سویڈن میں ایک سو تین برس کی معمر خاتون نے جہاز سے پیرا شوٹ کے ذریعے چھلانگ لگا کر ایک نیا ریکارڈ قائم کر دیا ہے
فرانسیسی نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق روت لارسن کی عمر 103 برس اور 259 دن ہے
واضح رہے کہ اس سے پہلے یہ ریکارڈ ایک اور عمر رسیدہ خاتون کے پاس تھا، جن کی عمر 103 سال اور 181 روز تھی
اتوار کو چھلانگ لگانے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے روت لارسن نے کہا ’میں اس بارے میں کافی عرصے سے سوچ رہی تھی اور اسے کرنے کا بہت مزہ آیا‘
ان کا کہنا تھا ’یہ سب بالکل ایسے ہی ہوا، جیسا پلان کیا گیا تھا‘
معمر خاتون نے پیرا شوٹ جمپنگ کے ماہر جوکم جوہانسن کے ساتھ اسٹاک ہوم سے دو سو چالیس کلومیٹر کے فاصلے پر موٹالا میں چھلانگ لگائی
دونوں چھلانگ لگانے کے بعد بڑے آرام سے زمین پر اتر گئے۔ لوگوں نے جلدی سے آگے بڑھ کر خاتون کو سنبھلنے میں مدد کی
روت لارسن سے پوچھا گیا کہ انہوں نے جمپ لگاتے ہوئے کیسا محسوس کیا تو ان کا کہنا تھا کہ ’میں آجکل دیکھ نہیں سکتی، لیکن بہت اچھا محسوس کیا‘
انہوں نے کہا کہ ’اوپر سے آہستہ آہستہ نیچے آتے ہوئے بہت اچھا لگا‘
اس موقعے پر گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کے ایک عہدیدار بھی موجود تھے، جنہوں نے اس ریکارڈ کی تصدیق کی اور سرٹیفیکیٹ جاری کیا.