیولر آپریشن تھیٹر کا پشاور کے خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں وزیر اعلیٰ محمود خان اور وزیر صحت تیمور جھگڑا نے 11 مئی کو افتتاح کیا
خیبر ٹیچنگ ہسپتال کے سربراہ ڈاکٹر محمود اورنگزیب بتاتے ہیں کہ یہ ایک بہت بڑے اعزاز اور فخر کی بات ہے کہ صوبے کے اندر ایک سرکاری ہسپتال میں اب وہ سہولیات موجود ہیں، جس کے لیے عموماً صاحب استطاعت لوگ دوسرے صوبوں یا بیرون ممالک کا سفر کرتے تھے
انہوں نے کہا ’آغا خان ہسپتال کے بعد ہم دوسرے نمبر پر ہیں، لیکن ان کا ماڈل ہم سے ذرا پرانا ہے۔ یہ ساری مشینری اٹلی سے درآمد ہوئی ہے۔ ایسا خوبصورت اور ایڈوانس تھیٹر کمپلیکس آپ نے شاید ہی کسی اور پبلک سیکٹر ہسپتال میں دیکھا ہو‘
ہسپتال انتظامیہ کے مطابق، گو کہ یہ پاکستان کا دوسرا ماڈیولر آپریشن تھیٹر ہے لیکن ٹیکنالوجی اور سہولیات کے لحاظ سے اپنی نوعیت کاپہلا ماڈیولر آپریشن تھیٹر کمپلیکس ہے
ڈاکٹر محمود اورنگزیب کا کہنا ہے کہ جدید تھیٹرز میں ایسی تدابیر کی گئی ہیں، جو انفیکشن کے خطرات کو کم کرتی ہیں
انہوں نے کہا ’پہلے یہاں کسی بھی تھیٹر میں انفیکشن کے امکانات زیادہ ہوتے تھے، لیکن نئے نظام میں فرش اور دیواروں کو جراثیم سے محفوظ رکھنے والا ’پولی وینائل‘ میٹیرئل استعمال ہوا ہے۔ صاف اور تازہ ہوا کے داخل ہونے اور گندی ہوا کے اخراج کا سسٹم بھی ہے، علاوہ ازیں کیمروں کے ذریعے خلاف ورزی کرنے والوں کی مانیٹرنگ ہوسکے گی‘
دوسری جانب ہسپتال کے میڈیکل ڈائریکٹر محمد سراج کہتے ہیں کہ یہ وہ ٹیکنالوجی پشاور لائی گئی ہے، جو ترقی یافتہ ممالک استعمال کر رہے ہیں
انہوں نے کہا ’اس کمپلیکس کے دو کوریڈور ہیں، ایک سے صاف سامان آئے گا، دوسرے سے گندا سامان جائے گا، دونوں کے درمیان تھیٹرز بنائے گئے ہیں۔ یہ ایک انتہائی مہنگا سسٹم ہے، اسی لیے کسی ہسپتال کے پاس ایک ہی جگہ پر بیس آپریشن تھیٹرز نہیں ہیں‘
ماڈیولر آپریشن تھیٹر کیا ہے؟
پروفیسر ڈاکٹر محمود اورنگزیب کہتے ہیں ماڈیولر آپریشن تھیٹر کے خیال میں وقت کے ساتھ ساتھ ٹیکنالوجی میں جدت آتی رہتی ہے، اور یہی اصول میڈیکل کی دنیا میں آلات و اوزار اور مشینوں پر بھی لاگو ہوتا ہے
’اس پس منظر کے مطابق، ماڈیولر آپریشن تھیٹر جدید ترین جنریشن کے آلات و اوزار اور مشینوں سے لیس بیس ایسے تھیٹر ہیں، جہاں ایک ہی جگہ میں مختلف امراض کا علاج ہوگا
انہوں نے کہا کہ ایک سرکاری ہسپتال میں ایسی سہولیات کا میسر ہونا ملک کے اس طبقے کے لیے ایک بہت بڑا ریلیف اور امید ہے، جو نجی ہسپتالوں میں علاج کی استطاعت نہیں رکھتا.